تانڈور کی جدید عیدگاہ میں بارانِ رحمت کے لیےنمازِ استسقاء کا اہتمام, سینکڑوں فرزند اسلام کی شرکت, برادران وطن بھی پہنچے

تانڈور کی جدید عیدگاہ میں بارانِ رحمت کے لیےنمازِ استسقاء کا اہتمام
سینکڑوں فرزند اسلام کی شرکت ، برادران وطن بھی پہنچے

وقارآباد/تانڈور: 19 ۔جولائی۔(سحرنیوزبیورو)

مانسون کے آغاز کو تقریباً ڈیڑھ ماہ گزر جانے کے باوجود ناکافی بارش، بڑھتی ہوئی گرمی، خشک سالی ، خشک ہوتی فصلوں سے پریشان کسانوں، عوام اور بے زبان چرند و پرند کو درپیش مشکلات کے پیشِ نظر تانڈور میں واقع وسیع و عریض جدید عیدگاہ  میدان میں آج اتوار 19 جولائی کو دس بجے دن بارانِ رحمت کے لیے "نمازِ استسقاء ”  کا روح پرور اہتمام کیا گیا تھا۔

اس موقع پر سینکڑوں مسلمانوں نے اللہ تعالیٰ کے حضور عاجزی و انکساری کے ساتھ سجدہ ریز ہو کر بارش، رحمت اور خیر و برکت کی دعائیں مانگیں۔ یہ منظر نہ صرف ایک عظیم روحانی اجتماع تھا بلکہ اتحادِ امت، قومی یکجہتی، بھائی چارہ اور انسانیت سے محبت کی ایک روشن مثال بھی بن گیا۔

نمازِ استسقاء میں اہلسنت والجماعت، تبلیغی جماعت، جمعیت اہلحدیث، جماعتِ اسلامی ہند سمیت مختلف دینی و سماجی تنظیموں کے ذمہ داران اور امتِ مسلمہ کی بڑی تعداد نے متحد ہو کر شرکت کی۔ تمام مکاتب فکر کے مسلمانوں نے اختلافات سے بالاتر ہو کر اللہ رب العزت کی بارگاہ میں اجتماعی طور پر بارانِ رحمت کے لیے رقت انگیزدعا کی۔

نمازِ استسقاء کی امامت حافظ و قاری مولانا محمدشکیل احمد نظامی ،ناظم مدرسہء  مدینتہ العلوم نے کی۔ نماز کے بعد سنت کے مطابق ہاتھ الٹے کر کے خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا، جس میں بارش، امن و امان، ملک و ملت کی سلامتی، کسانوں کی خوشحالی، فصلوں کی سرسبزی، بے زبان جانوروں کی حفاظت اور پوری انسانیت کے لئے خیر و برکت کی رقت انگیز دعائیں کی گئیں۔

اجتماع کے دوران علماء کرام نے اپنے مختصر خطابات میں کہا کہ نمازِ استسقاء اسلامی تعلیمات کا ایک اہم حصہ ہے۔ جب بارش میں تاخیر ہو یا خشک سالی کی کیفیت  پیدا ہو جائے تو مسلمان اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرتے ہوئے توبہ، استغفار اور اجتماعی دعا کا اہتمام کرتے ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں کو گناہوں سے سچی توبہ کرنے، نیکیوں کو اپنانے اور باہمی اتحاد و اخوت کو مضبوط بنانے کی تلقین بھی کی۔

یہ روحانی اجتماع صرف بارش کے لئے دعا تک محدود نہیں رہا بلکہ اس نے شہر میں مذہبی ہم آہنگی، اتحادِ امت اور سماجی یکجہتی کا ایک خوشگوار پیغام بھی دیا۔ اس موقع پر متعدد برادرانِ وطن نے بھی شرکت کی اور کسانوں، عوام اور چرند و پرند کی بھلائی کے لئے مسلمانوں کی جانب سے نمازِ استسقاء کے اہتمام کو سراہتے ہوئے اسے انسانیت دوستی اور اجتماعی خیر خواہی کا بہترین نمونہ قرار دیا۔

نمازِ استسقاء کے کامیاب انعقاد کے لیے صدر عیدگاہ و قبرستان کمیٹی محمد یوسف خان اور کمیٹی کے دیگر اراکین نے بہترین انتظامات کیے تھے۔ شرکاء کے لیے پینے کے پانی سمیت دیگر ضروری سہولیات فراہم کی گئی تھیں۔