کرناٹک کے واڑی جنکشن کے ” بھائی بھائی گروپ ” کا قابل ستائش اقدام، مسافرین کو سحری کا کھانا ٹرینوں تک پہنچایا جا رہا ہے

کرناٹک کے واڑی جنکشن کے ” بھائی بھائی گروپ ” کا قابل ستائش اقدام
مسافرین کو سحری کا کھانا ٹرینوں تک پہنچایا جا رہا ہے، غیر مسلم نوجوان بھی شامل
دوران سفر واٹس ایپ پر یا فون کال کے ذریعہ اپنی ٹرین اور نشست کا نمبر دے سکتے ہیں

حیدرآباد : 27۔مارچ
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

بالخصوص ماہ ِ مقدس رمضان میں رفاہی اور امدادی کام بڑے پیمانے پر انجام دئیے جاتے ہیں۔یہ ماہ مقدس زیادہ سے زیادہ نیکیاں سمیٹنے والا مہینہ ہوتاہے۔حیدرآباد۔ممبئی اور رائچور شولاپور۔ممبئی ریلوے لائن پر موجود ریاست کرناٹک کےضلع گلبرگہ کا واڑی جنکشن ساؤتھ سنٹرل ریلوے کا ایک اہم اور بڑا ریلوے جنکشن ہے،جہاں سے ملک کی کئی ریاستوں تک جانے اور وہاں سے آنےوالی طویل فاصلے کی تمام بڑی اور چھوٹی ٹرینوں کا توقف ہوتا ہے۔

ایسے روزہ دار جو دور دراز مقامات کو روانہ ہونے کے لیے ٹرینوں کے ذریعہ رات کا سفر کرتے ہیں انہیں سحر کے وقت ٹرینوں اور ریلوے پلیٹ فارمس پر مناسب کھانا دستیاب نہیں ہوتا۔جبکہ اگر مکان سے سحر کی غذاء لےکر سفر پر روانہ ہوں اور سفر طویل ہو تو اس کھانے کے خراب ہوجانے کا خدشہ رہتا ہے دؤران سفر زیادہ تر مسلم مسافر بحالت مجبوری بسکٹ اور دیگر ہلکی اشیاء کا استعمال کر لیتے ہیں اور روزہ رکھ لیتے ہیں۔

ایسے میں واڑی جنکشن ریلوے اسٹیشن پر "بھائی بھائی گروپ”کے ذمہ داران،اس سے وابستہ نوجوان،جن میں چند غیر مسلم نوجوان بھی شامل ہیں 2018ء سے ماہِ رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی واڑی جنکشن ریلوے اسٹیشن پرمختلف ٹرینوں سے دور دراز کا سفر کر رہے مسلم مسافرین تک مفت سحر کا کھانا اور جو عام مسافر کھانے کی تلاش میں ہوتے ہیں ان تک کھانا پہنچانے کا نظم کرتے ہوئے روزہ داروں کی خدمت میں مصروف ہیں۔

حیدرآباد سے واڑی جنکشن ریلوے اسٹیشن کا فاصلہ 200 کلومیٹر اور وقارآباد جنکشن سے 120 کلومیٹر ہے۔ جبکہ واڑی جنکشن سے گلبر گہ کا فاصلہ 40 کلومیٹر ہوتا ہے۔

اس سلسلہ میں "بھائی۔بھائی گروپ”کے ایک رکن سلمان پٹیل نے آج سحر نیوز ڈاٹ کام کے نمائندے سے فون پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی ٹیم نے اس کام کا آغاز 6 سال قبل 2018ء میں کیا تھا اس کے بعدسے لگاتار اس کام کو مزید بہتر طریقہ سے انجام دیا جا رہا ہے۔

