کانگریس مسلمانوں کو بی جے پی کے نام سے خوفزدہ کرنے کی کوشش میں مصروف، تانڈور میں وزیراعلیٰ کے سی آر کا انتخابی جلسہ سے خطاب

کانگریس مسلمانوں کو بی جے پی کے نام سے خوفزدہ کرنے کی کوشش میں مصروف
دس سالہ دؤر اقتدار میں تلنگانہ کرفیو سے پاک،مسلمانوں کے لیے خصوصی آئی ٹی پارک کے قیام کا منصوبہ
تانڈور میں وزیراعلیٰ کے سی آر  کا پائلٹ روہت ریڈی کے انتخابی جلسہ سے خطاب

وقارآباد/تانڈور: 22؍نومبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)

وزیراعلیٰ تلنگانہ و بی آر ایس پارٹی سپریمو کے۔چندراشیکھرراؤ نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ کانگریس پارٹی مسلمانوں کو بی جے پی کے نام سے خوفزدہ کرنے کی کوشش میں مصروف ہے،جو کہ مسلمانوں کو صرف ایک ووٹ بینک سمجھتی ہے۔وزیراعلیٰ کے سی آر آج دوپہر وقارآبادضلع کے تانڈور ٹاؤن میں موجود ولیم مون اسکول گراؤنڈ میں مقامی رکن اسمبلی و بی آر ایس پارٹی امیدوار پائلٹ روہت ریڈی کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں منعقدہ جلسہ عام سےخطاب کررہے تھے۔وزیراعلیٰ بذریعہ ہیلی کاپٹر تانڈور پہنچے۔اس جلسہ عام میں رکن راجیہ سبھاکے۔کیشو راؤ، ریاستی وزیر اطلاعات و معدنیات ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی،رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی،سابق ایم ایل سی کاسانی گنانیشور کےعلاوہ دیگرموجود تھے۔

وزیراعلیٰ کے سی آر نے اردو زبان میں خطاب کرتےہوئے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل سے قبل کانگریس دؤر حکومت میں قدم قدم پر دنگے، فساد اور کرفیو عام بات ہوا کرتی تھی۔لیکن گزشتہ دس سال کے دؤران ہمارے دؤر حکومت میں ایک مرتبہ بھی کرفیو نافذ نہیں کیا گیا اور نہ ہی دنگے فساد ہوئے۔انہوں نے کہاکہ ہم ہندو اور مسلمانوں کو ہماری دو آنکھ سمجھتے ہیں۔دیوالی اور رمضان مل جل کرمنانے کی گنگا جمنی تہذیب کو زندہ رکھے ہوئے ہیں اور آئندہ بھی رکھیں گے۔

اپنا خطاب جاری رکھتےہوئے وزیراعلیٰ کے سی آر نے کہاکہ میں آپ سے وعدہ کرتاہوں کہ جب تک میں زندہ رہوں گاریاست تلنگانہ ایک سیکولر ریاست رہے گی اور یہاں کی گنگا جمنی تہذیب برقرار رہے گی ۔انہوں نے کہاکہ ہم شروع سے ہی بھائی چارگی کے معاملہ میں پورے ملک کے لیے ایک مثال بن کر رہے ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔

وزیراعلیٰ کے سی آر نے اپنے خطاب میں کہاکہ منشائےوقف کےتحت جو جائیدادیں ہیں ان کے ذریعہ صنعتیں قائم کرنے اورمسلمانوں کے لیے مستقبل میں خصوصی آئی ٹی پارک کے قیام کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کی ترقی کےلیے مزید ذرائع پیدا کیےجائیں گے اور مسلمانوں کے چہروں پر خوشی دیکھنا ان کا مقصد ہے۔

وزیراعلیٰ کے سی آرنے اس جلسہ سے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم بچوں کے لیے ریاست میں اسکولس قائم کیے گئے پھر اس کے بعد کالجس کا قیام عمل میں لایا گیا۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں حکومت کی جانب سے مسلم بچوں کے لیے ڈگری کالجس بھی قائم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ نے کہاکہ کانگریس دؤر حکومت میں متحدہ آندھرا پردیش میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود پر 2 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے گئے تھے۔لیکن ریاست تلنگانہ میں بی آر ایس حکومت کے گزشتہ دس سالہ دؤر اقتدار میں 12 ہزار کروڑ روپئے صرف کیےگئے ہیں اور آئندہ اس میں مزید اضافہ کیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ طویل جدوجہد کے بعد تلنگانہ حاصل کیا گیا ہے اور رائے دہندے حکومت کی دس سالہ کارکردگی کا جائزہ لے کر ہی ووٹ دیتے وقت درست فیصلہ کریں۔

وزیراعلیٰ کے سی آر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کانگریس نے متحدہ آندھرا پردیش میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی،برقی کی قلت کا سامنا تھا اور پینے کا پانی تک فراہم نہیں کیا جاتا تھا،لیکن آج گریجن تانڈوں تک مشن بھاگیرتا کےتحت پینے کا صاف پانی پہنچایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو ایک منظم منصوبہ کے تحت ترقی دی گئی ہے۔وزیراعلیٰ نے اپنےخطاب میں ماہانہ وظائف،کنٹی ویلگو،کے سی آر کٹ،لڑکیوں اورلڑکوں کی پیدائش پر رقمی امداد، مستحق لڑکیوں کی شادیوں کے لیے شادی مبارک اور کلیانہ لکشمی اسکیم،کسانوں کے لیےرعیتو بندھو اور رعیتو بیمہ کے علاوہ دیگر اسکیمات کا بھی ذکر کیا۔

