دبئی کے حکمراں کے نام سے انعامی مقابلہ کی لنک وائرل، واٹس ایپ پر ہیکرز کا نیا جال، لنک کو کلک اور فارورڈ نہ کریں

 دبئی کے حکمراں کے نام سے انعامی مقابلہ کی لنک وائرل
واٹس ایپ پر ہیکرز کا نیا جال، لنک کو کلک اور فارورڈ نہ کریں

حیدرآباد : 21۔مارچ
(سحر نیوز/سوشل میڈیا ڈیسک)

سال بھر سوشل میڈیا بالخصوص واٹس ایپ گروپس اور نجی طور پر ایسے میسیج فارورڈ کیےجاتےہیں جن میں پرکشش انعامات کا لالچ دیاجاتا ہے۔ دراصل ان دنوں مختلف طریقوں سے کی جارہی جعلسازی اور بینک اکاؤنٹ خالی کر دینے اور موبائل فونس کو ہیک کردینے والوں کی سرگرمیوں سے ناواقف زیادہ تر سوشل میڈیاصارفین کو کہیں اور سے یہ میسیج مل جاتا ہےتو فوری کلک کردیتے ہیں اور کلک کرنےکےبعد وہاں چند سوالات کے بعد انہیں ہزاروں روپئے پرمشتمل انعام کا حقدار قرار دے دیا جاتا ہے اور انعام روانہ کرنے کے لیے ان کا موبائل نمبر بھی مانگا جاتا ہے تو یہ بیچارے خوشی کےمارے اپنا موبائل نمبر بھی وہاں ٹائپ کردیتے ہیں۔پھر ان سے کہاجاتاہے کہ اس لنک کو 15 گروپس میں فارورڈ کریں۔ تو فوری دیگر کو بھی فائدہ پہنچاتے ہوئے ثواب کی نیت سے یہ لوگ ایسے نیک کام کر تے رہتے ہیں۔

اس کے ذریعہ جہاں وہ خود مصیبت کا شکار ہوسکتے ہیں وہیں”ہم تو ڈوبے ہیں صنم تمہیں بھی لے ڈوبیں گے” کے مصداق گروپس میں اور نجی طور پر فارورڈ کر کے گروپس کے دیگر ارکان اور اپنے دوست احباب کے لیے بھی پریشانیوں کا سبب بن جاتے ہیں۔

واٹس ایپ پر سال بھر بالخصوص نیا سال، رمضان، کرسمس اور دیوالی کے مواقع پر فارورڈ کیے جانے والے ان میسیجس کے ساتھ ایک لنک بھی ہوتی ہے جس کےذریعہ جو لالچ دیا جاتا ہے۔اس میں لکھا ہوتاہے کہ نریندر مودی یا راہول گاندھی 35 جی بی مفت ڈاٹا ری چارج کروائیں گے،یا پھر ڈی۔مارٹ،قطر ایئر ویس اور جیو / ایئرٹیل کی جانب سے مفت انعامات یا کون بنے گا کروڑ پتی کی جانب سے 25 لاکھ روپئے کی کار کا انعام یا پھرکسی این جی او کی جانب سے 9 لاکھ 60 ہزار مفت لیاپ ٹاپس کی تقسیم جیسے لالچ دئیےجاتےہیں۔فارورڈ کرنےوالے فارورڈکرنے سےقبل ایک منٹ یہ نہیں سوچتے کہ کوئی ہمیں کیوں یہ انعامات دے گا؟ اگر دے بھی رہاہے تو کتنے کروڑ روپئے اس پر صرف کرنے ہونگے؟

اب ماہ رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی سوشل میڈیا بالخصوص واٹس ایپ گروپس میں اور نجی طور پر ایک میسیج جس کے ساتھ ایک لنک بھی موجود ہے دھڑا دھڑ وائرل کیا رہا ہے۔واٹس ایپ کے زیادہ تر صارفین اس جھوٹے اور بے بنیاد میسیج پر آنکھ بند کرکے یقین کرتے ہوئے اس میسیج کو کئی گروپس میں دن بھر فارورڈنگ اور شیئر کرنےمیں مصروف ہیں۔

واٹس ایپ پر وائرل شدہ اس میسیج کےساتھ متحدہ عرب امارات( یو اے ای) کے وزیراعظم اور نائب صدرشیخ محمد بن راشد آلمکتوم کی ایک تصویر کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ” ارجنٹ : محمد بن راشد رمضان مقابلہ،ابھی حصہ لیں۔سوالات کے جوابات دیں اور عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کےتحفے میں روزآنہ انعامات جیتیں،ہر کوئی فاتح ہے،جلدی کریں اس لنک کے ذریعہ۔"اس جھوٹ پر مبنی دلکش میسیج کےساتھ ایک لنک بھی دی گئی ہے۔” یہی لنک گزشتہ سال بھی ماہ رمضان میں خوب وائرل کی گئی تھی۔دراصل یہ ہیکرز کا نیا جال ہے۔

اب چونکہ ماہ رمضان کا آغاز ہوگیا ہے تو یہ جعلساز متحدہ عرب امارات اور ماہ رمضان کا استعمال کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین کو دھوکہ دینے میں مصروف ہیں۔ دبئی میں مقیم ایک ذمہ دارشخصیت بتایا کہ ایسی کوئی انعامی اسکیم کا دبئی کی حکومت یا نائب صدر و وزیراعظم متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اعلان نہیں کیاہے اور ایسی لنکس صرف ہندوستان میں ہی وائرل ہیں۔یہ دھوکہ باز جعلسازوں کی حرکت ہے جواس آٖفر کے ذریعہ سوشل میڈیا صارفین کو ٹھگنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔

