شکاری گینگ کے بین ریاستی سارق باپ اور بیٹا پونہ سے گرفتار
تلنگانہ، آندھرا، مہاراشٹرا، کرناٹک اور تمل ناڈو میں دونوں پر 114 مقدمات
ایس پی وقارآباد ضلع نارائن ریڈی آئی پی ایس کی پریس کانفرنس
حیدرآباد/وقارآباد : 17۔اگست
(سحر نیوز ڈاٹ کام)
ایس پی وقارآباد ضلع کے۔نارائن ریڈی آئی پی ایس نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 30 جون کی رات پرگی کی ٹیچرس کالونی کے پانچ مکانات میں سرقہ کی واردات انجام دیتے ہوئے دو مکانات سے 12 تولے سونا اور ایک لاکھ 20 ہزار روپئے کے علاوہ ایک اور مکان سے ساڑھے تین تولے سونا سرقہ کرلیا گیا تھا۔
شکایت کے بعد پرگی پولیس اسٹیشن میں کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔پولیس، کلوز ٹیم اور سی سی ایس کی جانب سے متاثرہ مکانات سے حاصل کیےگئے نمونوں کے بعد انکشاف ہوا تھاکہ بین ریاستی شکاری گینگ کے تین سارقوں نے یہ وارداتیں انجام دی ہیں۔
ضلع ایس پی نے بتایا کہ اآندھرا پردیش کے گنتکل کی شکاری گینگ کے افراد ٹرینوں اور بسوں کے ذریعہ سفر کرتے ہوئے مختلف شہروں میں زیادہ تر مقفل مکانات اور مکانات میں محو خواب افراد کی موجودگی میں چوری کی وارداتیں انجام دیتے ہیں۔ضلع ایس پی کے۔نارائن ریڈی آئی پی ایس نے بتایا کہ تمام ثبوت و شواہد اور سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج کا مشاہدہ کرنے کے بعد وقار آباد پولیس گنتکل کے ساکن پیدا سردار (باپ) اور مدی لیٹی مدن (بیٹا) اور چنا سردار عرف گبر سنگھ کی گرفتاری کےلیے گنتکل پہنچی تاہم وہاں انکشاف ہوا کہ یہ گینگ مہاراشٹرا کے پونہ فرار ہوئی ہے۔
جس کے بعد عصری ٹکنالوجی کی مدد سے پونہ میں ان کی موجودگی کا پتہ لگایا گیا اور دونوں سارق باپ اور بیٹا کو تحویل میں لے کر وقارآباد منتقل کیا گیا۔ضلع ایس پی کےمطابق ان دونوں سے تفتیش کے دوران انہوں نے قبول کیاکہ وقارآباد ضلع کے پرگی کے پانچ مکانات میں انہوں نے ہی سرقہ کی واردات انجام دی تھی۔
اس کےعلاوہ وہ تلنگانہ، آندھراپردیش، کرناٹک،مہاراشٹرا اور تمل ناڈو کےمختلف مقامات پر بھی سرقہ کی وارداتیں انجام دے چکے ہیں۔ضلع ایس پی نے بتایا کہ ان دونوں باپ اور بیٹا پر مختلف ریاستوں میں جملہ 114 کیس درج ہیں۔ان میں باپ سردار (راجو) پر 70 سے زائد کیس اور بیٹا مدن پر 42 سے زائد کیس درج ہیں۔گرفتار شدہ ان دونوں سارقوں کے قبضہ سے پولیس نے سات تولے سونا ضبط کرلیا ہے۔
ضلع ایس پی کے۔نارائن ریڈی آئی پی ایس نے بتایا کہ پرگی سے سرقہ شدہ مزید سونا کی خریدی کرنےوالےشکاری آدی گنتکل اور کمسار رام چندر چوان،شیواجی نگر پونہ کے خلاف کیس درج کیے گئے ہیں۔گرفتار شدہ دونوں باپ اور بیٹا کو بعدازاں عدالتی تحویل میں روانہ کر دیا گیا۔

اس کیس کی کامیاب تحقیقات اور بین ریاستی شکاری گینگ کے ان دونوں سارقوں کو گرفتار کرنے پر ایس پی نے ضلع کے پولیس عہدیداروں کو نقد رقم پر مشتمل ریوارڈ دیتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔ساتھ ہی ضلع ایس پی نارائن ریڈی آئی پی ایس نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے مکانات اور کالونیوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنائیں تاکہ ایسی کسی بھی وارداتوں کی روک تھام ممکن ہو۔

” یہ بھی پڑھیں "
کبھی کسی کو مکمل جہاں نہیں ملتا ، نامور شاعر و گیت کار ندا فاضلی کے یوم پیدائش پر خصوصی مضمون

