تانڈور میں سود کی رقم ادا نہ کرنے پر آٹو ڈرائیور کے ساتھ مار پیٹ کرنے والا فینانسر گرفتار، مختلف دفعات کے تحت عدالتی تحویل میں روانہ

تانڈور میں سود کی رقم ادا نہ کرنے پر آٹو ڈرائیور کے ساتھ مار پیٹ کرنے والا فینانسر گرفتار
مختلف دفعات کے تحت عدالتی تحویل میں روانہ، سرکل انسپکٹر پولیس سنتوش کمار کا بیان
مار پیٹ کا ویڈیو خود فینانسر نے اپنے بیٹے سے بنوایا تھا اور خود ہی سوشل میڈیا پر وائرل کردیا

وقارآباد/تانڈور: 29۔مارچ
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

وقارآباد ضلع کے تانڈور ٹاؤن کا ایک ویڈیو جاریہ ہفتہ میڈیا/سوشل میڈیا/واٹس ایپ پر تیزی کے ساتھ وائرل ہوا تھا۔جس میں دیکھا گیا تھا کہ ایک شخص مختلف انداز میں ایک نوجوان کومختلف انداز میں مکے،گھونسے،لات اور لکڑی سے مار رہا ہے۔اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ہر طرف سے اس کی حرکت کی شدید مذمت کی گئی تھی۔

اس وقت بتایا گیا تھا کہ تانڈور۔حیدرآباد روڈ پر موجود راجیو گروہا کالونی کے ساکن آٹو ڈرائیور بالیا نے تانڈورکے ہی گاندھی نگر علاقہ کے ساکن میادری روی کے پاس سے تین ماہ قبل 5,000 روپئے سود پر حاصل کیے تھے اور ماہانہ اس رقم کا سود 500 روپئے ادا کرنا تھا تاہم کسی وجہ سے بالیا تین ماہ سے سود کی رقم ادا نہیں کر پایاتو روی نے اس کو اپنے مکان طلب کرکے اس طرح مارپیٹ کی تھی۔

اس سلسلہ میں سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (اربن) سنتوش کمار نے جاری کردہ اپنے پریس نوٹ میں بتایاہےکہ 22 مارچ کو راجیو گروہا کالونی کے ساکن آٹو ڈرائیور جی۔ بالیا( 33 سالہ ) ولد چنیا نے تانڈور پولیس میں شکاییت درج کروائی تھی کہ اس نے تین ماہ قبل میادری روی کے والد اننتیا ، ساکن گاندھی نگر تانڈور سے 5,000 روپئے کی رقم ماہانہ 500 روپئے سود پر حاصل کی تھی اور آٹو درائیور بالیانے دو ماہ کی سود کی رقم بھی باقاعدہ ادا کی تھی تاہم رقم نہ ہونے کے باعث وہ ایک ماہ کی سود کی رقم ادا نہیں کر پایا تھا۔

سرکل انسپکٹر پولیس سنتوش کمارکے مطابق 25 فروری کی صبح 10 بجے بالیا جب تانڈور کی اندرا نگر کالونی سے گزر رہا تھا تو سود پر رقم دینے والا میادری روی اس کو زبردستی اپنے مکان لے گیا اور مکان کا گیٹ بند کرکے اس کو قید کر کےاس کے ساتھ گالی گلوچ کی اور ساتھ ہی بالیا کےساتھ ہاتھوں، لاتوں اور لکڑی سے شدید مارپیٹ کی۔بالیا نے پولیس میں درج کروائی گئی اپنی شکایت میں بتایا کہ میادری روی نے اس مار پیٹ کا ایک ویڈیو اپنے بیٹے سے شوٹ کر وایا اور اب اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر وائرل کرتے ہوئے اس کی اہانت کر رہا ہے۔

سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (اربن) سنتوش کمار نے بتایا کہ آٹو ڈرائیور بالیا کی شکایت پر پولیس نے فینانسر میادری روی کے خلاف تانڈور پولیس اسٹیشن میں کرائم نمبر 91/2024 انڈین پینل کوڈ کی دفعات 342,324,323,504 اور 506 کےتحت کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا تھا۔

سرکل انسپکٹر پولیس کے مطابق اس سلسلہ میں 22 مارچ کو پولیس نے فینانسر میادری روی کو نوٹس جاری کی کہ وہ اس واقعہ کی تحقیقات کے سلسلہ میں پولیس اسٹیشن میں حاضر ہو۔ تاہم 28 مارچ تک میادری روی پولیس کے سامنے پیش نہیں ہوا۔سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور سنتوش کمار نے بتایا کہ میادری روی کو 28 مارچ کو پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں روانہ کردیاہے۔سرکل انسپکٹر پولیس نے انتباہ دیا ہے کہ اگر کوئی ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہو اور پھر ایسے ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کرے تو اس کےخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب زیادہ تر چھوٹے بیوپاریوں اور آٹو ڈرائیورس کی جانب سے ایسا مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ انہیں خانگی سود خوروں کی دھمکیوں اور ہراسانیوں سے بچایا جائے جو اونچے سود پر معمولی رقم دینے کے بعد مختلف طریقوں سے انہیں ہراساں اور پریشان کرتے رہتے ہیں۔اگر کسی کو بھی ایسے غیرقانونی سود خور ہراساں یا پریشان کررہےہوں تو وہ سیدھے پولیس میں شکایت درج کرواسکتے ہیں۔کیونکہ سودی کاروبار کےلیے باقاعدہ لائسنس لازمی ہوتا ہے اور ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے طئے کردہ شرح سود کے تحت ہی سود لینا لازمی ہوتا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیں "

تانڈور میں سود کی رقم 1,500 روپئے ادا نہ کرنے پر آٹو ڈرائیور کی پٹائی، فینانسر گرفتار، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل

 

کرناٹک کے واڑی جنکشن کے ” بھائی بھائی گروپ ” کا قابل ستائش اقدام، مسافرین کو سحری کا کھانا ٹرینوں تک پہنچایا جا رہا ہے