کوڑنگل میں 11 سالہ رضا خان کے اغواء اور قتل میں ملوث اجئے کو سزائے عمر قید، اندرون دیڑھ سال عدالت کا فیصلہ صادر

کوڑنگل میں 11 سالہ رضا خان کے اغواء اور قتل میں ملوث اجئے کو سزائے عمر قید
اندرون دیڑھ سال وقارآباد ضلع پولیس نے سزاء کو یقینی بنایا
ضلع ایس پی کوٹی ریڈی نے تمام پولیس عہدیداروں کو مبارکباد دی

حیدرآباد/وقارآباد : 30۔مارچ
( سحر نیوز ڈاٹ کام)

وقارآبادضلع کے کوڑنگل ٹاون میں 11 سالہ کمسن رضا خان کے اغواء اور قتل میں ملوث نوجوان اجئے کو آج معزز ڈسٹرکٹ پرنسپل اینڈ سیشن جج وقارآباد جناب کے۔سدرشن نے عمر قید کی سزاء کا فیصلہ صادر کیا ہے۔

دفتر ایس پی وقارآبادضلع کی جانب سے آج جاری کردہ پریس نوٹ کےمطابق 29 اکتوبر 2022ء کو فیروز خان،ساکن میٹھی باؤلی،کوڑنگل نےکوڑنگل پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کر وائی تھی کہ ان کے چھوٹے بھائی افروز خان کے 11 سالہ فرزند رضا خان لاپتہ ہیں اور شبہ ہے کہ نامعلوم افراد کی جانب سے اس لڑکے کا اغواء کرلیا گیا ہے۔

اس شکایت کے فوری بعداُس وقت کے سرکل انسپکٹر پولیس کوڑنگل اے۔روی نے ایک کیس درج رجسٹر کر لیا تھا اور اس وقت کے سب انسپکٹر پولیس کوڑنگل بی۔شنکر کی قیادت میں پولیس کی ٹیم مصروف تحقیقات تھی۔تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا تھا کہ اسی علاقہ کا ساکن سپائی اجئے، ولد وینکٹپا نے رضا خان کا اغواء کرتے ہوئے ان کا قتل کرنے کے بعد نعش کو سوٹ کیس میں رکھ کر  درختوں میں پھینک دیا ہے۔اور اسی وقت اغواء اور قتل میں ملوث اجئے کو پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔

اس واقعہ کے وقت ایس پی ضلع وقارآباد نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے کوڑنگل کا دؤرہ کرتے ہوئے مقتول لڑکے کے والدین سے ملاقات کی تھی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تیقن دیا تھا قتل میں ملوث اجئے کو کسی بھی قیمت پر بخشاء نہیں جائے گا اور عدالت کےذریعہ اس کےلیے سخت سزاء کو یقینی بنایاجائے گا۔ضلع ایس پی نے ڈی ایس پی پرگی کرونا ساگر ریڈی اور دیگر پولیس عہدیداروں کی بھرپور قانونی رہنمائی کرتے ہوئے صلاح و مشورے دئیے تھے کہ کمسن رضا خان کے اغواء اورقتل میں ملوث قاتل سزاء سے بچ نہ پائے۔

ضلع ایس پی کے دفتر سے جاری کردہ پریس نوٹ میں بتایا گیاہے کہ تحقیقات کے بعد اس کیس سے متعلق تمام ثبوت و شواہد اور رپورٹ معزز مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیے گئے تھے۔جس کے بعد اس کیس کی سماعت، جرح اور بیانات کے بعد آج معزز ڈسٹرکٹ پرنسپل اینڈ سیشن جج وقارآباد جناب کے۔سدرشن نے کمسن رضا خان کے اغواء اور قتل میں ملوث اجئے کو قصور پایا اور عمر قید کی سزاء کا فیصلہ صادر کیا ہے۔

