تانڈور میں قفل شکنی کے ذریعہ مکان سے 20 لاکھ روپئے کی چوری کا معاملہ حل، رقم برآمد ، دو گرفتار، تین فرار : ضلع ایس پی کی پریس کانفرنس

تانڈور میں قفل شکنی کے ذریعہ مکان سے 20 لاکھ روپئے کی چوری کا کیس حل
کچرے کے ڈبے میں چھپائے گئے 19 لاکھ برآمد، دو نوجوان گرفتار، تین فرار
ایس پی ضلع وقارآباد کوٹی ریڈی کی پریس کانفرنس، مقامی پولیس کو مبارکباد

وقارآباد/تانڈور : 19۔جولائی
(سحرنیوزڈاٹ کام/نمائندہ)

وقارآباد ضلع کے تانڈور ٹاؤن میں 15 جولائی کوعسکری مسجد کےقریب موجود محمد واجد آرٹی اے کنسلٹنٹ کے مقفل مکان سے قفل شکنی کے ذریعہ 20 لاکھ روپئے سے زائد رقم کی چوری کا معاملہ تانڈور پولیس نے اندرون 72 گھنٹے حل کرتے ہوئے اس واردات میں ملوث دو نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے،جبکہ دیگر تین سارق مفرور ہیں۔

چوری کے بعد ان کی جانب سے ایک کچرے کے ڈبے میں چھپائے گئے 19 لاکھ روپئے بھی پولیس نے برآمد کرلیے۔ چوری کرنے کے بعد ایک لاکھ روپئے ان پانچ سارقوں نے آپس میں تقسیم کرلیے تھے۔

اس سلسلہ میں آج تانڈور پولیس اسٹیشن میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ایس پی ضلع وقارآباد نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے برآمد کی گئی رقم اور گرفتار کیے گئے دو نوجوانوں کو میڈیا کے سامنے پیش کیں اور تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ محمد واجد 13 جولائی کو اپنا مکان مقفل کرکے افراد خاندان کے ساتھ دعوت میں شرکت کی غرض سے حیدرآباد روانہ ہوئے تھے۔

جب وہ 15 جولائی کو اپنے مکان واپس پہنچے تو دیکھاکہ ان کےمکان کا دروازہ ٹوٹا ہوا تھا، مکان کے اندر جاکر دیکھا تو الماری بھی کھلی ہوئی تھی محمد واجد نے اس سرقہ کی شکایت تانڈور پولیس اسٹیشن میں درج کروائی تھی کہ چند دن قبل انہوں نے کندینلی روڈ پر موجود اپنا پلاٹ فروخت کیا تھا اور 20 لاکھ روپئے سے زائد رقم الماری میں رکھ کر وہ مکان اور الماری کو مقفل کر کے حیدرآباد روانہ ہوئے تھے۔قفل شکنی کے ذریعہ نامعلوم سارقوں نے الماری میں موجودرقم کا سرقہ کرلیا گیاہے۔

ایس پی ضلع وقارآباد نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے بتایا کہ شکایت درج کرنے کے بعد ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھر گوڑ کی نگرانی اور سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور راجندر ریڈی کی قیادت میں خصوصی تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔متاثرہ مکان اور دیگر مقامات کے سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج کی مدد سے پولیس نے ابوبکر قریشی( 21سالہ ) کو اپنی تحویل میں لےلیا۔جس نے قبول کرلیاکہ سرقہ کی وارادت اس نے اور اس کے دیگر چار ساتھیوں نے انجام دی ہے۔

ابوبکر قریشی نے محمد واجد کے پاس چند دنوں تک ملازمت کی تھی جسے معلوم تھا کہ محمد واجد کے پاس پلاٹ کی رقم 20 لاکھ روپئے سے زائد رقم موجود ہے۔ضلع ایس پی کےمطابق ابوبکر قریشی نے اپنے خالہ زاد بھائی صفیان(25سالہ)کے ساتھ مل کر سرقہ کا منصوبہ بنایا اور اس کے لیے انہوں نے تانڈور کے ساکن محمد خلیل،قدیم تانڈور کے ساکن توصیف، اندرماں کالونی کے ساکن دیپک کو شامل کرلیا۔