سلمان پٹیل نے بتایا کہ نوجوان نماز تراویح ادا کرکے رات 10 بجے باقاعدہ بھائی بھائی گروپ کی ٹی۔شرٹس پہن کر ریلوے اسٹیشن پہنچ جاتے ہیں۔ان کا کام روزآنہ رات اس وقت شروع ہو جاتا ہے جب شولا پور سے بنگلورو جانے والی بسوا ایکسپریس واڑی جنکشن پہنچتی ہے۔ بھائی بھائی گروپ کے ذمہ داران محمد عرفان اورشمشیر احمد ہیں جوکہ کرناٹک ٹرانسپورٹ واڑی کےمالک ہیں کی نگرانی میں یہ کام انجام دیا جارہا ہے۔

بعدازاں تمل ناڈوکے ناگر سول سے کرلا ممبئی تک 1554 کلومیٹر کا فاصلہ طئے کرنے والی ناگرسول ایکسپریس ٹرین رات 15-11 بجے واڑی جنکشن ریلوے اسٹیشن پہنچتی ہے تو یہ بھائی بھائی گروپ کے نوجوان ہر ایک بوگی تک پہنچ کر ٹرین میں سوار بالخصوص مسلم مسافرین تک یا اسٹیشن پر کھانا تلاش کرنے والے دیگر مسافرین تک پہنچ جاتے ہیں اور انہیں عصری طریقہ سے پیاک کیا گیا کھانا حوالے کردیتے ہیں تاکہ ان مسافرین کو سحر کے وقت باآسانی کھانا دستیاب ہوجائے اور پلیٹ فارم پر انہیں غذائی اشیاء تلاش کرنے کی تکلیف نہ ہو۔

سلمان پٹیل نے بتایاکہ واڑی جنکشن ریلوے اسٹیشن پر رات 10 بجے سےصبح 5 بجے تک دہلی،تلنگانہ، آندھرا پردیش،ممبئی، بنگلورو،کیرالا، حیدرآباد ،تمل ناڈو، گجرات، اڑیسہ، بہار اور اتر پردیش کے بشمول دیگر دور دراز مقامات سے آنے اور ان مقامات تک جانے والی 18 ٹرینوں کا واڑی جنکشن پر توقف ہوتا ہے۔ اس دؤران بھائی۔بھائی گروپ کے 40 نوجوانوں کی ٹیم کھانے کے پیاکٹس لے کر ریلوے اسٹیشن پر تیار رہتی ہے اور ہر ٹرین کی ہر بوگی تک پہنچ کر بالخصوص مسلم مسافرین اور ساتھ ہی دیگرمسافرین جو کھانے کی پیاکٹ طلب کرتےہیں ان تک یہ کھانے کے پیاکٹس پہنچا دیتے ہیں وہیں جن مسافر ین کو پینے کے پانی کی ضرورت ہوتی ہے انہیں پانی بھی فراہم کر دیا جاتا ہے۔

سلمان پٹیل نے بتایاکہ اس کام کے لیے روزآنہ شام سے سے ہی کرناٹک ٹرانسپورٹ یونین آفس میں پکوان کیا جاتا ہے اور انتہائی پاک صاف طریقہ سے کھانے کے پیاکٹس تیار کیے جاتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سحر کے لیے مسلم مسافرین تک پہنچانے کے لیے روزآنہ مختلف قسم کے لذیذ اور معیاری پکوان تیار کیے جاتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سحر کےلیے پکوان کی تیاری، پیاکٹس بنانے اور ریلوے اسٹیشن پر مسافرین میں تقسیم کے کاموں میں آکاش، راجو، گیرپا ناٹیکر اور دیگر غیر مسلم نوجوان بھی ان کے ساتھ ہوتے ہیں جو کہ فرقہ پرستی کے اس زہریلے ماحول میں ایک خوش کن اور قابل داد مثال ہے۔

دراصل ماہ رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی واڑی جنکشن کے اس بھائی بھائی گروپ کا ایک ویڈیوفون نمبرات کے ساتھ سوشل میڈیا بالخصوص فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ پر وائرل ہے۔جس میں براہ واڑی جنکشن گزرنے والی تمام ٹرینوں کے مسافرین کو اطلاع دی گئی ہے کہ سحر کے وقت واڑی جنکشن پر غذا ٹرینوں تک پہنچائی جائے گی جو کوئی مسلم مسافرین سفر میں ہوں اور انہیں سحر کے لیے کھانے کی ضرورت ہو تو ان فون نمبرات پر اپنی منزل سے روانہ ہوتےوقت اطلاع دیں اور ساتھ ہی اپنی ٹرین کا نام،بوگی اور سیٹ کا نمبر بتادیں تو انہیں واڑی جنکشن پر ان کی ٹرین کی سیٹ تک کھانا پہنچا دیا جائے گا۔

سلمان پٹیل نے بتایاکہ اس پیغام کے وائرل ہونےکے بعدملک کےمختلف مقامات سےمسلم مسافرین کی کثیر تعداد انہیں فون کےذریعہ تفصیلات مہیا کرواتے ہوئے واڑی جنکشن ریلوے اسٹیشن پرسحر کے لیے کھانا حاصل کرتے ہیں۔واڑی کے ان بے لوث نوجوانوں اور ذمہ داروں کی یہ خدمات یقیناً لائق ستائش ہیں جو کہ مفت یہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔

حیدرآباد سے یا ملک کے دیگر مقامات سے براہ واڑی جنکشن سفر کرنےوالے مسافرین دؤران سفر واڑی جنکشن ریلوے اسٹیشن پر سحرکے لیے تازہ اور سلور پیاک میں پیاک کیا ہوا گرم کھانا بلا معاوضہ حاصل کرسکتے ہیں۔اس کے لیے
⬅️ شمشیر احمد 9742533763
⬅️ محمد عرفان 9900162424
⬅️ سلمان پٹیل 7975696335
⬅️ سہیل احمد 9164926472
⬅️ محمد عابد 8123934514
⬅️ محمد بابا 9845957773
کو اپنی سہولت سے فون کرکے اطلاع دے سکتے ہیں۔سلمان پٹیل نے بتایا کہ ” بھائی۔بھائی گروپ ” واڑی میں بلاء لحاظ مذہب دیگر سماجی و فلاحی خدمات انجام دیتاہے اور پریشان حال لوگوں کی مدد بھی کرتاہے۔کورونا وباکے دؤران بھی بھائی بھائی گروپ نے واڑی میں مستحق اور غریب افراد کے لیے کھانے کے پیاکٹس کی فراہمی کے علاوہ کئی ایک خدمات انجام دی تھیں۔

واڑی کا یہ ” بھائی بھائی گروپ ” سال بھر کسی نہ کسی رفاہی کام میں مصروف رہتا ہے۔جوکہ دیگر مقامات کے مسلمانوں کے لیے ایک پیغام ہےکہ بلاء لحاظ مذہب انسانیت کی خدمت کی جائے۔وہیں مختلف طریقوں سےانسانیت کی خدمت کرنے کی اسلام نےتاکید بھی کی ہے۔موجودہ حالات میں ایسی خدمات کے ذریعہ ہی نفرت کے اس ماحول کو کچھ کم کیا جاسکتا ہے۔!!

 

یہ بھی پڑھیں ” 

امریکہ : بالٹی مور بریج کا ایک بڑا حصہ کنٹینر جہاز کے ٹکرانے کے باعث گر گیا، بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا خدشہ !، کئی کاریں سمندر میں گر گئیں

اتر پردیش کے بجنور میں ہولی کا جشن، مسلم خاندان کے ساتھ نوجوانوں کی شرمناک حرکت، ایف آئی آر درج، چار گرفتار

دبئی کے حکمراں کے نام سے انعامی مقابلہ کی لنک وائرل، واٹس ایپ پر ہیکرز کا نیا جال، لنک کو کلک اور فارورڈ نہ کریں

ملک میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوچکا ہے، اپنے ساتھ 50 ہزار روپئے سے زائد رقم اور زیورات نہ لے جائیں