تلنگانہ میں اسکولوں کے لیے13روزہ دسہرہ تعطیلات کا اعلان

تلنگانہ میں اسکولوں کے لیے 13 روزہ دسہرہ تعطیلات کا اعلان

حیدرآباد : 20۔ستمبر(سحرنیوز بیورو)

محکمہ تعلیمات تلنگانہ کے تعلیمی کیلنڈر برائے 2026-27 کے مطابق ریاست تلنگانہ میں سرکاری اور خانگی اسکولوں کے لیے جاریہ سال دسہرہ تہوار کی 13 روزہ تعطیلات ہوں گی۔جبکہ جونیئر کالجوں کے لیے یہ تعطیلات 12 دن کی ہوں گی۔

محکمہ تعلیمات کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے بموجب ریاست کے اسکولوں کے لیے 10 اکتوبر  بروز  ہفتہ سے 22 اکتوبر  بروز جمعرات تک تعطیلات رہیں گی، جبکہ 9 اکتوبر اسکولوں میں تعلیم کا آخری دن ہوگا۔ ان دسہرہ تعطیلات کے بعد تمام اسکول 23 اکتوبر بروز  جمعہ سے باقاعدہ کھل جائیں گے۔

ریاست تلنگانہ میں دسہرہ کا تہوار 20 اکتوبر کو منایا جائے گا۔محکمہ تعلیمات نے واضح کیا ہے کہ تمام سرکاری، امداد یافتہ اور خانگی اسکولوں کے لیے لازم ہوگا کہ وہ تعلیمی کیلنڈر کے تحت اعلان کردہ ان تاریخوں پر سختی سے عمل درآمد کریں۔

یاد  رہے کہ جاریہ سال دسہرہ اور  بتکماں تہوار کے ایک ساتھ مل کر آنے سے طلبہ کو 13 روزہ تعطیلات حاصل ہو رہی ہیں۔ ریاست میں بتکماں تہوار 11 اکتو بر سے 19 اکتوبرتک منایا جا رہا ہے جبکہ  دسہرہ تہوار 20 اکتوبر ، بروز منگل کو منایا جائے گا۔

دوسری جانب محکمہ بورڈ  آف انٹرمیڈیٹ کے کیلنڈر کے مطابق ریاست کے تمام سرکاری اورخانگی کالجوں کو 10 اکتوبر، بروز  ہفتہ  تا 21اکتوبر تعطیلات رہیں گی۔ 22 اکتوبر سے دوبارہ کالجس میں تعلیم کا آغاز ہوگا۔ اس طرح ریاست کےجونیئر کالجوں کے طلبہ کے لیے 12 دن کی تعطیلات رہیں گی۔