ممتا بنرجی کا انڈیا اتحاد اور کانگریس کو جھٹکا، 42 امیدواروں کی فہرست جاری، سابق کرکٹر یوسف پٹھان ادھیر رنجن چودھری کے خلاف مقابلہ کریں گے

ممتا بنرجی کا انڈیا اتحاد اور کانگریس کو جھٹکا، 42 امیدواروں کی فہرست جاری
سابق کرکٹر یوسف پٹھان کانگریس کے ادھیر رنجن چودھری کے خلاف مقابلہ کریں گے

کولکتہ : 10۔مارچ
(سحر نیوز ڈاٹ کام/ایجنسیز)

جوں جوں لوک سبھا کے انتخابات قریب آتے جا رہے ہیں اور دو چند دنوں میں انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کا امکان ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بی جے پی کے خلاف بنایا گیا انڈیا I.N.D.I.A# اتحاد کا شیرازہ بکھرتا جارہا ہے۔ریاستوں کی پارلیمانی نشستوں کی تقسیم کے معاملہ میں انڈیا اتحاد متحد ہونے سے قاصر نظر آتا ہے؟

چیف منسٹر مغربی بنگال و ترنمول کانگریس پارٹی TMC# سپریمو ممتا بنرجی نےچند دن قبل ہی اعلان کیاتھا کہ وہ انڈیا اتحاد میں شامل نہیں ہونگی بلکہ مغربی بنگال میں بناء کسی اتحاد تنہا مقابلہ کو ترجیح دیں گی۔ ایسے میں آج اتوار کو کانگریس پارٹی اورانڈیا اتحاد کو جھٹکا دیتے ہوئے ممتا بنرجی نے لوک سبھا انتخابات کےلیے اپنے مکمل 42 امیدواروں کے ناموں پرمشتمل فہرست جاری کردی ہے۔جس سےواضح ہوگیاکہ ترنمول کانگریس اب انڈیا اتحاد کا حصہ نہیں رہے گی۔!

یہاں ممتا بنرجی نےسب سے زیادہ کانگریس کو زور دار جھٹکا دیتے ہوئے لوک سبھا میں پارٹی کے اپوزیشن لیڈر ادھیر رنجن چودھری کے خلاف حلقہ لوک بہرام پورہ سے سابق انڈین کرکٹر یوسف پٹھان کو اپنے امیدوار کےطور پر اعلان کیا ہے۔کانگریس کے ادھیر رنجن چودھری حلقہ لوک سبھا بہرام پورسے پانچ مرتبہ منتخب ہوچکے ہیں۔امکان جتایاجارہاہےکہ انتخابات میں سابق کرکٹر یوسف پٹھان اور کانگریس قائد ادھیر رنجن چودھری کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا۔

چند دن قبل ایسی اطلاعات زیرگشت تھیں کہ انڈیا اتحاد اور ترنمول کانگریس کےدرمیان نشستوں کی تقسیم کےمسئلہ پر گفت و شنید جاری ہے۔ اور اس پر کانگریس کے موقف پر ممتا بنرجی ناراض ہیں۔لیکن آج ترنمول کانگریس کی جانب سے اپنے 42 امیدواروں کی فہرست جاری کردئیے جانے کےبعد مفاہمت کے امکانات موہوم ہوگئےہ یں۔!!! ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ نشستوں کی تقسیم کے معاملہ میں کانگریس قائد ادھیر رنجن چودھری کی مداخلت کے باعث یہ مفاہمت نہیں ہوپائی۔! کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری کو ترنمول کانگریس کا سخت مخالف مانا جاتا ہے۔

اب ادھیر رنجن چودھری کےخلاف سابق انڈین کرکٹر یوسف پٹھان کو میدان میں اتارے جانے کے بعد کہا جارہا ہے کہ ترنمول کانگریس سربراہ و چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے ادھیر رنجن چودھری کو سبق سکھانے کی ٹھان لی ہے۔

آج ترنمول کانگریس پارٹی کی جانب سے جن 42 امیدواروں کی فہرست جاری کی گئی ہےان میں موجودہ ارکان پارلیمان اور دو بڑے نام نصرت جہاں اور میمی چکرورتی کے نام غائب ہیں۔نصرت جہاں نے 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں حلقہ پارلیمان بصیر ہاٹ اور میمی چکرورتی نے جادؤ پور سے کامیابی حاصل کی تھی۔اب 2024 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے لیے ترنمول کانگریس نے ان دونوں حلقوں سے نور الاسلام اور سایونی گھوش کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔

ترنمول کانگریس کی جانب سے آج جن 42 امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے ان میں 18 خواتین شامل ہیں۔ شعلہ بیاں مانی جانے والی مہوا موئترا جنہیں گزشتہ سال ڈسمبر میں لوک سبھا سے نقد رقم کےبدلے سوال کے تنازعہ میں معطل کردیا گیا تھا، کرشن نگر حلقہ سے انتخابی میدان میں اتارا گیا ہے ۔اسی نشست سے وہ 2019ء کے انتخابات میں کامیاب ہوئی تھیں۔

ترنمول کانگریس پارٹی کی آج جاری کردہ 42 امیدواروں کےناموں کی فہرست میں یوسف پٹھان کے علاوہ کئی دوسرے بڑے نام شامل ہیں، جن میں بالی ووڈ کے مشہور اداکار شتروگھن سنہا بھی شامل ہیں جنہیں آسنسول سے میدان میں اتارا گیا ہے۔جہاں سے وہ 2022 کےضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے لوک سبھا میں داخل ہوئے تھے۔ان کے علاوہ سابق کرکٹر کیرتی آزاد کے بشمول بہت سے بنگالی فلم انڈسٹری کے ستارے بھی اس فہرست میں شامل ہیں، جن میں ہوگلی سےتعلق رکھنے والی مقبول بنگالی اداکارہ رچنا بنرجی بھی شامل ہیں۔ انہیں بی جے پی امیدوار لاکٹ چٹرجی کے مدمقابل میدان میں اتارا گیاہے۔

ترنمول کانگریس پارٹی TMC# کی جانب سے جن تمام 42 لوک سبھا نشستوں کے لیے اپنے امیدواروں کے ناموں پر مشتمل فہرست جاری کی گئی ہے ان میں 6 مسلم امیدوار بھی شامل ہیں۔جن میں شاہنواز علی ریحان (حلقہ مالدہ دکشن)،خلیل الرحمٰن (حلقہ جنگی پور)،یوسف پٹھان(حلقہ بہرام پور)، ابو طاہر خان (حلقہ مرشد آباد)، نورالاسلام (بصیر ہاٹ) اورسجدہ احمد (حلقہ الوبیریا) شامل ہیں۔

” یہ بھی پڑھیں "

دہلی میں حالت سجدہ میں موجود نوجوانوں کو لات مارنے والا پولیس چوکی انچارج معطل، سوشل میڈیا پر شرمناک ویڈیو کی سونامی،شدید مذمت