انڈیگو ایئر کے پائلٹ نے اپنے دادا کو پہلی مرتبہ فلائٹ میں سفر کروایا، دادی اور ماں بھی چنئی سے کوئمبتور تک کے سفر میں ساتھ،جذباتی ویڈیو وائرل

انڈیگو ایئر کے پائلٹ نے اپنے دادا کو پہلی مرتبہ فلائٹ میں سفر کروایا
دادی اور ماں بھی چنئی سے کوئمبتور تک کے سفر میں ساتھ، جذباتی ویڈیو وائرل

حیدرآباد: 07۔اپریل
(سحرنیوز/سوشل میڈیا ڈیسک)

یہ حقیقت ہے کہ دنیا میں والدین وہ واحدشخصیت ہوتے ہیں جو اپنی اؤلاد کو خود سے زیادہ ترقی کرتا ہوا دیکھنا چاہتےہیں اور ان کی ترقی دیکھ کر خوشی اور فخر بھی محسوس کرتے ہیں۔اگر دادا اور دادی بھی اسی میں شمار کیے جائیں تو غلط نہیں ہوگا۔ کیونکہ وہ بھی اپنے تمام بچوں اور ان کے بچوں کے بچوں کی مساوی ترقی پر بہت زیادہ خوش ہوتے ہیں۔

وہیں اولاد بھی ترقی کی منازل طئے کرنے کے بعد اپنے والدین اور گھر کے بزرگوں کو وہ ساری خوشیاں دینا چاہتی ہےجو انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی نہ دیکھی ہوں۔لیکن افسوس کہ آج کے دؤر میں زیادہ تر ایسی اولاد معاشرہ سے معدوم ہوتی جا رہی ہے!!

ایسے میں سوشل میڈیا پر ایک دلکش، دلنشین اور جذباتی ویڈیو وائرل ہواہے۔جس میں دیکھا جاسکتاہے کہ چنئی سے کوئمبتورجانے والی فلائٹ میں پرواز سے قبل انڈیگو ایئرلائنس کے ایک پائلٹ ہوائی جہاز میں اعلان کررہے ہیں کہ اس فلائٹ میں شامل مسافروں میں ان کے دادا، دادی اور ماں بھی شامل ہیں۔جس سےمسافروں میں خوشی اورحیرت کی لہر دوڑجاتی ہے اور وہ تالیوں کےساتھ مسافر ان بزرگوں کااستقبال کرتے ہیں۔

پردیپ کرشنن انڈیگوایئرلائنس میں پائلٹ کی حیثیت سے ملازمت کرتے ہیں جو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر باقاعدگی کے ساتھ اپنے ہوائی سفر کے ویڈیوز اور ریلز Reels# پوسٹ کرتے رہتے ہیں۔انہوں نے انسٹاگرام کے اپنے کاؤنٹ پر چنئی سے کوئمبتور جانے والی پرواز میں اپنے اہل خانہ کا استقبال کر نے والے لمحات پر مشتمل ایک دلکش ویڈیو پوسٹ کیا ہے۔

اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتاہےکہ فلائٹ کی پرواز سے قبل پائلٹ پردیپ کرشنن فلائٹ میں انگریزی اور تمل زبان میں خصوصی اعلان کرتےہوئے مسافرین کو بتا رہے ہیں کہ یہ اعلان کرتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ میرا خاندان میرے ساتھ سفر کر رہا ہے۔میرے دادا، دادی اور ماں اس فلائٹ ہمارے ساتھ سفر کر رہے ہیں۔اور اہم بات یہ ہے کہ ” میرے دادا آج پہلی بار میرے ساتھ ہوائی سفر کررہے ہیں۔”

ساتھ ہی پائلٹ پردیپ کرشنن نے اس اعلان میں یہ بھی کہاکہ میں ان کی ٹی وی ایس۔50 (اسکوٹی ) TVS50 کی پچھلی سیٹ میں کئی بار سفر کر چکا ہوں،اب میری باری ہے کہ میں انہیں سواری دوں۔اس اعلان کے دوران پائلٹ پردیپ  کی ماں کی آنکھوں سے آنسو جاری ہو جاتے ہیں جنہیں وہ کئی بار پونچھتی جاتی ہیں۔

اس اعلان کے دوران پائلٹ پردیپ کرشنن نے فلائٹ میں سوار مسافروں سے خواہش کی کہ وہ ان کے دادا کا ہیلو سے استقبال کریں۔جس پر ان کے دادا اپنی سیٹ سے کھڑے ہوکر فلائٹ میں موجود اور انہیں خوش آمدید کہنے والے مسافرین کو اپنے دونوں ہاتھ جوڑ کر نمستے کرتے ہیں۔اس خوشگوار لمحہ کو دیکھنے والے مسافرین نے تالیاں بجائیں۔

انسٹا گرام پر پوسٹ کیے گئے اپنے اس 45 سیکنڈ کے ویڈیو کے ساتھ پائلٹ پردیپ کرشنن نے لکھا ہےکہ میری سب سے بڑی فلیکس فلائینگ ہے جو کہ ہر دوست اور پائلٹ کا خواب ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ پائلٹ پردیپ کرشنن نے 2018 میں چنئی۔سنگاپور اپنی پہلی پرواز میں اپنی ماں اور دادی کوسفر کروایا تھا۔ جس کا ایک ویڈیو اس وقت بھی وائرل ہوا تھا اور انٹرنیٹ پر اس ویڈیو نے بڑے پیمانے پر تعریف بٹوری تھی۔اس وقت میڈیا میں اطلاعات آئی تھیں کہ ماں اور دادی نے سات سال قبل کہہ دیا تھا کہ جب تک ان کا بیٹا پردیپ کرشنن فلائٹ نہیں اڑائے گا تب تک وہ ہوائی سفر نہیں کریں گی۔

پائلٹ پردیپ کرشنن کے اس خوبصورت ویڈیو کوانسٹاگرام پر 10 لاکھ سے زائد سوشل میڈیا صارفین نے دیکھا ہے۔جبکہ اس ویڈیو کو 76 ہزار سے زائد نے لائیک کیا ہے اور 1,300 سے زائد صارفین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد پر مشتمل کمنٹس کیے ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیں ” 

 

نیویارک انتظامیہ، خواتین کی تصویر کشی کے لیے حجاب اتارنے پر مجبور کرنے پر 145 کروڑ روپئے ادا کرے گا

 

بنگلورو رامیشورم کیفے دھماکہ کیس : بی جے پی کارکن این آئی اے کی حراست میں، کانگریس نے اٹھائے سوالات!