پریس نوٹ کےمطابق عدالت میں اس کیس کی پیروی پبلک پراسیکیوٹر نارائن گوڑ اور روی کمار نے کی جبکہ اس وقت کے سرکل انسپکٹر کوڑنگل روی کمار، سب انسپکٹر روی، تحقیقاتی آفیسر شنکر، موجودہ سرکل انسپکٹر پولیس کوڑنگل سریدھر ریڈی،سب انسپکٹر پولیس بھرت کمار ریڈی، کورٹ عہدیدار ویرنا، کورٹ ڈیوٹی عہدیداران شیکھر اور سریش گوڑ نے اس کیس کے سلسلہ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

11 سالہ کمسن رضا خان کے اغواء اورقتل میں ملوث اجئے کوعدالت کی جانب سے عمر قید کی سزاء سنائے جانے پر ایس پی وقارآبادضلع نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے اس کیس سے وابستہ تمام عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے کہ انہوں نے قاتل کی سزاء کو یقینی بنایا۔

یاد رہے کہ کمسن 11 سالہ لڑکے رضا خان کے لاپتہ ہونےکے بعد ان کی تصویر اور تفصیلات سوشل میڈیا پربھی وائرل ہوئی تھیں اور ان کے اغواء اور قتل کے اس معاملہ نے اس وقت ساری ریاست میں سنسنی کی لہر دؤڑا دی تھی۔کمسن رضاخان کے اغواء اور قتل کی ہر طرف سے شدید مذمت کی گئی تھی۔وقارآباد ضلع کے علاوہ ریاست کے کئی مقامات پر اس درندگی کے خلاف احتجاج منظم کیے گئے تھے۔

اس وقت انکشاف ہوا تھاکہ اغواء اور قتل سے قبل اجئے نے رضاخان کو چند دنوں تک چاکلیٹ دیتے ہوئے دوستی کرلی تھی اور ایک رات ان کا اغواء کر کے اپنے مکان لے گیا تھا اس کا ارادہ اغواء کےعوض مقتول کے والد افروز خان سے ایک لاکھ روپئے تاوان وصول کرنے کا تھا لیکن رضاخان کی چیخ و پکار پر اس نے لوہے کے راڈ سے حملہ کرتے ہوئے اس معصوم کا قتل کر دیا تھا۔

اس وقت کے امیر جماعت اسلامی ہند تلنگانہ جناب حامد محمد خان، ترجمان ایم بی ٹی امجد اللہ خان خالد، صدر مجلس اتحادالمسلمین کوڑنگل ایس بی گلشن اور دیگر نے مقتول کے مکان پہنچ کر پرسہ دیتےہوئے افسوس کا اظہار کیاتھا اور ضلع ایس پی نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس سے مطالبہ کیا تھا کہ قاتل کی سزاء کو یقینی بنایا جائے۔مجلس اتحادالمسلمین کی جانب سے کوڑنگل میں شدید احتجاج بھی کیا گیا تھا۔

اس کیس سے متعلق تفصیلی رپورٹ اور ویڈیوز اس لنک پر ⬇️

وقارآبادضلع کے کوڑنگل میں کمسن لڑکے کا اغواء اور قتل کرنے والا درندہ صفت گرفتار، دو دن سے لاپتہ معصوم کی نعش گزشتہ رات دستیاب

 

وقارآبادضلع کے کوڑنگل اورمختلف مقامات پر رضاخان کے اغواء اور قتل کے خلاف موم بتی مارچ، سینکڑوں افراد کا شدید احتجاج

یہ بھی پڑھیں "

واٹس ایپ گروپ میں فحش ویڈیوز پوسٹ کرنے والا نقلی آر ایم پی ڈاکٹر گرفتار، سنگین دفعات کے تحت عدالتی تحویل میں : ڈی ایس پی کا بیان

 

تانڈور میں سود کی رقم ادا نہ کرنے پر آٹو ڈرائیور کے ساتھ مار پیٹ کرنے والا فینانسر گرفتار، مختلف دفعات کے تحت عدالتی تحویل میں روانہ

کرناٹک کے واڑی جنکشن کے ” بھائی بھائی گروپ ” کا قابل ستائش اقدام، مسافرین کو سحری کا کھانا ٹرینوں تک پہنچایا جا رہا ہے