وقارآباد ضلع میں جملہ 9 لاکھ 60 ہزار 376 رائے دہندے موجود ، وقارآباد سے 12، تانڈور سے 21، پرگی سے 15 اور کوڑنگل سے 13 امیدوار میدان میں

وقار آباد ضلع میں جملہ 9 لاکھ 60 ہزار 376 رائے دہندے موجود
وقار آباد سے 12، تانڈور سے 21، پرگی سے 15 اور کوڑنگل سے 13 امیدوار
الیکشن آفیسر و ضلع کلکٹر نارائن ریڈی کی پریس کانفرنس

حیدرآباد/وقارآباد: 15۔نومبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)

ریاست تلنگانہ میں ہونے والے ریاستی اسمبلی کے انتخابات کے لیے 30 نومبر کو ووٹنگ ہونے والی ہے۔ان ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان 3 ڈسمبر کو ہوگا۔

اس سلسلہ میں آج شام ضلع کلکٹر و الیکشن آفیسر ضلع وقارآباد نارائن ریڈی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے بتایا کہ پرچہ نامزدگیوں کی واپسی کےعمل کے اختتام کے بعد اب وقارآباد ضلع کے حلقہ اسمبلی وقارآباد میں 12 امیدوار میدان میں ہیں،جبکہ حلقہ اسمبلی تانڈور میں سب سے زیادہ 21 امیدوار میدان میں ہیں۔اسی طرح پرگی اسمبلی حلقہ سے 15 اور حلقہ اسمبلی کوڑنگل سے 13 امیدوار مقابلہ کر رہے ہیں۔آج تانڈور میں چار اور کوڑنگل میں دو امیدواروں نے اپنا پرچہ نامزدگی واپس لے لیا ہے۔

الیکشن آفیسر و کلکٹر ضلع وقار آباد نارائن ریڈی کی جانب سے آج جاری کردہ فہرست رائے دہندگان کے مطابق وقارآباد ضلع کے ان چاروں اسمبلی حلقہ جات میں جملہ 9 لاکھ 60 ہزار 376 رائے دہندے موجود ہیں۔
ان میں مرد رائے دہندوں کی تعداد 4 لاکھ 77 ہزار 528 ہے۔
اور خاتون رائے دہندگان کی تعداد 4 لاکھ 82 ہزار 808 ہے۔
اس طرح ضلع وقارآباد میں مرد رائے دہندوں کی بہ نسبت 5,280 خاتون رائے دہندوں کی تعداد زیادہ ہے۔
وہیں ضلع میں 40 رائے دہندگان کا تعلق تیسری صنف سے ہے۔

فہرست رائے دہندگان کے مطابق

حلقہ اسمبلی وقار آباد میں :
جملہ 2 لاکھ 28 ہزار 253 رائے دہندے موجود ہیں جن میں۔
ایک لاکھ 14 ہزار 321 خاتون رائے دہندگان
ایک لاکھ 13 ہزار 919 مرد رائے دہندے
اور 13 تیسری صنف کے رائے دہندے شامل ہیں۔

حلقہ اسمبلی تانڈور میں :
جملہ 2 لاکھ 36 ہزار 76 رائے دہندگان موجود ہیں۔جن میں
ایک لاکھ 15 ہزار 143 مرد رائے دہندے
ایک لاکھ 20 ہزار 927 خاتون
6 تیسری صنف کے رائے دہندگان شامل ہیں۔

حلقہ اسمبلی کوڑنگل میں :
جملہ 2 لاکھ 36 ہزار 625 رائے دہندگان موجود ہیں۔جن میں
ایک لاکھ 17 ہزار 303 مرد رائے دہندے
ایک لاکھ 19 ہزار 310 خاتون رائے دہندگان 
12 رائے دہندگان کا تعلق تیسری صنف سے ہے۔

حلقہ اسمبلی پرگی میں :
جملہ 2 لاکھ 59 ہزار 422 رائے دہندگان موجود ہیں جن میں:
ایک لاکھ 31 ہزار 163 مرد رائے دہندے
ایک لاکھ 28 ہزار 250 خاتون رائے دہندگان
9 رائے دہندگان تیسری صنف سے تعلق رکھتے ہیں۔

کلکٹر ضلع وقارآباد نارائن ریڈی نے بتایا کہ 30 نومبر کو منعقدہ رائے دہی کے لیے
اسمبلی حلقہ وقارآباد میں : 284
حلقہ اسمبلی تانڈور میں : 269
حلقہ اسمبلی پرگی میں : 305
حلقہ اسمبلی کوڑنگل میں: 275
مراکز رائے دہی قائم کئے جائیں گے۔جہاں اتنی ہی تعداد میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین(ای وی ایم) موجود ہوں گی۔

اس پریس کانفرنس میں ضلع الیکشن آفیسرو کلکٹر ضلع وقار آباد نارائن ریڈی نے بتایا کہ وقار آباد ضلع میں موجود حلقہ اسمبلی کوڑنگل کوحساس ترین حلقہ اسمبلی کی فہرست میں رکھا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اسمبلی حلقہ کوڑنگل میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی اور بی آر ایس پارٹی امیدوار پی۔نریندر ریڈی کےدرمیان مقابلہ ہے۔جو کہ ریاستی وزیر اطلاعات و معدنیات ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی کے چھوٹے بھائی ہیں اور 2018ء میں منعقدہ ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں پی۔نریندر ریڈی نے ہی ریونت ریڈی کو شکست سے دوچار کیا تھا۔