وقارآباد ضلع میں ایک ماہ کے لیے پولیس ایکٹ نافذ، ضلع ایس پی کے احکام جاری
بلاء اجازت ضلع میں جلسوں، جلوس، ریالی ،احتجاج ،دھرنوں اورڈی جے ساونڈ پر پابندی
حیدرآباد/وقارآباد: 01۔جولائی (سحرنیوزبیورو)
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع وقارآباد محترمہ سنیہا مہرہ آئی پی ایس کی جانب سےآج یکم جولائی کو جاری کردہ احکام کے مطابق وقارآباد ضلع میں امن و امان کی برقراری اور عوامی تحفظ کی غرض سے پولیس ایکٹ 1861کے تحت آج یکم ؍جولائی تا 31؍جولائی ایک ماہ کے لیے پولیس ایکٹ نافذ کر دیا گیا ہے ۔
ضلع ایس پی محترمہ سنیہا مہرہ آئی پی ایس کے احکام کے مطابق اس پولیس ایکٹ کے نفاذ کے دوران ضلع میں بناء پولیس کی پیشگی اجازت کہ کسی بھی قسم کے دھرنوں، راستہ روکو احتجاج، احتجاجی سرگرمیوں، جلوسوں ، ریالیوں اور جلسوں کے انعقاد کی اجازت نہیں ہوگی اور ساتھ ہی عام مقامات پر پانچ یا اس سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر بھی پابندی عائد رہے گی۔
اسی طرح صوتی آلودگی پھیلانے والے ،عوامی زندگی میں خلل کے حامل ،قواعد کے خلاف ڈی جے ساونڈ کے استعمال پر بھی اس ایک ماہ تک نافذ رہنے والے پولیس ایکٹ کے دوران مکمل طور پر پابندی عائد رہے گی۔
دفتر ایس پی سے جاری کردہ پریس نوٹ میں ایس پی وقارآباد ضلع محترمہ سنیہا مہرہ آئی پی ایس نے متنبہ کیا ہے کہ اس ایک ماہ تک نافذ رہنے والے پولیس ایکٹ کی خلاف ورزی اور سرکاری و خانگی عمارتوں کو نقصان پہنچانے والوں اور عام زندگی کو متاثر کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ضلع ایس پی نے عومی نمائندوں، سیاسی قائدین اور عوام سے اس سلسلہ میں پولیس کیساتھ تعاون کی خواہش کی ہے۔

