وقار آباد ضلع : تانڈور میں عسکری مسجد کے قریب قفل شکنی کے ذریعہ
ایک مقفل مکان سے 28 لاکھ روپئے کی چوری کا سنسنی خیز واقعہ
وقارآباد/تانڈور : 15۔جولائی
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)
وقار آباد ضلع کے تانڈور ٹاؤن کی عسکری لین میں موجود مسجد عسکری کےقریب موجود ایک مقفل مکان میں نامعلوم سارقوں نے قفل شکنی کے ذریعہ 28 لاکھ روپئے کی چوری کی دلیرانہ واردات انجام دی ہے۔جس کے باعث عسکری لین کے علاوہ اس سے منسلک آدرش نگر،شانتی نگر اور گرین سٹی کے بشمول تانڈور ٹاون میں سنسنی پھیل گئی ہے۔
بس اسٹانڈ کے عقبی حصہ اور ریلوے فلائی اوور بریج کے نیچے موجودعسکری لین میں پیش آئی اس واردات کی تفصیلات متاثرہ مکان کے مالک محمد واجد جوکہ آرٹی اےکنسلٹنٹ ہیں کے مطابق ان کے بڑے بھائی کے فرزنند کی ولیمہ تقریب میں شرکت کی غرض سے وہ اپنے افراد خاندان کے ساتھ مسجد عسکری کے قریب موجود اپنے مکان کومقفل کر کے کل سہء پہر حیدرآباد روانہ ہوئے تھے۔
گذشتہ رات دیرگئےجب یہ خاندان حیدرآباد سےواپس اپنے مکان پہنچا تو مکان کا دروازہ ٹوٹا ہوا پایا۔جب اندر جا کر دیکھا گیا تو بیڈروم میں موجود الماری بھی ٹوٹی ہوئی پائی گئی اور اس میں موجود اشیاء اور دیگر اشیاء بکھری ہوئی پائی گئیں۔
محمد واجد نے بتایا کہ چند دن قبل انہوں نے کندینلی روڈ پر موجود اپنا پلاٹ 26 لاکھ روپئے میں فروخت کیا تھا اور ان کے پاس دو لاکھ روپئے نقد موجود تھے۔اس طرح جملہ 28 لاکھ روپئے الماری میں رکھ کر وہ مکان اور الماری کو مقفل کر کے حیدرآباد روانہ ہوئے تھے۔قفل شکنی کے ذریعہ نامعلوم سارقوں نے الماری میں موجود 28 لاکھ روپئے کا سرقہ کرلیاہے۔انہوں نے بتایا کہ اس چوری کی شکایت پولیس میں درج کروائی گئی ہے۔
اس سرقہ کی واردات کی اطلاع پر ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھر گوڑ، سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (اربن)،اجندر ریڈی اور دیگر پولیس عہدیداروں نے متاثرہ مکان کا مشاہدہ کیا اور تفصیلات حاصل کیں۔فورنسک ٹیم بھی طلب کرلی گئی تھی۔عسکری لین میں قفل شکنی کے ذریعہ اتنی بڑی رقم کی چوری کی اطلاع کے بعد قریبی کالونیوں کے علاوہ شہر میں سنسنی کی لہر دوڑ گئی ہے۔تانڈورپولیس نے اس سرقہ کی واردات کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
اس سلسلہ میں آج رات جاری کردہ پریس نوٹ میں سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (اربن) راجندر ریڈی نے قفل شکنی کے ذریعہ سرقہ کی گئی رقم کو 20 لاکھ روپئے بتاتےہوئے کہاہےکہ اس سلسلہ میں ایک کیس درج رجسٹر کرلیا گیاہے اور سارقوں کو پکڑنے کی غرض سے پولیس کی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔
اس واردات کی اطلاع عام ہونے کے بعد تانڈورکے شہریوں کا مطالبہ ہےکہ تانڈور میں رات کے اوقات میں پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے اور شہر کے تمام اہم مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو مکمل طور پر کارکرد بنایا جائے۔تاکہ ایسی وارداتوں کا سد باب ہو۔
" یہ بھی پڑھیں "

بنگلورو ایئر ایرپورٹ پر ایر کرافٹ کی ایمرجنسی لینڈنگ، طیارہ نے ناک کے بل بحفاظت لینڈنگ کی

