وقار آبادضلع کے کوڑنگل میں کمسن لڑکے کا اغواء اور قتل کرنے والا درندہ صفت گرفتار
دو دن سے لاپتہ معصوم کی نعش گزشتہ رات دستیاب،ضلع میں سنسنی اور غم کی لہر
ایس پی کوٹی ریڈی نے مقتول کے مکان پہنچ کر پرسہ دیا،پریس کانفرنس سے خطاب
وقارآباد/تانڈور: 31۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ کےضلع وقارآباد کے اسمبلی حلقہ کوڑنگل مستقرکےمیٹھی باؤلی علاقہ سے دو دن قبل اچانک لاپتہ ہونےوالے 11 سالہ معصوم رضا خان کی نعش بالآخر گزشتہ رات دیر گئے کوڑنگل میں کوسگی روڈ پرموجود ہاسٹل کےروبرو ایک نالہ سے برآمد ہوئی جسےقتل کرنےکےبعد سوٹ کیس میں رکھ پھینک دیاگیا تھا۔
کمسن رضا خان کے والد افروز خان جو کہ لکڑی کی مشین کے مالک ہیں نے 29 اکتوبر کو تین بجے دن سے لاپتہ اپنے فرزند کو تمام مقامات اور رشتہ داروں کے پاس تلاش کرنے کے بعد کل ہی اعلان کیا تھا کہ جو کوئی ان کے فرزند رضا خان کےمتعلق اطلاع دیں گے انہیں پانچ لاکھ روپئے کا انعام دیا جائے گا۔کمسن رضا خان دینی مدرسہ کے طالب علم تھے۔
اس کمسن کی گمشدگی سےمتعلق اطلاع اورتصویر بڑے پیمانے پرسوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی تھی۔تاہم بدقسمتی سےاس کمسن کی تلاش رات اس وقت ختم ہوئی جب اس کی نعش برآمدہوئی یہ اطلاع رضا خان کےوالدین پر بجلی بن کر گرپڑی ہے۔جس کے بعد کوڑنگل اور وقارآباد ضلع میں بھی غم اورشدید افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔اس واقعہ نے کوڑنگل کے علاوہ ضلع وقارآباد میں سنسنی پھیلادی ہے۔
ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے کمسن رضا خان کے مکان پہنچ کر ان کے والد افروز خان اور رشتہ داروں کو پرسہ دیتے ہوئے تیقن دیا کہ اس معاملہ میں گرفتار اجئے کے لیےسخت سزاء کو یقینی بنایا جائے گا۔اس موقع پرترجمان مجلس بچاوتحریک امجد اللہ خان خالد، تانڈور اور پرگی کے ڈی ایس پیز جی۔شیکھرگوڑ اور کرونا ساگربھی موجود تھے۔مختلف اندیشوں کے اظہار پر ضلع ایس پی وقارآبادنے تیقن دیا کہ رضا خان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ملزم کے خلاف مختلف دفعات کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
بعدازاں کوڑنگل پولیس اسٹیشن میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے بتایا کہ افروز خان کی جانب سے ان کے 11 سالہ فرزند رضا خان کی گمشدگی کی شکایت کےفوری بعد کوڑنگل پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تلاشی میں مصروف ہوگئی تھی۔
ڈی ایس پی پرگی کرونا ساگر کی قیادت میں سرکل انسپکٹرپولیس کوڑنگل شنکر اور سب انسپکٹر پولیس روی نے اسی دن سےتحقیقات کا آغاز کردیا تھا۔مقامی افراد کی اطلاع پر پولیس نے کوڑنگل میں موجود میٹھی باؤلی علاقہ سے رضاخان کی سائیکل برآمد کی اور اسی تحقیقات کے دوران شبہ کی بنیاد پر اجئے نامی ایک نوجوان کو تحویل میں لیا گیا جو کہ میٹھی باؤلی علاقہ سے چند قدم پر موجود گاندھی نگر کوڑنگل کا ساکن ہے۔
ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے بتایاکہ اجئے سے پولیس کی تفتیش کےدوران انکشاف ہواکہ قبل ازیں وہ راجندر نگر پولیس اسٹیشن کے حدود میں ایک کرایہ کے مکان میں رہتے ہوئے مالک مکان کے مکان سے رقم چوری کے معاملہ میں گرفتار ہوا تھا۔
بعدازاں بیروزگار اجئے نے درمیانی طبقہ کے بچوں کو اغوا کرکے پیسہ کمانے کا منصوبہ بنایا۔ایک ہفتہ قبل اسی منصوبہ کوعملی جامہ پہنچانے کی غرض سے اجئے نے رضا خان کو چاکلیٹ دیتے ہوئے ان سے اپنی پہچان بنالی اورکمسن رضا خان سے روز ملاقات کرنے لگا۔
ضلع ایس پی کے مطابق 29 اکتوبر، بروز ہفتہ موقع دیکھ کر اجئے،رضا خان کا اغواء کرکے اپنے مکان لے گیا۔اور رضا خان سے کہا کہ وہ ان کے والد افروز خان کو فون کرکے ایک لاکھ روپئے کا تاوان طلب کرے گا۔جس پر رضاخان نے روتے ہوئے جونہی مدد کے لیے چیخنے چلانے کی کوشش کی اجئے نے لوہے کی ایک پرانی زنگ آلود چاقو سے رضا خان کے سر پر زور سے وار کیا جس کے باعث کمسن رضا خان کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔
نعش کو کسی طرح اپنے مکان سے نکالنے کی غرض سے اجئے نے اپنے دوستوں کو طلب کیا،تاہم جب اس کے دوست وہاں پہنچے اور مکان میں نعش اور خون کو دیکھا تو وہ وہاں سے بناء کسی مدد واپس ہوگئے۔ایس پی ضلع وقارآبادمسٹر این ۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے بتایا کہ گرفتار شدہ اجئے نے اپنا جرم قبول کرلیا ہے اور اسے عدالتی تحویل میں روانہ کیا جارہا ہے۔
بعد پوسٹ مارٹم نعش کی حوالگی کےبعد رضا خان کی نماز جنازہ آج بعدنمازمغرب جامع مسجد میں ادا کی گئی اور کوڑنگل کےقبرستان میں سینکڑوں نم آنکھوں کی موجودگی میں سپرد لحد کیا گیا۔نمازہ جنازہ اور تدفین میں امیر جماعت اسلامی ہند تلنگانہ مولانا حامد محمد خان،صدر کل ہندمجلس اتحاد المسلمین تانڈور عبدالہادی شہری،صدرمجلس اتحادالمسلمین کوڑنگل ایس بی گلشن،محمد خورشیدحسین،صدر جمعیتہ علماضلع وقارآباد مولانا محمدعبداللہ اظہر قاسمی،امیر جماعت ہند اسلامی ہند تانڈور محمد فہیم خان،مجلسی فلور لیڈر بلدیہ سیدساجد علی،سابق امیرجماعت اسلامی ہند تانڈورسراج صمدانی کے علاوہ کوڑنگل،وقارآباد، پرگی اور تانڈور سے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
امیر جماعت اسلامی ہند تلنگانہ مولانا حامد محمد خان،ترجمان مجلس بچاوتحریک امجد اللہ خان خالد،صدرکل ہندمجلس اتحاد المسلمین تانڈور عبدالہادی شہری،صدرمجلس اتحادالمسلمین کوڑنگل ایس بی گلشن،محمدخورشیدحسین،صدر جمعیتہ علما ضلع وقارآباد مولانا محمدعبداللہ اظہر قاسمی کے علاوہ مختلف مسلم قائدین اور ذمہ داران نے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا۔
اور پولیس سےمطالبہ کیا ہے کہ خاطی کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔اورساتھ ہی حکومت تلنگانہ مقتول رضا خان کے افراد خاندان کو مناسب معاوضہ جاری کرے۔اور ایسے واقعات کا مستقبل میں اعادہ نہ ہو اس کے لیے ضروری اقدامات کو یقینی بنائے۔