ایکوٹورازم کے ذریعہ اننت گیری ہلز کی ترقی اور روزگار کے اقدامات

ایکوٹورازم کے ذریعہ اننت گیری ہلز کی ترقی اور روزگار کے اقدامات
اسمبلی اسپیکر ،ضلع کلکٹر اورچیف کنزرویٹرجنگلات کے ہاتھوں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح

تانڈور،20؍اپریل (ایس این بی)

اسپیکر تلنگانہ اسمبلی گڈم پرساد کمار نے کہا ہے کہ ایکو ٹورازم کے ذریعہ وقارآباد کے قریب موجود سیاحتی مقام اننت گیری ہلز کی شاندار ترقی کے اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے اور سیاحوں کے لئے خوشگوار ماحول فراہم کرنے کی غرض سے بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام انجام دئیے جا رہے ہیں۔

اسپیکر نے آج اننت گیری ہلز پر ایکو ٹورزم کی ترقی کے حصے کے طور پراننت گیری ایکو اربن پارک، اننت گیری ہلز ویونگ ٹاور، اننت گیری ماحولیاتی شہری باغ اور جنگلاتی مہمان خانہ میں ڈیکن ووڈس اینڈ ٹریلز – دی بریز چیف کنزرویٹر محکمہ جنگلات ڈاکٹر سی سُورنا، چیف کنزرویٹرز پرینکا ورگیز اور سنیتا بھگوت، ضلع کلکٹر وقارآباددیپک تیواری اورصدر نشین بلدیہ وقارآباد گڈم اننیا کیساتھ افتتاح انجام دیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسپیکر گڈم پرساد کمار نے کہا کہ اننت گیری علاقے کو ایک ماحولیاتی سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دینے سے وقارآباد ضلع مرحلہ وار ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایکو ٹورزم نہ صرف پسماندہ علاقوں کی ترقی میں مدد دے گا بلکہ نوجوانوں کے لئے روزگارکی فراہمی کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔

اسپیکر گڈم پرساد کمار نے کہا کہ اننت گیری ہلز پر پر مختلف ادویاتی خصوصیات کے حامل درختوں اور جڑی بوٹیاں موجود ہیں جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں سیاح اس علاقے کا رخ کر رہے ہیں۔انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جاری ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کیا جائے تاکہ انہیں جلد از جلد سیاحوں کے لئے دستیاب بنایا جا سکے۔

بعد ازاں انہوں نے عہدیداروں کیساتھ اننت گیری ہلز سے نکلنےوالی موسیٰ ندی کے مقام کا بھی مشاہدہ کیا۔اس موقع پر محکمہ جنگلات کے عہدیدار گیانیشور ، صدرنشین زرعی مارکیٹ کمیٹی چاپلا سرینواس اور دیگر عہدیدارموجود تھے۔