وقار آباد ضلع میں رائے دہی کے لیے تمام تیاریاں مکمل
انتخابی اخراجات پیش نہ کرنے پر انتخابات کے بعد نااہل قرار دیا جائے گا
ضلع الیکشن آفیسر و ضلع کلکٹر نارائن ریڈی کی پریس کانفرنس
وقارآباد/تانڈور : 21۔نومبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)
ضلع الیکشن آفیسر و کلکٹر ضلع وقارآباد نارائن ریڈی نے کہا ہے کہ اسمبلی انتخابات کی رائے دہی کے انعقاد کے لیے ضلع میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے اختتام کے بعد سے رائے دہی تک 48 گھنٹوں تک گہری نظر رکھی جائے گی۔انہوں نے انتباہ دیا کہ انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کرنے پرسخت کارروائی کی جائے گی۔
ضلع کلکٹر نے آج تانڈور میں الیکشن رٹرننگ آفیسر کے دفتر کا دؤرہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا۔بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع الیکشن آفیسر و کلکٹر ضلع وقارآباد نارائن ریڈی نے کہاکہ وقارآبادضلع میں موجود چار اسمبلی حلقہ جات وقارآباد، تانڈور، پرگی اور کوڑنگل میں جنگی خطوط پر انتظامات کیے گئے ہیں اور جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ وقارآباد ضلع میں جملہ 9 لاکھ 60 ہزار سے زائد رائے دہندے موجود ہیں اور مذکورہ چاروں اسمبلی حلقہ جات میں 1,133 مراکز رائے دہی قائم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر فہرست رائے دہندگان،انتخابی عملہ اور ووٹنگ کا سامان تیار کرلیا گیا ہے۔اور رائے دہندگان میں ووٹر سلپ تقسیم کی گئی ہیں جن پر ووٹ دینے کا طریقہ اور سی۔ویجیل کے متعلق معلومات فراہم کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 30 نومبر کو رائے دہی کے دن مراکز رائے دہی پر ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیے جائیں گے۔
ضلع کلکٹر نے بتایاکہ اپنے مکانات سےحق رائے دہی کے استعمال کےلیے ضلع کے 151 بزرگ اورمعذور رائے دہندوں سے اور انتخابی خدمات انجام دینےوالے 7,000 انتخابی عملہ سے بھی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ضلع کلکٹر نے بتایا کہ 23 اور 24 نومبر کو بزرگ اور معذور افراد کے ووٹ ان کے مکانات پہنچ کرحاصل کیے جائیں گے۔اور کل سے الیکشن رٹرننگ آفیسرس کے دفاتر پر انتخابی عملہ کےووٹ پوسٹل بیالیٹ کے ذریعہ حاصل کئے جائیں گے۔کل سے انتخابی عمل کے لیے دوسرے مرحلہ کے تحت تربیتی پروگرام منعقد کیا جائے گا۔
ضلع الیکشن آفیسر و کلکٹر ضلع وقار آباد نارائن ریڈی نے کہا کہ اب تک تمام امیدواروں سے بہتر تعاون حاصل ہورہا ہے۔ضلع کلکٹر نے انتباہ دیا کہ امیدوار اگر حساب کتاب پیش کیے بغیر خرچ کرتے ہیں تو انتخابات کے بعد انہیں نااہل قرار دیا جائے گا۔ضلع کلکٹر نے کہا کہ انتخابی مہم کے اختتام کے بعد 48 گھنٹوں تک خاموش انتخابی مہم کے دوران رائے دہندگان کو راغب کرنے کے لیے رقم،شراب یا دیگر اشیاء کی تقسیم پر سخت نظر رکھی جائے گی اور اس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے خواہش کی کہ پر امن ماحول میں انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام کا تعاون ناگزیرہے۔ضلع الیکشن آفیسر و کلکٹر ضلع وقارآباد نارائن ریڈی کے دؤرہ کےموقع پر الیکشن رٹرننگ آفیسر حلقہ اسمبلی تانڈورسرینواس راؤ، ڈی ایس پی تانڈورجی۔شیکھر گوڑ،تحصیلدار تارا سنگھ کے علاوہ تمام امیدوار اور ان کے ایجنٹ موجود تھے۔
” یہ بھی پڑھیں "
تانڈور میں 40 لاکھ روپئے کی نقد رقم ضبط، موٹرسیکل کے ذریعہ رقم کی منتقلی کے دؤران پولیس کی کارروائی
" اسمبلی حلقہ تانڈور کے تمام 21 امیدواروں کے نام اور رائے دہندوں کی مکمل تفصیلات اس لنک پر "
” وقار آباد ضلع کے چاروں اسمبلی حلقہ جات کی مکمل تفصیلات اس لنک پر "

vikarabaddistrict#
telangana#
telanganaassemblyelections#

