گجرات کیبل بریج سانحہ کےبعد آج اتر پردیش میں بھی چھٹ پوجا کے دوران ایک بریج ٹوٹ گیا، کیبل بریج مہلوکین کی تعداد 141 تک پہنچ گئی

بین ریاستی خبریں سوشل میڈیا وائرل قومی خبریں

گجرات کیبل بریج سانحہ کے بعد آج اتر پردیش میں بھی
چھٹ پوجا کے دوران ایک بریج کا ایک حصہ ٹوٹ گیا
  کیبل بریج سانحہ کے 141 مہلوکین میں بی جے پی ایم پی کے 12 رشتہ دار بھی شامل 
حادثہ کے وقت کا سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر زیر گشت

لکھنؤ/احمدآباد:31۔اکتوبر
(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

ریاست گجرات کے موربی میں کل اتوار کی شام پیش آئے ایک خوفناک واقعہ میں کیبل بریج کے اچانک ٹوٹ کر ندی میں گرجانے سے اب تک میڈیا ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق 141 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔یہ واقعہ موربی میں گجرات کے دارالحکومت احمد آباد سے 200 کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود ماچھو ندی پر پیش آیا۔ندی میں کیچڑ کی وجہ سے کیبل بریج سے ندی میں گرجانے والے مزید افراد کی تلاشی مہم جاری ہے۔

ماچھو ندی پر ہوئے اس افسوسناک حادثہ میں راجکوٹ سے بی جے پی کے رکن پارلیمان موہن بھائی کنڈاریا کے 12 رشتہ داروں کی بھی موت ہو گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس حادثہ میںان کی بہن ،بہنوئی ،بہنوئی کے بھائی کی چار بیٹیاں اور پانچ بچوں کے بشمول دیگر تین رشتہ داروں سمیت جملہ 12 رشتہ داروں کی موت واقع ہوئی ہے۔

کل شام دیرگئے ابتدائی اطلاعات میں بتایاگیا تھاکہ اس کیبل بریج کےاچانک ٹوٹ جانے سے 400 سے زائد افراد ماچھو ندی میں گرگئے ہیں۔وہیں رات 9 بجے  ریاستی وزیر برجیش میراج نےتصدیق کی تھی کہ اس حادثہ میں 35 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔بعدازاں اطلاع آئی کہ اس حادثہ میں 91 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔تاہم آج سہء پہر تک موصولہ اطلاع کے مطابق اس بدقسمت واقعہ میں 141 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔اسی دؤران اس حادثہ کے وقت کا سی سی ٹی وی ویڈیو وائرل ہوا ہے۔

دوسری جانب کل رات سے وزیراعظم نریندرمودی کے ایک ویڈیو کی سوشل میڈیا پرسونامی آئی ہوئی ہے۔جوکہ 5 اپریل 2016 کے دؤران کولکاتا میں کی گئی ان کی تقریر پرمشتمل ہے۔اس وقت وزیراعظم نریندر مودی نے کولکاتا میں زیر تعمیر ایک فلائی اوور بریج کے انہدام اور اس حادثہ میں 50 افراد کے ہلاک ہونے پر کہاتھاکہ”انتخابات کےدوران یہ بریج گراہے،یہ قدرتی آفت نہیں ہےبلکہ بھگوان نے یہ پیغام بھیجاہے کہ پتہ چلے کہ آپ نے (ممتابنرجی) نےکیسی حکومت چلائی ہے؟۔وزیراعظم نے کہا تھا کہ آج یہ بریج ٹوٹا ہے کل یہ پورا بنگال ایسے ہی ختم کردے گی”۔

https://twitter.com/SR_Tmc007/status/1586901364835504128

اس ویڈیو کے ساتھ سوال اٹھائےجارہے ہیں کہ اب گجرات میں کیبل بریج کےٹوٹنے کے ذمہ دار کون ہیں؟وہاں 22 سال سےمسلسل بی جے پی کی ہی حکومت ہے۔جس میں 141 معصوم جانیں ضائع ہوئی ہیں؟ جہاں اب انتخابات ہونے والے ہیں!!۔