وزیر اعلیٰ کے سی آر کا اردو میں خطاب "

وزیراعلیٰ نے کہاکہ نقصان کے باجود کسانوں سے دھان کی خریدی کے لیے ریاست میں 7 ہزار سے زائد خریدی مراکزقائم کیے گئے،سڑکوں کو بہتر بنایا گیا،تالابوں کو قابل استعمال بنایا گیاجس سے زیر زمین ذخائر آب میں اضافہ ہوا۔وزیر اعلیٰ کے سی آر نے کہا کہ اگر کانگریس اقتدار پر آئی تو برقی سربراہی میں کمی کی جائے گی،کیونکہ کانگریس کرناٹک میں کسانوں کو صرف پانچ گھنٹے برقی دربراہ کررہی ہے،اسی طرح دھرانی پورٹل کی منسوخی سے عوام کو نقصان ہوگا۔رعیتو بندھوکے علاوہ دیگر اسکیمات ختم کی جائیں گی اور ماضی کی طرح عوام کو دفاتر کے چکر لگانے پڑیں گے اور پھر دلالوں اور رشوت کا بازار گرم ہوگا کیونکہ رشوت کا دوسرا نام ہی کانگریس ہے۔

رکن اسمبلی و بی آر ایس پارٹی امیدوار حلقہ اسمبلی تانڈورپائلٹ روہت ریڈی کومقامی اور ایک ایماندار شخص قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ کے سی آر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پائلٹ روہت ریڈی نے ارکان اسمبلی کی خریدی کی کوشش کے معاملہ بی جے پی والوں کو جیل بھجوایا تھا اور ان کی ہر نمائندگی پر تانڈور کی ترقی کے لیے فنڈس جاری کیے گئے۔

وزیراعلیٰ کے سی آر نے کہاکہ رکن اسمبلی تانڈور کی دوبارہ کامیابی ضروری ہے۔تاکہ تمام اسکیمات پرعمل آوری جاری رہے اورتانڈور کی مزید بہتر ترقی ہو۔انہوں نے کہاکہ تانڈور اب بھی پسماندہ ہے مزید ترقی کو وہ یقینی بنائیں گے۔اس جلسہ سے ریاستی وزیر اطلاعات و معدنیات ڈاکٹر پی۔مہیندر ریڈی نےبھی خطاب کرتےہوئے بی آر ایس حکومت کے دؤران تلنگانہ کی مثالی ترقی کے علاوہ ان کے دؤر میں بحیثیت وزیر ٹرانسپورٹ تانڈور کی ترقی کے لیے صرف کیے گئے کروڑہا روپئے کا تذکرہ کرتے ہوئے پائلٹ روہت ریڈی کو دوبارہ کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔

قبل ازیں رکن اسمبلی و بی آر ایس پارٹی امیدوار حلقہ اسمبلی تانڈورپائلٹ روہت ریڈی نے بھی اس انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ انہوں نے گزشتہ انتخابات میں جو وعدہ کیے تھے انہیں مکمل کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ تانڈور کی مزید ترقی کے لیے انہیں دوبارہ آشیرواد دیتے ہوئے کامیاب بنایا جائے۔پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ انہیں شکست دینے کے لیے تمام طاقتیں ایک سازش کے تحت ایک ہوئی ہیں۔

پائلٹ روہت ریڈی نے اپوزیشن (کانگریس ) امیدوار کو غیر مقامی قرار دیتےہوئے کہاکہ وہ تانڈور سےواقف ہی نہیں ہیں اورمقامی شخص مقامی ہی ہوتا ہے۔انہوں نے اپیل کی کہ 30 نومبر کو ہر کوئی اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے انہیں کامیاب بناتے ہوئے ان سازشوں کو ناکام بنائیں۔

اس جلسہ عام میں صدرنشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل،نائب صدرنشین بلدیہ پٹلولا دیپا نرسملو،صدرضلع لائبرریزراجو گوڑ،صدر ٹاؤن بی آرایس ایم اےنعیم افو، کارگزار صدر سید زبیر لالہ،بی آر ایس پارٹی قائدین کرنم پرشوتم راؤ،سابق نائب صدرنشین بلدیہ ایم اے علیم،رکن ضلع آر ٹی اے محمد جاوید، صدر اردو گھر وشادی خانہ عبدالرزاق،ارکان بلدیہ محمدمختار احمد ناز، محمد آصف،محمد اسلم،غلام مصطفیٰ پٹیل،سابق ارکان بلدیہ،عوامی نمائندے اور دیگر قائدین شریک تھے۔

یہ بھی پڑھیں ” 

وقارآباد ضلع میں رائے دہی کے لیے تمام تیاریاں مکمل، ضلع الیکشن آفیسر و ضلع کلکٹر نارائن ریڈی کی پریس کانفرنس

تانڈور میں 40 لاکھ روپئے کی نقد رقم ضبط، موٹرسیکل کے ذریعہ رقم کی منتقلی کے دؤران پولیس کی کارروائی

چیف منسٹر کے سی آر سیکولر شخصیت کے مالک، بی جے پی کی بی ۔ٹیم ہونے کا الزام ایک سازش، تانڈور میں مسلم اجلاس