نوٹس کا جواب داخل کرنا لازمی، اہل ووٹرس کے نام لسٹ سے حذف نہ ہوں
آن لائن دستاویزات جمع کرنے کے سلسلہ میں اہم ہدایات، ریاست میں 60فیصدنوٹس جاری
چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سدرشن ریڈی کا دورہ تانڈور،ایس آئی آر کےکاموں کا جائزہ
حیدرآباد/تانڈور، 25۔ستمبر (یحییٰ خان/ سحرنیوز بیورو)
چیف الیکٹورل آفیسر(سی ای او) تلنگانہ سدرشن ریڈی نے کہا ہے کہ ریاست تلنگانہ ریاست اہل ووٹروں کا حق ِ رائے دہی متاثر نہ ہو اور کسی بھی اہل ووٹر کا نام فہرست رائے دہندگان سے حذف نہ ہونے پائے اس سلسلہ میں خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
ریاستی سی ای او سدرشن ریڈی نے آج جمعہ کے دن وقارآباد ضلع کے حلقہ اسمبلی تانڈور میں جاری ایس آئی آر نوٹسوں کی اجرائی اور دستاویزات وصول کرنے کے عمل کا جائزہ لیا۔
سی ای او نے نے ضلع کلکٹر وقارآباد دیپک تیواری، ایڈیشنل کلکٹر وینکٹاچاری، آر ڈی او تانڈورانیتا اور دیگر عہدیداروں کیساتھ تانڈور ٹاون اور تانڈور منڈل میں زمینی سطح پر ایس آئی آر کے جاریہ عمل کا تفصیلی مشاہدہ کیا۔بالخصوص خاص نو میاپنگ اور اناملیز کے زمروں کا خصوصی طور پر جائزہ لیا ۔

قبل ازیں دفترآر ڈی او میں چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ایس آئی آر کے عمل کو شفاف انداز میں مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ کسی بھی اہل ووٹر کا نام غیر ضروری طور پر فہرست سے حذف نہ ہو۔ ساتھ ہی نااہل افراد، ڈپلیکیٹ اندراجات اور پتہ کی تبدیلی سے متعلق معاملات کا قواعد کے مطابق باریک بینی سے جائزہ لینے کی ہدایت دی۔
انہوں نے گھر گھر تصدیق، دستاویزات کی جانچ، ڈیٹا انٹری اور میاپنگ کے عمل میں کسی بھی قسم کی غلطی کی گنجائش نہ چھوڑنے کے لیے ضروری اقدامات کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت کے مطابق ووٹروں کو نوٹس جاری کیے جائیں اور ان کے اعتراضات اور وضاحتوں کو قواعد کے مطابق زیر غور لایا جائے۔
بعد ازاں سدرشن ریڈی نے تانڈور ٹاون کے قدیم دفتر بلدیہ، ایم پی ٹی فنکشن ہال اور تانڈور منڈل کے گوتاپور موضع میں بوتھ لیول عہدیداروں(بی ایل اوز) کی جانب سے انجام دئیے جا رہے کاموں کا جائزہ لیا۔انہوں نے نوٹسوں کی اجرائی اور دستاویزات وصول کرنے کے عمل کے متعلق معلومات حاصل کیں۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سدرشن ریڈی نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں ایس آئی آر نوٹسوں کی اجرائی کا عمل 60 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی حلقہ تانڈورمیں 95 فیصد نوٹس جاری کیے جاچکے ہیں، جبکہ زائداز 70 فیصد نوٹسوں کے سلسلہ میں متعلقہ دستاویزات بھی وصول کی جا چکی ہیں۔
سی ای او تلنگانہ سدرشن ریڈی نے تانڈور میں ایس آئی آر کے عمل کے موثر انداز میں جاری رہنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ تاہم انہوں نے تاکید کی کہ اہل ووٹروں کے نام حذف نہ ہوں، اس کے لیے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن ووٹروں کو نوٹس موصول ہوئے ہیں وہ لازمی طورپر اپنا جواب داخل کریں۔ انہوں نے بتایا کہ نوٹس کے جواب میں مطلوبہ دستاویزات آن لائن بھی جمع کر وائی جاسکتی ہیں اور کسی بھی قسم کی دشواری پیش آنے کی صورت میں ووٹر بی ایل اوز یا متعلقہ عہدیداروں سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
چیف الیکٹورل آفیسر سدر شن ریڈی نے میڈیا کے سوال پر کہا کہ مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے احکام جاری کئے جانے پر حلقہ اسمبلی خیریت آباد (حیدرآباد) میں ضمنی انتخابات کے انعقاد کے لیے ریاستی الیکشن کمیشن تیار ہے ۔

یاد رہے کہ اس اسمبلی حلقہ سے دانم ناگیندر کو تلنگانہ ہائی کورٹ نے نا اہل قرار دیا ہے اور سپریم کورٹ نے بھی ہائی کورٹ کے اس فیصلہ پر اپنی مہر ثبت کر دی ہے۔دراصل دانم ناگیندر 2023 کے ریاستی انتخابات میں بی آر ایس پارٹی کے ٹکٹ پر مقابلہ کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی خیریت آباد سے کامیابی حاصل کی تھی لیکن 2024 میں منعقدہ لوک سبھا کے الیکشن میں وہ کانگریس کے ٹکٹ پر حلقہ پارلیمان سکندرآباد سے مقابلہ کرتے ہوئے شکست سے دو چار ہوئے تھے جس کے خلاف بی آر ایس پارٹی ہائی کورٹ سے رجوع ہوئی تھی۔
اس موقع پر اس پروگرام میں تحصیلدار تارا سنگھ، ڈی ایس پی نرسنگ یادیا اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔بعدازاں چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے وقارآباد ضلع مستقر میں بھی ایس آئی آر کے جاریہ کاموں کا جائزہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں
…………………..
حسرت جے پوری: جانے کہاں گئے وہ دن سے سن سائبا سن تک
دو فلم فیئر ایوارڈ یافتہ، دو ہزارسے زائدمقبول گیتوں کے خالق

