جینے کے لیے سوچا ہی نہیں، درد سنبھالنے ہوں گے!!
بیٹیوں کے روشن مستقبل کے لیے 47سالہ ماں کا کارنامہ
رمابائی ننگے پاؤں دوڑ کر میراتھن میں تین ہزارروپئے کا انعام جیت گئیں
حیدرآباد: 01۔ستمبر(سحرنیوز بیورو/سوشل میڈیا ڈیسک)
مہاراشٹر کے بیڑ ضلع کی 47 سالہ رما بائی رنویر نے مشکلات کے باوجود ہمت نہیں ہاری اور میراتھن میں اول مقام حاصل کرکے تین ہزار روپئے کا انعام جیت لیا۔
مہاراشٹر کے بیڑ ضلع کے امبا جوگائی کی رہنے والی 47 سالہ رما بائی رنویر نے اپنی بیٹیوں کے بہتر مستقبل کے لیے ایسی مثال قائم کی ہے جو ہر مشکل سے دوچار انسان کو ہمت اور حوصلہ دیتی ہے۔
رمابائی ایک اکیڈمی میں باورچی کی حیثیت سے کام کرتی ہیں۔ شوہر کی ممبئی میں ایک حادثہ میں موت کے بعد ان پر اپنی دونوں بیٹیوں کی پرورش اور تعلیم کی ذمہ داری آگئی۔ مالی مشکلات کے باوجود انہوں نے عزم کیا کہ وہ اپنی بیٹیوں کی تعلیم میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دیں گی۔
اپنی بڑی بیٹی کا داخلہ امبا جوگائی کی ایک اکیڈمی میں کر وانے کے بعد رمابائی نے وہیں باورچی کی ملازمت اختیار کرلی۔ وہ روزانہ اکیڈمی میں کھانا تیار کرکے اپنی بیٹیوں کی تعلیم اور مسابقتی امتحانات کی تیاری میں مدد کرتی ہیں۔
اسی دوران ایک مقامی تنظیم کی جانب سے "امرت دوڑ، میراتھن” کا انعقاد عمل میں لایا گیا، جس میں اول مقام حاصل کرنے والے کے لیے تین ہزار روپئے کا انعام مقرر کیا گیا تھا۔ رمابائی نے بھی اس دوڑ میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا۔
سادہ ساڑھی پہنے رمابائی جب نوجوان لڑکیوں کے درمیان دوڑ میں شامل ہوئیں تو انہوں نے ابتدا میں چپل پہن رکھی تھی، لیکن دوڑ شروع ہوتے ہی چپل بار بار پاؤں سے پھسلنے لگی۔ رمابائی نے چپل اتار کر ہاتھ میں پکڑ لی اور ننگے پاؤں دوڑنا شروع کر دیا۔
راستے میں سرد سڑک اور پتھروں کی پروا کیے بغیر، ایک ہاتھ سے ساڑھی سنبھالتے ہوئے رمابائی نے اپنی رفتار برقرار رکھی اور بالآخر تمام شرکاء کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے پہلے فنش لائن عبور کرلی۔ تماشائیوں نے ان کی ہمت اور عزم کو دیکھ کر تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا۔
اپنی کامیابی کے بعد رمابائی نے کہا کہ دوڑ میں بہت سی خواتین شریک تھیں، لیکن وہ انعام جیتنے کے عزم کے ساتھ دوڑ رہی تھیں۔ دوڑ کے دوران انہیں اپنی بیٹیوں کا مستقبل نظر آ رہا تھا۔
رمابائی نے بتایا کہ وہ انعام میں ملنے والی تین ہزار روپئےکی رقم سے اپنی بیٹیوں کے لیے کتابیں خریدیں گی۔رمابائی کی یہ کامیابی محض ایک میراتھن کی جیت نہیں، بلکہ ایک ماں کی جدوجہد، قربانی اور اپنی اولاد کے روشن مستقبل کے عزم کی جیت ہے۔
اس خاتون نے یہ پیغام دیا ہے کہ مشکلات چاہے کتنی ہی بڑی کیوں نہ ہوں، ہمت اور عزم کے ساتھ ان کا مقابلہ کیا جائے تو کامیابی ضرور قدم چومتی ہے۔رما بائی کی دوڑ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔ہر طرف سے اس خاتون کے جذبہ ، عزم اور حوصلہ کی سراہنا کی جا رہی ہے۔