یہاں سوشل میڈیا اور چند میڈیا چینلوں پرسب سے شرمناک حرکت یہ کی جارہی ہے کہ اس کیبل بریج کا ایک ویڈیو دکھایا جارہا ہے جس میں نوجوان اس بریج کی رسیوں کا لات ماررہے ہیں۔جو کہ بتایا گیاہےکہ یہ قدیم ویڈیو ہے جسے اس معاملہ کی سنگینی کو کم کرنےکی غرض سے وائرل کیا گیا ہے۔!! اس کی اطلاع خود مقامی میڈیا رپورٹرز بھی دے رہے ہیں کہ یہ ویڈیو رات کے واقعہ کا نہیں ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس 104 سالہ قدیم بریج کو 6 ماہ قبل مرمت کے لیے بند کردیا گیا تھا۔اور اس کی مرمت کا ٹنڈر اوریوا ٹرسٹ کو دیا گیا تھا جو کہ اجنتا کمپنی کی ملکیت ہے۔اور اس کیبل بریج کی مرمت پر دو کروڑ روپئے صرف کیے گئے تھے۔وہیں موربی بلدیہ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ 26 اکتوبر کو اس کیبل بریج کے آغاز سے قبل اجازت حاصل نہیں کی گئی تھی اور نہ ہی اس کا معیار جانچا گیا تھا۔!!

وہیں یہ سوال بھی اٹھائے جارہے ہیں اس قدیم کیبل بریج پر فی کس 17 روپئے کی ٹکٹ دے کر کیوں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو جانے کی اجازت دی گئی تھی۔؟

گجرات کے کیبل بریج کاسانحہ ابھی تازہ ہی ہےکہ آج ریاست اترپردیش میں بھی ایک بریج کا حصہ ٹوٹ گیاہے۔اترپردیش کے چندولی میں چھٹ پوجا کی غرض سے ندی پرتعمیر کردہ بریج پرہجوم کےباعث کنال پر بنایا گیا یہ بریج ٹوٹ گیا۔اطلاعات کےمطابق اس حادثہ میں خوش قسمتی سے کوئی بھی زخمی یا ہلاک نہیں ہوا۔تاہم چند عقیدتمند ندی کے پانی میں گرگئے تھے جنہیں بحفاظت نکال لیا گیا۔

اس بریج کے اچانک ٹوٹ جانے کا ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہواہے۔مقامی ذرائع سےموصولہ اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ چندولی ضلع کے چکھیا منڈل کے سرئیاموضع کے عوام کی بڑی تعداد جوش و خروش کے ساتھ چھٹ پوجا منانے میں مصروف ہیں۔اسی چھٹ پوجا کے دؤران عوام کی کثیر تعداد ندی پر اینٹوں کی مدد سے تعمیر کردہ بریج پر ایک ساتھ پہنچ گئے۔جس کے باعث بریج کے اگلے حصہ میں دراڑ پڑگئی۔

بعدازاں اس دراڑکے مزید وسیع ہوجانے کے باعث بریج ٹوٹ کر گرگیا۔اس حادثہ کے وقت ندی میں پانی کا بہاؤ زیادہ نہ ہونےکے باعث کوئی بڑا حادثہ پیش نہیں آیا۔اس طرح گجرات واقعہ کےدوسرے ہی دن بی جے پی اقتدار والی ایک اور ریاست اترپردیش میں خوش قسمتی سے ایک اور حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا۔

یہ بھی پڑھیں "

گجرات میں کیبل بریج کے ٹوٹنے سے 35 ہلاک، مہلوکین کی تعداد میں اضافہ کا امکان، 100 سے زائدافرادکے پھنسنے کی اطلاع

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے