سعودی عرب میں ماہِ رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، کل 11 مارچ ، بروز پیر پہلا روزہ ہوگا

سعودی عرب میں ماہِ رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا
کل 11 مارچ، بروز پیر پہلا روزہ ہوگا

ریاض/حیدرآباد: 10۔مارچ
(سحرنیوز/سوشل میڈیا ڈیسک)

سعودی عرب میں آج 10 مارچ،بروز اتوار ماہِ رمضان المبارک 1445 ہجری،2024ء کا چاند نظر آگیا اور پہلا روزہ کل 11 مارچ بروز پیر کو ہوگا۔ حرمین شریفین کے آفیشل ایکس ” X ” (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر ایک ٹوئٹ کے ذریعہ اس کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

حرمین شریفین کے ایکس X (ٹوئٹر) اکاؤنٹ کےمطابق رمضان المبارک 1445 ہجری کا آغاز آج رات سے ہوگا اور حرمین شریفین میں آج اتوار سے نماز تراویح کی ادائیگی کا آغاز ہوجائے گا۔

متحدہ عرب امارات UAE# میں بھی رمضان کا چاند نظر آگیا :

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر آگیاہے اور مقدس مہینہ 11 مارچ بروز پیر سے شروع ہوگا۔ملک کی چاند دیکھنے والی کمیٹی نے کہاکہ ہلال اتوار (10 مارچ) کی شام کو دیکھا گیا۔آج شام کو چاند نظر آنےکےبعد 10 مارچ بروز اتوار سے نماز تراویح شروع ہو جائے گی۔ (بشکریہ : آج نیوز)

قبل ازیں حرمین شریفین کے آفیشل ایکس (سابقہ ٹوئٹر ) اکاؤنٹ پر آج دوپہر ایک ٹوئٹ کے ذریعہ اطلاع دی گئی تھی کہ اس ٹوئٹ کے تھریڈ کو فالو کریں کیونکہ ہم آپ کے لیے لائیو کوریج اور چاند کا اعلان شام 6:00 بجے (سعودی عرب کے وقت کے مطابق) کے قریب کریں گے۔

وہیں سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے آج 10 مارچ اتوار کی شام ماہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کی اپیل کی تھی۔سپریم کورٹ سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب میں جس شخص کو بھی ماہ رمضان کا چاند نظر آئے وہ اپنی گواہی قریب ترین عدالت میں دے،چاند دیکھنے کی گواہی کے لیے عدالت تک جانا ممکن نہ ہو تو قریبی سینٹر سے ٹیلی فون پر چاند دیکھنے کی شہادت کے بارے میں اطلاع دیں۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قائم فلکیاتی علوم کے ادارے کے سربراہ شرف السفیانی کا اپنے بیان میں کہا تھا کہ مملکت میں فلکی حساب سے یکم رمضان المبارک پیر 11 مارچ کو ہوگا۔

ماہرین فلکیات نے آج سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں ماہ رمضان کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ چاند نظر آنے کی صورت میں سعودی عرب میں ماہ صیام کاپہلا روزہ 11 مارچ بروز پیر کوہوگا۔اور 10 اپریل یا 11 اپریل کوعیدالفطرہوسکتی ہے۔چاند دیکھنے کے سے ایک گھنٹہ قبل تمیر کے علاقہ میں گرد و غبار کا طوفان اٹھا تھا۔جس کا ویڈیو حرمین شریفین کے آفیشل ایکس ” X ” اکاؤنٹ پر ٹوئٹ کیا گیا۔اور اس موقع پر آسمان ابر آلود بھی تھا۔

یہ بھی پڑھیں "

ممتا بنرجی کا انڈیا اتحاد اور کانگریس کو جھٹکا، 42 امیدواروں کی فہرست جاری، سابق کرکٹر یوسف پٹھان ادھیر رنجن چودھری کے خلاف مقابلہ کریں گے

 

دہلی میں حالت سجدہ میں موجود نوجوانوں کو لات مارنے والا پولیس چوکی انچارج معطل، سوشل میڈیا پر شرمناک ویڈیو کی سونامی،شدید مذمت