تانڈور کی کریما بیگم کے کارنامے!، قرض کی واپسی کے تقاضہ پر دو خواتین کا معین آباد میں قتل، مزید 8 خواتین کی پولیس میں شکایت

تانڈور کی کریما بیگم کے کارنامے!!
قرض کی واپسی کے تقاضہ پردو خواتین کا معین آباد میں قتل، مزید 8خواتین کی پولیس میں شکایت
انہیں بھی فارم ہاوز طلب کرکے قتل کے منصوبے کا الزام،پریس کانفرنس کے ذریعہ انکشاف

حیدرآباد/تانڈور: 18۔مئی(سحرنیوزبیورو/ایس این بی)

حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ معین آباد کے قریب پولیس نے ایک فارم ہاوز سے تین دن قبل دو ضعیف خواتین کی باقیات برآمد کی تھیں جنہیں قتل کرکے دفنا دیاگیا تھا۔اس سلسلہ میں وقارآباد ضلع کے تانڈورکی پولیس نے  بتایا تھا کہ ان خواتین کی شناخت تانڈور کی اندرماں کالونی کی ساکن محبوب بی اور بشیر آباد منڈل کے قاسم پور کی ساکن عابدہ بیگم کی حیثیت سے کی گئی ،جن کی گمشدگی کی شناخت 5 اور 9 مئی کو یالال اور بشیرآباد پولیس اسٹیشنوں میں درج کروائی گئی تھی۔

اس قتل کے معاملہ میں تانڈور رورل پولیس نے تانڈور کی اندرماں کالونی کی ساکن کریما بیگم، اس کے شوہر رحمن اور اس کے بھائی نعیم کو گرفتار کیاہے ان سے تفتیش کے بعد انکشاف ہو اتھا کہ کریما بیگم اور رحمن نے ان دونوں مقتولہ خواتین سے سود پر قرض لیا تھا اور قرض کی واپسی کا تقاضہ کرنے پر انہیں اپنی رقم معین آباد کے ایک فارم ہاوزمیں ملازم کریما بیگم کے بھائی نعیم کے پاس آکراپنی رقم حاصل کرنے کا جھانسہ دیتے ہوئے ان دونوں خواتین کا گلا گھونٹ کر قتل کرنے کے بعد وہیں دفنادیا گیا تھا۔

کل اتوار کے دن کریما بیگم نے تانڈور رورل پولیس اسٹیشن کے باتھ روم میں موجود فینائل پی کر خودکشی کی کوشش کی تھی جسے علاج کی غرض سے حیدرآباد منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے!!

اسی دوران آج تانڈور کی ساکن چندمسلم اور غیر مسلم خواتین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ حیرت انگیز انکشاف کیا ہے کہ کریما بیگم نے ان کے پاس سے بھی قرض لیا ہے اور کئی مرتبہ قرض کی واپسی کے مطالبہ پر انہیں بھی معین آباد کے فارم ہاوز پر آکر اس کے بھائی نعیم کے پاس سے اپنی رقم حاصل کرنے کی بات کہی تھی۔

ان خواتین نے میڈیا کو بتایا کہ کریما بیگم نے شایدان کے قتل کا بھی اسی طرح منصوبہ تیار کیا تھا جیسا کہ محبو ب بی اور عابدہ بیگم کا قتل کیا گیا۔ ان خواتین میں سے 8 خواتین نے تانڈور رورل پولیس اسٹیشن(گوتاپور)  میں کریما بیگم کے خلاف شکایت درج کروائی ہے اور مطالبہ کیا ہے  کہ  پولیس ان کی رقم کی وصولی میں مدد کرے۔

ان خواتین میں سے ایک خاتون نے پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی رقم حاصل کرنے 13مئی کو معین آباد جانے والی تھیں کہ ایک دن قبل ہی پولیس نے دونوں خواتین کے قتل کا معاملہ حل کرتے ہوئے ان کی جان بچائی ہے کیونکہ کریما بیگم نے مقتول عابدہ بیگم اورمحبوب بی کی طرح ان سے بھی کہا تھا کہ وہ معین آباد کے فارم ہاوز پر آکر اس کے بھائی نعیم سے اپنے قرض کی رقم حاصل کرلیں

سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور رورل پربھا کر نے بتایا  کہ ان خواتین کی شکایت پر ایک کیس درج رجسٹر کرلیا گیا ہے اور تمام زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔اس واقعہ نے پوری ریاست کو دہلا کر رکھ دیا ہے۔عوام کی جانب سے سوال کیا جارہا ہے کہ کیا ایک عورت اتنی سفاک اور مجرمانہ ذہن کی مالک ہوسکتی ہے کہ زائد ازایک درجن خواتین سے لاکھوں روپئے کا قرض لے کر اس طرح خواتین کے قتل میں ملوث ہوسکتی ہے؟

 

اس   واقعہ سے متعلق   دیگر خبریں  ان لنکس کو کلک کر کے پڑھی جاسکتی ہیں :

تانڈور سے گمشدہ دو خواتین کومعین آباد کے فارم ہاوز میں قتل کر کے دفنا دیا گیا، ایک خاتون کے بشمول تین افراد تانڈور میں گرفتار

وقارآباد ضلع : دو خواتین کے قتل کی ایک ملزمہ کا تانڈور رورل پولیس اسٹیشن میں اقدام خودکشی!!