دہلی کے چیف منسٹر اروند کیجریوال کو شراب اسکام معاملہ میں ای ڈی نے گرفتار کرلیا

دہلی کے چیف منسٹر اروند کیجریوال کو شراب اسکام معاملہ میں ای ڈی نے گرفتارکرلیا

دہلی : 21۔مارچ
( سحر نیوز ڈاٹ کام/ایجنسیز)

چیف منسٹر دہلی و عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کیجریوال کو آج 21 مارچ کی رات ڈائرکٹوریٹ آف انفورسمنٹ ED# نے ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کرلیا۔اروند کیجریوال کی گرفتاری دہلی شراب اسکام معاملہ میں ہوئی ہے۔اس معاملہ میں دہلی کےڈپٹی چیف منسٹرمنیش سسوڈیا اور ایک اور وزیر ستیندر جین گزشتہ ایک سال سے جیل میں ہیں۔جنہیں فروری 2023 میں گرفتار کیا گیا تھا۔

چیف منسٹر دہلی اروند کیجریوال کی گرفتاری کے بعد وہ آزاد ہندوستان کی تاریخ کے پہلے ایسے چیف منسٹر بن گئے ہیں جن کی عہدہ پر موجودگی کے دؤران گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔جس کے بعد عام آدمی پارٹی نے کہا ہے کہ اروند کیجریوال ہنوز چیف منسٹر برقرار رہیں گے۔یاد رہے کہ جھارکھنڈ کے چیف منسٹر ہیمنت سورین کو بھی ای ڈی نے یکم فروری کو اراضی معاملہ اور رشوت کے الزام میں گرفتار کیاتھا تاہم انہوں نے اپنی گرفتاری سے قبل ریاستی گورنر کو اپنا استعفیٰ حوالے کر دیا تھا۔

وہیں 15 مارچ کی شام سابق چیف منسٹر تلنگانہ و بی آر ایس سربراہ کے۔چندراشیکھرراؤ کی دختر و رکن قانون ساز کونسل و سابق رکن پارلیمان حلقہ نظام آباد کے۔کویتا کو بھی دہلی شراب اسکام معاملہ / منی لانڈرنگ کے الزام میں ان کی رہائش گاہ واقع بنجارہ ہلز حیدرآباد سے گرفتار کرتے ہوئے ای ڈی نے انہیں حیدرآباد ایئر پورٹ سے دہلی منتقل کیا تھا۔بعدازاں 16 مارچ کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے کے۔کویتا کو 23 مارچ تک تفتیش کے لیے اپنی تحویل میں لیا ہے۔

مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے 16 مارچ کو لوک سبھا انتخابات کے شیڈول کی اجرائی،مثالی ضابطہ اخلاق کے نفاذ اور لوک سبھا انتخابات کی رائے دہی سے چند ہفتے قبل ملک کے دارالحکومت دہلی کے چیف منسٹر اروند کیجریوال کی گرفتاری نے سیاسی بھونچال پیدا کردیا ہے۔

دہلی کے چیف منسٹر اور عام آدمی پارٹی (عآپ)کے سربراہ اروند کیجر یوال کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے باقاعدہ مبینہ شراب پالیسی گھوٹالہ معاملہ میں گرفتار کیاہے۔مرکزی تحقیقاتی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اس کیس میں منی لانڈرنگ کے زاویے کی جانچ کررہی تھی اور اروند کیجریوال کو 9 مرتبہ اس کے روبرو حاضر ہونے کی نوٹس بھی جاری کرچکی تھی۔تاہم چیف منسٹر دہلی اروند کیجریوال ای ڈی کےسامنے پیش نہیں ہوئے۔ وہ ہمیشہ دہلی شراب اسکام معاملہ اور منی لانڈرنگ معاملہ میں ان کے ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد ہی کرتے رہے۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے دہلی شراب اسکام معاملہ میں اروند کیجروال کو 2 نومبر 2023، 21 ڈسمبر 2023، 3 جنوری 2024، 18 جنوری،2 فروری ،19 فروری ، 26 فروری، 4 مارچ، اور 17 مارچ کو 9 ویں نوٹس روانہ کی تھی۔میڈیا اطلاعات کے مطابق آج ای ڈی کے عہدیدار سرچ وارنٹ کے ساتھ اروند کیجریوال کی رہائش گاہ پہنچے تھے۔آج 21 مارچ کو انہیں 10 ویں نوٹس کے ساتھ انہیں گرفتار کر کے لے گئی۔جبکہ آج ہی دہلی ہائی کورٹ میں اروند کیجریوال کی درخواست کی سماعت ہوئی تھی جس میں ان گرفتاری کو روکنے کےاحکام جاری کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔

اروند کیجریوال کی رہائش گاہ پر ای ڈی کے عہدیداروں کے پہنچنے کی اطلاع کےساتھ ہی عام آدمی پارٹی کے چند وزراء، مقامی قائدین اور پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد وہاں پہنچ گئی اور نعرہ بازی کرنے لگی۔اس موقع پر بھاری تعداد میں پولیس اور سیکیورٹی فورس کو تعینات کیا گیا تھا۔

آج رات چیف منسٹر دہلی اروند کیجریول کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے بات کرتےہوئے دہلی کی وزیرتعلیم آتشی سنگھ نے کہا کہ ہمیں اطلاعات مل رہی ہیں کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے مسٹر کیجریوال کو گرفتار کرلیا ہے۔انہوں نے الزام عائد کیاکہ اروند کیجریوال کی گرفتاری بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کی سازش ہے۔

وزیر تعلیم دہلی آتشی سنگھ نے کہا کہ دو سال قبل جب سے اس معاملے کی تحقیقات شروع ہوئی ہیں۔عام آدمی پارٹی کے وزراء اور قائدین اور وزراء پر ایک ہزار سے زیادہ دھاوےمنظم کیےگئے لیکن اس کے باؤجود انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ یا سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن ( سی بی آئی) نے ایک روپیہ بھی برآمد نہیں کیا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیں "

تلنگانہ کے ورنگل ضلع میں آئس کریم فروش کی جانوروں سے بدتر حرکت، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کالو رام کربیا گرفتار

 

ملک میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوچکا ہے، اپنے ساتھ 50 ہزار روپئے سے زائد رقم اور زیورات نہ لے جائیں