واٹس ایپ گروپ میں فحش ویڈیوز پوسٹ کرنے والا نقلی آر ایم پی ڈاکٹر گرفتار، سنگین دفعات کے تحت عدالتی تحویل میں : ڈی ایس پی کا بیان

 واٹس ایپ گروپ میں فحش ویڈیوز پوسٹ کرنے والا نقلی آر ایم پی ڈاکٹر گرفتار
سنگین دفعات کے تحت عدالتی تحویل میں، ڈی ایس پی تانڈور بالا کرشنا ریڈی کا بیان

وقارآباد/تانڈور: 30۔مارچ
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

جدید مختلف طرز کے موبائل فونس اور پھر سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز کی ایجاد انسانوں کی تفریح اور ان کی ضرورتوں کو پورا کرنے،  ان کی وقت گزاری کےساتھ ساتھ دور دراز شہروں اور دیگر ممالک میں مقیم اپنے رشتہ داروں یا دوست احباب سے رابطہ کی مضبوطی اور دیگر مقامات کے ہمخیال لوگوں سے دوستی،ان سے پہچان،ایک دوسرے کے مسائل اور تجربات کے تبادلہ کی غرض سے کی گئی تھی۔

سوشل میڈیا کے ذریعہ مختلف شعبہ جات کے ماہرین اپنے ویڈیوز اور ریلز Reels# کے ذریعہ ماہانہ لاکھوں روپئے کمانے میں مصروف ہیں۔تو ایک بڑا طبقہ ایسا بھی ہے جو اس پر اپنا وقت ضائع کرنے میں مصروف ہے۔وہیں ایک اور طبقہ اس کے غلط استعمال کی لت میں مبتلاء ہے۔!!

وقارآباد ضلع کے تانڈور ٹاؤن کا ایک آر ایم پی ڈاکٹر اپنے موبائل فون اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال کی وجہ سے مختلف سنگین دفعات کے تحت سلاخوں کے پیچھے پہنچ گیا۔

دراصل گرین سٹی کے ساکن اعجاز پاشا ولد محمد غوث نے یکم مارچ کو تانڈور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی کہ تانڈور کے ساکن احمد (آر ایم پی ڈاکٹر) نے اپنے موبائل فون کے ذریعہ 21 فروری کی صبح ایک مقامی واٹس ایپ گروپ جس میں وہ بھی موجود ہیں میں ایک خاتون کے فحش اور قابل اعتراض ویڈیوز پوسٹ کیے ہیں۔اور اس قابل اعتراض حرکت پر احمد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

اس وقت سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (اربن) جی۔سنتوش کمارنے بتایاتھاکہ اعجاز پاشا کی شکایت پر تانڈور پولیس اسٹیشن میں احمد کےخلاف ایک کیس درج رجسٹر کرلیا گیا ہے اور پولیس اس کیس کی تحقیقات میں مصروف ہے۔ایسی اطلاعات ہیں کہ اس نےخود اپنے ہی فحش ویڈیو واٹس ایپ گروپ میں پوسٹ کر دئیے تھے۔!؟

احمد قدیم ترکاری بازار کے علاقہ میں اپنا ثانیہ فرسٹ ایڈ کلینک کے نام سے ایک کلینک چلا رہا تھا۔جب یہ واقعہ منظر عام پر آیا تو اس کی اس انتہائی شرمناک اور ڈاکٹر جیسے مقدس پیشہ کی شبیہ برباد کرنے والی اس حرکت پر احمد کی شدید مذمت کی جارہی تھی جس نےقابل اعتراض اور فحش ویڈیوس کو واٹس ایپ گروپ میں پوسٹ کر دیا تھا۔آر ایم پی ڈاکٹر کا تعلق موضع چینگول سے بتایا گیا ہے۔!! 

اس سلسلہ میں 29 مارچ کو ڈی ایس پی تانڈور بالا کرشنا ریڈی نے پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس معاملہ آر ایم پی ڈاکٹر احمد عرف امجو (46 سالہ ) کو گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں روانہ کر دیا گیا ہے۔

ڈی ایس پی تانڈور بالا کرشنا ریڈی نے کے مطابق آر ایم پی ڈاکٹر کی حیثیت سے کام کرنےوالے احمد نے ایک خاتون کے فحش اور شرمناک ویڈیوز واٹس ایپ گروپس میں فارورڈ کیے تھے۔جس کے خلاف اس خاتون نے 11 مارچ کو تانڈور پولیس اسٹیشن میں احمد کےخلاف شکایت درج کر وائی تھی۔

ڈی ایس پی بالا کرشنا ریڈی نے بتایا کہ شکایت درج رجسٹر کر نے کے بعد تانڈورپولیس اس مفرور آر ایم پی ڈاکٹر کی تلاش میں مصروف تھی۔کل محبوب نگرضلع کے اُدنڈا پور میں احمد کو پولیس نے گرفتار کرکے تانڈور منتقل کیا اور اسے عدالتی تحویل میں روانہ کر دیا گیا۔ڈی ایس پی بالا کرشنا ریڈی نے بتایا کہ احمد کے خلاف عصمت ریزی کے علاوہ ایس سی،ایس ٹی اٹراسٹی، پی ڈی ایکٹ کے بشمول دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت کیس درج کر کے عدالتی تحویل میں روانہ کر دیا گیا ہے۔

ڈی ایس پی بالا کرشنا ریڈی نے انکشاف کیا کہ احمد بناء کسی آر ایم پی یا فرسٹ ایڈ(ابتدائی طبی امداد) کی ڈگری کے اپنا کلینک چلا تے ہوئے مریضوں کا علاج کرنے میں مصروف تھا۔

 

یہ بھی پڑھیں ” 

تانڈور میں سود کی رقم ادا نہ کرنے پر آٹو ڈرائیور کے ساتھ مار پیٹ کرنے والا فینانسر گرفتار، مختلف دفعات کے تحت عدالتی تحویل میں روانہ

 

کرناٹک کے واڑی جنکشن کے ” بھائی بھائی گروپ ” کا قابل ستائش اقدام، مسافرین کو سحری کا کھانا ٹرینوں تک پہنچایا جا رہا ہے

 

دبئی کے حکمراں کے نام سے انعامی مقابلہ کی لنک وائرل، واٹس ایپ پر ہیکرز کا نیا جال، لنک کو کلک اور فارورڈ نہ کریں

 

ملک میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوچکا ہے، اپنے ساتھ 50 ہزار روپئے سے زائد رقم اور زیورات نہ لے جائیں