اب جانیں اس لنک کو کلک کرنے کے بعد کیا ہوتا ہے ؟ 

جونہی رمضان اور دبئی کا نام پڑھتے ہیں تو ظاہری بات ہےکہ مسلمان اس پر فوری یقین کرلیتےہیں۔ان ہیکرز کی جانب سےاس انعامی لالچ کے ساتھ دی گئی لنک کو کلک کرنے کے بعد قرآن مجید سے متعلق دو سوال پوچھے جاتے ہیں۔پھر فوری ان کے موبائل اسکرین پر آتا ہے کہ آپ نے 50,000 امریکی ڈالر جیت لیے ہیں۔

بعدازاں اس لنک کوکلک کرنے والوں سے ان کا نام اور ان کا موبائل فون حاصل کیا جاتا ہے۔اس کےبعد ہدایت دی جاتی ہےکہ اپنا انعام حاصل کرنے کے لیے اس لنک کو 5 گروپس میں یا پھر 15 دوستوں کو روانہ کیا جائے۔اس کے نیچے ہی پیغام ہوتا ہے کہ اس مقابلہ میں حصہ لیتے ہوئے انعام حاصل کرنے والے تمام افراد کو ان کے اس رجسٹرڈ موبائل نمبر اطلاع دیتے ہوئے بعد ازاں انعامی رقم یعنی 50,000 ڈالرز (یعنی زائد از 40 لاکھ روپئے) روانہ کر دئیے جائیں گے۔

دوسری جانب واٹس ایپ کے ہر گروپس اورنجی طورپر یہ میسیج تیزی کے ساتھ وائرل ہے۔کئی گروپس میں وقفہ وقفہ سے یہ میسیج فارورڈ/پوسٹ کیا جارہا ہے۔جو کہ کسی بھی حال غیر ذمہ داری کا مظاہر ہ ہے۔کیونکہ ہیکرز روزآنہ مختلف طریقوں سے عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔

سائبر جرائم سیل کے پاس لاکھوں شکایتیں درج کروائی جا رہی ہیں۔تلنگانہ/حیدرآباد سٹی پولیس اور سائبر کرائم سیل وقفہ وقفہ سے ایسی ہدایات جاری کرتا ہے کہ کسی بھی آفر پر مشتمل یا کوئی اور مشتبہ لنک کو ہرگز کلک نہ کریں۔

لیکن افسوس کہ بلا کسی تصدیق کہ قوم کے زیادہ تر افراد ایسے لنکس اور میسیج کو ایک منٹ سوچے بغیر فارورڈ کرکےجہاں خود کے بینک اکاؤنٹ / یو پی آئی اور موبائل میں موجود تمام تفصیلات ان ہیکرز کے حوالے کر دیتے ہیں یا پھر مالی نقصان سے محروم ہوجاتے ہیں۔وہیں دوسروں کو بھی اسی مصیبت کا شکار بنا دیتے ہیں۔

یاد رکھیں اس زمانے میں سوائے ماں اور باپ کی محبت،پیار اور تحفظ کے مفت میں کچھ بھی نہیں ملنے والا ہے۔سخت محنت و مشقت کے بعد بھی جتنی امید ہوتی ہے اتنا بھی حاصل نہیں ہو رہا ہے تو کیسے کوئی انجان دھوکہ بازوں کی ایسی لنک پر یقین کرلیا جاتا ہے جن کا ہمیں پتہ بھی نہیں ہوتا کہ ملک یا بیرون ملک کہاں سے یہ جعلسازی کا کاروبار کررہے ہیں؟جو صرف ایک لنک کلک کرنے کے فوری بعد 50,000 ڈالر کی رقم جیتنے کا جھانسہ دیتے ہوئے ان کے اس فیک میسیج کو مزید فارورڈ کرنے کی ترغیب دیتے ہیں؟اس لیے کہا گیا ہے کہ لالچ بری بلا ہے۔!!

اس لنک اور جعلسازی سے ہر کسی کو واقف کروائیں اگر آپ نے بھی اس لنک کو کلک کیا ہے تو فوری اپنا گوگل کروم اوپن کرکے ساری ہسٹری History# کو ڈیلیٹ Delete# کردیں۔اور اپنے گوگل پے GooglePay# اور فون پے PhonePe# یا دیگر یو پی آئی UPI# کا پاس ورڈ تبدیل کریں۔اور ساتھ ہی اپنے دوست احباب کو یہ بھی بتا دیں کہ واٹس ایپ یا عام ایس ایم ایس SMS# کےذریعہ آنےوالےجعلسازوں کے پیغامات اور اس کے ساتھ دی گئی لنک کو ہرگز کلک نہ کریں فوری ڈیلیٹ کرنے میں ہی سب کی بھلائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں "

دہلی کے چیف منسٹر اروند کیجریوال کو شراب اسکام معاملہ میں ای ڈی نے گرفتار کرلیا

 

تلنگانہ کے ورنگل ضلع میں آئس کریم فروش کی جانوروں سے بدتر حرکت، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کالو رام کربیا گرفتار

 

کالی مرچ کے اہم طبی فوائد، بہتر ہاضمہ، کولیسٹرول اور وزن میں کمی، زکام اور کھانسی جیسے کئی مسائل کا آسان نسخہ

 

فارورڈ یر یا Forwarderreah ، واٹس ایپ فارورڈ کرنے کی بیماری

Socialmedia#
Forwarding#
Viral#
Scam#
Alert#