محمد واجد کے مقفل مکان میں سرقہ کی وارادت انجام دینے کی غرض سے ابوبکر قریشی اور خلیل نے رائل کانٹا کے قریب سے ایک آہنی راڈ حاصل کیا اور رات 11 بجے موٹرسیکل کےذریعہ محمد واجد کے مکان پہنچے جبکہ توصیف،ابوصفیان اور دیپک آٹو رکشا کے ذریعہ پہنچ کر قریب ہی موجود ریلوے فلائی اوور بریج کے نیچے کھڑے ہوگئے۔

بعدازاں ابوبکر اور خلیل مقفل مکان میں عقبی حصہ سے داخل ہوئے اور مکان کا قفل توڑکر اندر داخل ہوکر الماری کی کنجیاں وہیں موجود تھیں تو الماری کھول کر رقم کا سرقہ کرلینے کے بعد یہ دونوں اور آٹو رکشا میں بیٹھے تینوں سارق شاہی پور روڈ پر بند پڑی ہوئی ہوٹل 365 پہنچے ان تمام نے سرقہ کیے گئے 500 روپیوں کے نوٹوں پرمشتمل 20 لاکھ روپئے کے 40 بنڈلوں کا شمار کرنے کے بعد اس میں سے ایک لاکھ روپئے لے کر آپس فی کس 20 ہزار روپئےتقسیم کر لیے اور ماباقی 19 لاکھ روپئے وہیں موجود ایک کچرے کے ڈبے میں چھپاکر فرار ہوگئے۔

اس سلسلہ میں پولیس نے سرقہ کی واردات میں ملوث ابوبکر قریشی اور صفیان کو گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں روانہ کردیا۔جبکہ توصیف، خلیل اور دیپک مفرور ہیں۔ضلع ایس پی این۔کوٹی ریڈی نے بتایاکہ گرفتار شدہ ابوبکر اور صفیان پر پہلے سے کوئی کیس درج نہیں ہیں جبکہ مفرور تینوں نوجوانوں پر ماضی میں جھگڑا فساد کے کیس درج ہیں۔

اس کیس کو 72 گھنٹے میں حل کرتےہوئے سارقوں کی گرفتاری اور مسروقہ رقم برآمد کرلیےجانے پرضلع ایس پی نے پریس کانفرنس میں موجود ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھرگوڑ  اور سرکل انسپکٹر راجندرریڈی کو مبارکباد دی اور ان کے ساتھ تحقیقات میں شامل پولیس کانسٹیبلس محمد امجد،محمد شبیر، شیوا اور سائپا کو مبارکباد دیتے ہوئے نقد رقمی ریوارڈ پیش حوالے کیا۔

اس پریس کانفرنس میں ضلع ایس پی این۔کوٹی ریڈی نے کہاکہ مقامی رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی اور دیگر کی جانب سے مختلف مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کی وجہ سے اس کیس کو جلد حل کرلیا گیا۔انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ اپنے مکانات اور کالونیز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرلیں۔جس کے باعث ایسی وارداتوں کے انجام دئیے جانے کا امکان کم ہوتا ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں

وقارآباد ضلع : تانڈور میں عسکری مسجد کے قریب قفل شکنی کے ذریعہ ایک مکان سے 28 لاکھ روپئے کی چوری کا سنسنی خیز واقعہ

راہول گاندھی سے ہریانہ کی زرعی مزدور خواتین کی خواہش، دہلی مدعو، دہلی میں تفریح، سونیا گاندھی کا خواتین کے ساتھ رقص، ویڈیو وائرل

حیدرآباد ایئرپورٹ دو مسافروں کے قبضہ سے ایک کروڑ روپئے مالیتی سونا ضبط