وقارآباد ضلع میں سب سے زیادہ زیر زمین آبی سطح میں تشویشناک کمی
بغیر اجازت بورویل کی کھدائی پر مکمل پابندی،کسانوں کو مختلف مشورے
ضلع کلکٹر دیپک تیواری کے سخت احکامات جاری،عوام سے تعاون کی اپیل
حیدرآباد/وقارآبا د: 19؍نومبر(سحرنیوز بیورو)
ضلع کلکٹر وقارآباد دیپک تیواری نے ضلع کے عوام، کسانوں، پانی کے صارفین اور صنعت کاروں کو مطلع کیا ہے کہ موجودہ ایل نینو کے منفی موسمی اثرات اور بارش کی کمی کے باعث ریاست تلنگانہ میں زیر زمین پانی کی سب سے گہری سطح وقارآباد ضلع میں (سطح زمین سے 13.54 میٹر نیچے) ریکارڈ کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبی سطح میں اس شدید گراوٹ کے نتیجے میں گھریلو پانی کے تحفظ اور زرعی استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔تلنگانہ واٹر، لینڈ اینڈ درخت ایکٹ 2002 کے تحت زیر زمین پانی کے بیجا استعمال کو کنٹرول کرنے اور کسانوں کو مالی نقصانات سے بچانے کے لیے آج ضلع کلکٹر وقارآباد نے فوری طور پر سخت احکامات جاری کیے ہیں۔
ضلع کلکٹر کے ان احکامات کے تحت زرعی اور گھریلو ضروریات کے لیے اب نئے بورویل کی کھدائی کی اجازت کے لیے درخواستیں صرف می۔سیواپورٹل کے ذریعہ ہی جمع کرانی ہوں گی، جبکہ آف لائن یا براہ راست دفاتر میں دی جانے والی درخواستیں کسی بھی صورت قبول نہیں کی جائیں گی۔
ضلع کلکٹر دیپک تیواری نے متنبہ کیا کہ می۔ سیوا کے ذریعہ جاری کردہ پیشگی آن لائن اجازت نامہ کے بغیر بورویل کھودنے کو انتہائی سنگین جرم تصور کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے بورویل فوری طور پر ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے اور والٹا ایکٹ کے تحت فوجداری مقدمات درج ہوں گے۔
ضلع کلکٹردیپک تیواری نے بورنگ گاڑیوں کو کنٹرول کرنے اور کسانوں کو مالی بوجھ سے بچانے کے لیے بھی واضح ہدایات دی ہیں۔ محکمہ زیر زمین آب کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور می۔سیوا کے آن لائن اجازت ناموں کے بغیر ضلع میں گھومنے والی بور نگ مشینوں کو فوری طور پر ضبط کر کے مالکان اور اراضی مالکان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں گے۔
ضلع کلکٹر وقارآبادنے واضح کیا کہ غیر سائنسی طریقہ سے بورویل کھودنے کے نتیجے میں پانی نہ نکلنے سے کسان اور صارفین شدید مالی بوجھ اور قرضوں کے جال میں پھنس جاتے ہیں، اس لیے تکنیکی منظوری اور می۔ سیوا اجازت نامہ کے بغیر کوئی بھی کھدائی نہ کی جائے۔
ضلع کلکٹر وقارآباد دیپک تیواری نے ضلع کی تمام صنعتوں کو لازمی طور پر ہدایت دی ہے کہ وہ فضلہ پانی (صنعتوں میں استعمال شدہ) کو صاف کر کے دوبارہ استعمال کے نظام کو اپنائیں اور اپنے احاطوں میں زیر زمین پانی کو ری چارج کرنے کے لیے مصنوعی ڈھانچے (سوکھنے والے گڑھے اور بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے انتظامات) تعمیر کریں۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ ان ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والی صنعتوں پر جرمانے عائد کیے جائیں گے اور انہیں بند کرنے کی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلع کلکٹر نے آئندہ ربیع سیزن کے پیش نظر کسانوں اور شہریوں سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ زیادہ پانی استعمال کرنے والی دھان کی فصل کے لیے زیر زمین پانی وافر مقدار میں دستیاب نہیں ہے، اس لیے کسان فصلوں کی تبدیلی کے طریقہ کار کو اپنائیں۔ دھان کے بجائے کم پانی سے تیار ہونے والے موٹے اناج (جوار، راگی)، دالیں (چنا، تور)، تیل کے بیج (مونگ پھلی، سورج مکھی) یا ڈرپ اور اسپرنکلر آبپاشی کے ذریعہ سبزیاں کاشت کی جائیں۔
ضلع کلکٹر وقارآبا دیپک تیواری نے پانی کے ضائع ہونے کو روکنے پر زور دیتے ہوئے کسانوں سے کہا کہ وہ فصلوں کو کھلا پانی دینے کے بجائے صرف ضرورت کے مطابق آبپاشی کریں۔ اسی طرح شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گھروں میں اوور ہیڈ ٹینکوں سے پانی بہنے نہ دیں، نلوں کی لیکیج کو فوری درست کروائیں اور گاڑیوں یا آنگن کو دھونے کے لئے پینے کے پانی کو ضائع نہ کریں۔
ضلع انتظامیہ نے زیر زمین پانی کے گرتے ہوئے ذخائر کو بچانے کے لیے تمام شہریوں سے مکمل تعاون کی اپیل کی ہے۔ جبکہ مزید تفصیلات اور شکایات کے ازالے کے لیے مقامی تحصیلدار یا ضلع زیر زمین آب عہدیدار وقارآباد سے رجوع کرنے کا مشورہ دیاہے۔
یہ بھی پڑھیں
وقارآباد ضلع پر "ایل نینو” کے اثرات: برسات میں مئی جیسی تپش
25 فیصد کم بارش ریکارڈ، موسمِ سرما میں بھی راحت نہ ملنے کا امکان!
خصوصی رپورٹ اس لنک پر ⬇️

