تلنگانہ میں پینے کے پانی کی قلت پر قابو پانے کے لیے حکومت ہنگامی اقدامات میں مصروف : سندیپ کمار سلطانیہ پرنسپل سیکریٹری دیہی ترقیات

تلنگانہ میں پینے کے پانی کی قلت پر قابو پانے کے لیے حکومت ہنگامی اقدامات میں مصروف
100 کروڑ کے مصارف سے مشنریوں کی مرمت، وقارآباد ضلع کے لیے 3.54 کروڑ روپئے
پرنسپل سیکریٹری محکمہ دیہی ترقیات سندیپ کمار سلطانیہ اور ضلع کلکٹر کا دورہ تانڈور، کاگنا ندی کا مشاہدہ

وقارآباد/تانڈور: 13۔اپریل
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

سندیپ کمار سلطانیہ آئی اے ایس، پرنسپل سیکریٹری محکمہ پنچایت راج و محکمہ دیہی ترقیات حکومت تلنگانہ نے کہا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں پینے کے پانی کی موثر سربراہی اور عوام کو اس کی قلت کے مسائل سے محفوظ رکھنے کےلیے ریاستی حکومت نے جنگی پیمانے پر اقدامات کیے ہیں۔ سندیپ کمار سلطانیہ نے آج کلکٹر وقارآباد ضلع نارائن ریڈی،ایڈیشنل کلکٹر راہول شرما اور مشن بھاگیرتا اسکیم کے اعلیٰ عہدیداروں کےساتھ وقار آبادضلع کے اسمبلی حلقہ تانڈور میں موجود کاگنا ندی کا تفصیلی مشاہدہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے بلدی عہدیداروں اور کاگنا ندی میں موجود پمپ ہاوس کے ملازمین سے تفصیلات حاصل کیں کہ کاگنا ندی سے کن کن مواضعات کو پانی سربراہ کیا جاتا ہے۔

بعدازاں پرنسپل سیکریٹری پنچایت راج و محکمہ دیہی ترقیات سندیپ کمار سلطانیہ نے تانڈور میں پریس کانفرنس سےخطاب کرتےہوئے کہاکہ موسم گرماء میں پینے کے پانی کی قلت نہ ہو اس کےلیے ریاست حکومت کی جانب سے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔اور ریاست میں کہیں بھی عوام کو موسم گرماء کے دوران پانی کی قلت کا سامنا ہو تو جنگی خطوط پر اس کو حل کرنے کے لیے منصوبے تیار کیے جا رہے ہیں۔اس کے لیے ہینڈ پمپس،  بورویل موٹرس اور پائپ لائنس کی مرمت انجام دی جا رہی ہے۔

پرنسپل سیکریٹری پنچایت راج و محکمہ دیہی ترقیات سندیپ کمار سلطانیہ نےبتایاکہ ریاستی سطح پر 100 کروڑ روپئے کے مصارف سے 19 ہزار 605 ہینڈ پمپ،14 ہزار 708 سنگل فیز، 5 ایچ پی کے حامل پمپ سیٹ،605 پینے کےپانی کی باؤلیوں اور 662 زیر زمین پائپ لائنس کی مرمت کی گئی ہے۔اور اس کے تحت وقارآباد ضلع کو 3 کروڑ 54 لاکھ روپئے منظور کیےگئے ہیں اس فنڈ سے ضلع میں 1,044 پمپ سیٹ اور 495 ہینڈ پمپس کی مرمت کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ جہاں کہیں پانی کی قلت ہوگی فوری طورپر ٹینکرز کے ذریعہ آبی سربراہی کی جائے گی اور اس سلسلہ میں تمام ضلع کلکٹران کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

سندیپ کمار سلطانیہ نے بتایاکہ ریاست تلنگانہ میں 23 ہزار 975 مواضعات کو 37 ہزار او ایچ آر ٹینکس کےذریعہ گھر گھرمشن بھاگیرتا اسکیم کا پانی پہنچایا جا رہا ہے اور موسم گرماء کے دوران جانوروں کو بھی پینے کا پانی فراہم کرنے کے لیے ٹینکس بنانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

پرنسپل سیکریٹری پنچایت راج و دیہی ترقیات سندیپ کمار سلطانیہ نے بتایا کہ تانڈور کی کاگنا ندی سے حلقہ اسمبلی کوڑنگل اور  یالال منڈل کے تحت موجود مواضعات تک سربراہ کیے جانے والے پانی کی مقدار میں 2.50 ایم ایل ڈی کا اضافہ کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ تانڈور کی کاگنا ندی سے آبی سربراہی کا رخ تبدیل کیے جانے کی زیرگشت اطلاعات پر یقین نہ کریں۔

بعدازاں پرنسپل سیکریٹری پنچایت راج و محکمہ دیہی ترقیات سندیپ کمار سلطانیہ نے ضلع کے پرگی میں موجود 135 ایم ایل ڈی کے حامل مشن بھاگیرتا کے مرکز پہنچ کر ان مقامات اور مواضعات کی تفصیلات حاصل کیں جنہیں وہاں سے پانی سربراہ کیا جا رہا ہے۔سندیپ کمار سلطانیہ کے دورہ کے موقع پر ان کے ساتھ مشن بھاگیرتا کے انجینئر ان چیف کرپا کر ریڈی،چیف انجینئر چینا ریڈی،سیول انجینئرانجنیلو، ایگزیکٹیو انجینئرس بابو سرینواس، چلماریڈی،وینکٹ رمنا،سی ای او ضلع پریشدسدھیر، ڈی پی او جیہ سدھا،ڈی آر ڈی او سرینواس کےعلاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں "

تانڈور میں تزک و احتشام کے ساتھ عید الفطر منائی گئی، دونوں عیدگاہوں پر ہزاروں کا مجمع، رکن پارلیمان چیوڑلہ، رکن اسمبلی اور سابق رکن اسمبلی نےمبارکباد دی

 

تلنگانہ : سدی پیٹ ضلع کلکٹر کا سنسنی خیز اقدام، 106 سرکاری ملازم معطل، بی آر ایس پارٹی امیدوار کے اجلاس میں شرکت کا شاخسانہ

انڈیگو ایئر کے پائلٹ نے اپنے دادا کو پہلی مرتبہ فلائٹ میں سفر کروایا، دادی اور ماں بھی چنئی سے کوئمبتور تک کے سفر میں ساتھ،جذباتی ویڈیو وائرل