تلنگانہ میں 30 اگست سے 2 ستمبر تک شدید ترین بارش کی پیش قیاسی، حیدرآباد اور اضلاع کے لیے مرکزی محکمہ موسمیات کا ایلو اور آرینج الرٹ جاری

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

تلنگانہ میں 30 اگست سے 2 ستمبر تک شدید ترین بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد اور اضلاع کے لیے مرکزی محکمہ موسمیات کا ایلو اور آرینج الرٹ جاری

حیدرآباد: 29۔اگست
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

مرکزی محکمہ موسمیات کی جانب سے خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے باعث ریاست تلنگانہ میں 30 اگست، بروز جمعہ تا 2 ستمبر بروز پیر چار دن تک شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے ایلو YellowAlert# اور آرینج الرٹ OrrangeAlert# جاری کیے ہیں۔وہیں حیدر آباد کےلیے محکمہ موسمیات نے ایلو الرٹ YellowAlert# جاری کرتےہوئے جاریہ ہفتہ کے اواخر میں درمیانی بارش اور گرج چمک کےساتھ شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ رات کے وقت ہونے والی حالیہ بارشوں کے باعث اور دن کے وقت ہونے والی مزید بارشوں میں تبدیلی آئے گی۔اس تبدیلی سے ریاست میں موسم کے سرد ہونے کا امکان ہے اوراس دوران تلنگانہ کے شمالی، وسطی اور مشرقی حصوں میں شدید بارش کا امکان ہے۔

مرکزی محکمہ موسمیات کی جانب سے کل 30 اگست، بروز جمعہ کے لیے اضلاع جئے شنکر بھوپال پلی،ملگ،بھدرادری کوتہ گوڑیم،کھمم، محبوب آباد، ورنگل اور ہنمکنڈہ میں شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے ان اضلاع کے لیے آرینج الرٹ Orrange Alert جاری کیا ہے۔ وہیں اضلاع عادل آباد, کومرم بھیم آصف آباد,منچریا ل,جگتیال,کریم نگر,نلگنڈہ اور حیدرآباد کے لیے بھی شدید بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے ان اضلاع کے لیے ایلو الرٹ Yellow Alert جاری کیاہے۔

وہیں محکمہ موسمیات کی جانب سے 31 اگست بروز ہفتہ اضلاع نظام آباد,جگتیال,راجنا سرسلہ،بھدرادری کوتہ گوڑم،کھمم،محبوب آباد اور سدی پیٹ سمیت حیدرآباد اور کئی دیگر اضلاع میں گرج چمک اور تیز ہواوں کے ساتھ شدید ترین بارش کی وارننگ دی گئی ہے۔

اسی طرح محکمہ موسمیات نے 1 اور 2 ستمبر، بروز اتوار کے لیے پیش قیاسی کی ہے کہ اضلاع عادل آباد،کومرم بھیم آصف آباد،منچر یال،نرمل، نظام آباد اور کاما ریڈی میں شدید ترین بارش متوقع ہے۔

دوسری جانب ماہ جون کے اوائل میں جنوب مغربی مانسون کے آغاز کے بعد سےریاست تلنگانہ میں اوسطاً 627.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے،جوکہ سالانہ اوسط 558.6 ملی میٹر سے 12 فیصد زائد ہے۔وہیں حیدرآباد میں بھی 511.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ حیدرآباد کا سالانہ بارش کا اوسط 450 ملی میٹر ہے اس طرح جاریہ سال اوسط سے 14 فیصد زیادہ بارش ہوئی ہے۔

تاہم جاریہ سال حیدرآباد اور ریاست کے اضلاع میں سالانہ اوسط سے زائد بارش ہونےکے باوجود کئی ذخائر آب لبریز نہیں ہوئےہیں۔وہیں دن کے وقت گرمی کی شدت محسوس کی جارہی ہے۔اب مرکزی محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ چار دنوں کےلیے ریاست اور حیدرآباد میں شدید اور شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کے بعد ذخائر آب کے مکمل ہونے اور گرمی کی شدت میں کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔!

چار دن کے دوران ریاست تلنگانہ اور حیدرآباد میں شدید ترین بارش کی مرکزی محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی اس پیش قیاسی کےبعد عوام کو اور ساتھ ہی گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کےعہدیداروں کےعلاوہ ریاست کی بلدیات کے کمشنرز، بلدی عملہ اور عوامی نمائندوں کو بھی چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے