وقارآباد ضلع میں مویشیوں کی غیر قانونی حمل و نقل کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات
بقر عید کے پیش نظر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کیساتھ ضلع کلکٹر اور ضلع ایس پی کا اجلاس
حیدرآباد/وقارآباد: 13۔مئی (ایس این بی)
دیپک تیواری کلکٹروقارآباد ضلع اور ضلع ایس پی محترمہ سنیہا مہرہ آئی پی ایس نے ضلعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ ضلع میں مویشیوں کی غیر قانونی حمل ونقل کو روکنے کے لیے سخت نگرانی جاری رکھی جائے۔
آج 13 مئی کوضلع کلکٹر کی زیر صدارت دفتر کلکٹریٹ وقارآباد کے ویڈیو کانفرنس ہال میں بقرعید کے پیش نظر جانوروں کی بہبود اور گاؤ کشی پر پابندی سے متعلق ضلعی سطح کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا۔اس اجلاس میں مویشیوں کی غیر قانونی منتقلی کی روک تھام اور جانوروں کی بہبود سے متعلق قوانین کے نفاذ پر مختلف محکموں کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا گیا۔
ضلع کلکٹر دیپک تیواری نے اس اجلاس میں ہدایت دی کہ بقرعید کے موقع پر کسی بھی قسم کی ناخوشگوار صورتحال پیدا نہ ہو اس کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ جانوروں کی بہبود کے لیے بنائے گئے قوانین کی خلاف ورزی ہرگز نہ ہونے دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ گاؤ کشی پر پابندی کے قوانین کے تحت گائے کے ذبح پر مکمل پابندی عائدہے، انہوں نے ہدایت دی کہ اس سے متعلق عوام میں وسیع پیمانے پر بیداری پیدا کی جائے اور کہیں بھی گائے ذبح نہ ہونے دینے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
ضلع کلکٹر دیپک تیواری نے ہدایت دی کہ سڑکوں یا عوامی مقامات پر جانوروں کو ذبح نہ کیا جائے اور جانوروں کی منتقلی یا ذبح سے قبل ویٹرنری ڈاکٹر سے تصدیق نامہ حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ضلع کلکٹر نے محکمہ حیوانات کو ہدایت دی کہ بقرعید کے دوران تمام مقامات پر ویٹرنری ڈاکٹروں کی مناسب تعداد دستیاب رکھی جائے۔
اس موقع پر ضلع ایس پی محترمہ سنیہا مہرہ نے بتایا کہ مویشیوں کی غیر قانونی نقل و حمل کو روکنے کے لیے وقارآبادضلع کے مختلف مقامات پر چیک پوسٹس قائم کیے گئے ہیں۔انہوں نے ریونیو، پولیس اور ٹرانسپورٹ محکموں کے عہدیداروں کو مسلسل نگرانی برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔ ضلع ایس پی نےکہا کہ اگر کوئی شخص قوانین کے خلاف مویشیوں کی منتقلی کرتا ہوا پایا جائے تو فوری طور پر جانوروں کو ضبط کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
ضلع ایس پی نے عہدیداروں کو یہ ہدایت بھی دی کہ مویشیوں کی غیر قانونی منتقلی سے متعلق شکایات موصول ہوتے ہی فوری کارروائی کریں اور زمینی سطح پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے صبر و تحمل کے ساتھ ضروری اقدامات کریں اور ضبط کیے گئے مویشیوں کے لیے مناسب شیلٹرس، چارہ اور پانی کی سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔

اس اجلاس میں بلدی اور پنچایت راج محکموں کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ جانوروں کے فضلے کو ادھر اُدھر نہ پھینکا جائے بلکہ منصوبہ بندی کیساتھ آبادی سے دور منتقل کیا جائے۔حساس اور مسائل والے علاقوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے بقرعید کے تہوار کو پُرامن ماحول میں منعقد کرنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔اس اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر اوما شنکر پرساد، محکمہ حیوانات کے عہدیدارسدانندم، وقارآباد ، تانڈور، پرگی اور کوڑنگل کے کمشنران بلدیہ ، ڈی ایس پیز اور مختلف محکمہ جات کے عہدیدارشریک تھے۔
دوسری جانب ضلع ایس پی محترمہ سنیہا مہرہ آئی پی ایس نے آج ہی تانڈور کے قریب موضع انتارام میں اور دھارور میں قائم چیک پوسٹس کا اچانک دورہ کرتے ہوئے اسٹاف کو مختلف ہدایات دیں اور عوام سے بھی کہا کہ اگر غیر قانونی طریقہ سے مویشیوں کی منتقلی کی جارہی ہو تو 100 نمبر پر اطلاع دیں اور ساتھ ہی متنبہ کیا کہ اس معاملہ میں کوئی بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں۔

اس موقع پر سرکل انسپکٹر تانڈور پرمیشور گوڑ، سب انسپکٹر دھارور رگھو، سب انسپکٹر راگھویندرااور دیگر موجود تھے۔

