تانڈور میں 40 لاکھ روپئے کی نقد رقم ضبط
موٹرسیکل کے ذریعہ رقم کی منتقلی کے دؤران پولیس کی کارروائی
وقارآباد/تانڈور: 21۔نومبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)
ریاست تلنگانہ میں 30 نومبر کو ہونے والی رائے دہی کےعمل تک انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ رہے گا۔انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ تک پولیس کی تلاشی مہم کے ذریعہ 50 ہزار روپئے سے زائد رقم، زیورات، شراب، نشیلی اشیاء اور دیگر قیمتی اشیاء کی ضبطی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
9 اکتوبر کو مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے تلنگانہ اسمبلی انتخابات کا شیڈول جاری کیےجانے کےفوری بعد انتخابی ضابطہ اخلاق نافذہونے کے بعدسے وقارآبادضلع کے مختلف مقامات پر کروڑوں روپئے مالیتی نقد رقم،زیورات،شراب، گانجہ اور دیگر اشیاء کی بڑے پیمانے پرضبطی عمل میں لائی جا چکی ہے۔
اسی دؤران آج 21 نومبر کو وقارآبادضلع کے تانڈور ٹاؤن میں موجود بس اسٹانڈ کے قریب پولیس نے 40 لاکھ روپئے نقد رقم ضبط کر لی ہے جو موٹر سیکل کے ذریعہ تھیلوں میں رکھ کر منتقل کی جارہی تھی۔
اس واقعہ کی تفصیلات سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(اربن) راجندر دیڈی کےمطابق پدیمول منڈل کےمارے پلی میں موجود سمترا کاٹن مل کے ونئے گارگ اور ویرا ریڈی موٹرسیکل پر اپنے ساتھ دو بیاگ لےجارہے تھےکہ شبہ کی بنیاد پر پولیس نے انہیں روک کر تلاشی لی تو ان دونوں بیاگوں میں جملہ 40 لاکھ روپئے کی رقم موجود تھی جسے پولیس نے ضبط کرلیا۔
سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (اربن) راجندر دیڈی نے بتایا کہ ضبط شدہ رقم میں 500 روپئے کے حامل 6,000 نوٹ، 100 روپئے کے حامل 7,000 نوٹ اور 50 روپئے کے حامل 6,000 نوٹ شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ رقم منتقل کرنےوالے دونوں افراد کے پاس اس رقم سے متعلق جائز اور قابل قبول دستاویزات موجود نہیں تھے۔راجندر ریڈی نے بتایا کہ یہ رقم کہاں منتقل کی جارہی تھی اس کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور ضبط شدہ رقم محکمہ انکم ٹیکس کے حوالے کی جائے گی۔
دوسری جانب ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے 13 نومبر کو جاری کردہ پریس نوٹ میں بتایا تھا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کےبعد سے 13 نومبر تک وقارآبادضلع کےمختلف مقامات پر پولیس کی تلاشی مہم کے دؤران 2 کروڑ 54 لاکھ،24 ہزار 951 روپئے نقد رقم ضبط کی گئی ہے جن کے مناسب اور قابل قبول دستاویزات موجود نہیں تھے۔
ساتھ ہی مناسب دستاویزات نہ ہونے کے باعث 45 تولے سونا کے زیورات، 42 موبائل فونس، 45 چائے کے تھرماس اور 708 پرفیوم کی بوتلوں کے علاوہ پولیس کی جانب سے گاڑیوں کی تلاشی مہم کے دؤران نشہ آور اشیاء پربھی نظر رکھتے ہوئے ضلع میں 17 لاکھ، 44 ہزار، 697 روپئے مالیتی 3,456 لیٹر شراب اور 3 لاکھ،45 ہزار روپئے مالیتی 14 کلو گرام گانجہ بھی ضبط کی گئی ۔
ضلع ایس پی نے بتایاتھاکہ ان ضبط شدہ زیورات کی مالیت 22 لاکھ 90 ہزارر وپئے ہے۔جبکہ ضبط شدہ موبائل فونس،پرفیوم کی بوتلوں اور چائے کے تھرماس کی مالیت 9 لاکھ 61 ہزار روپئے ہے اور ان تمام ضبطی کے معاملات میں پولیس نے کیس درج رجسٹر کرلیے ہیں۔
” یہ بھی پڑھیں "


