تلنگانہ میں شدید بارش کے پیش نظر 2 ستمبر کو حیدرآباد کے تمام تعلیمی اداروں کو تعطیل، چیف سیکریٹری کی ضلع کلکٹران سے ویڈیو کانفرنس

شدید ترین بارش کے پیش نظر 2 ستمبر کو حیدرآباد کے تمام تعلیمی اداروں کو تعطیل
چیف سیکریٹری کی ویڈیو کانفرنس،ریاست کے اسکولوں کو بھی تعطیل دئیے جانے کا امکان!

حیدرآباد: 31۔اگست
(سحرنیوز ڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ گذشتہ دو دن اور کل رات سے شدید ترین بارش کی لپیٹ میں ہے۔مختلف اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ وہیں مرکزی محکمہ موسمیات کی جانب سے 30 اگست سے 2 ستمبر تک ریاست میں شدیدترین بارش کی قیاسی جاری کی گئی ہے اور بشمول حیدرآباد کئی اضلاع کے لیے محکمہ موسمیات کی جانب سے آرینج الرٹ اور ایلو الرٹ جاری کیے گئے ہیں۔

اسی طرح آج ہفتہ کی رات سے بارش کی شدت میں مزید اضافہ کی پیش قیاسی بھی کی گئی ہے۔ریاست میں ہونے والی اس شدید بارش کے باعث عام زندگی متاثر ہوئی ہے۔سڑکیں اور نشیبی علاقے جھیلوں میں تبدیل ہوگئے ہیں۔

ریاستی چیف سیکریٹری محترمہ شانتی کماری نے آج 31 اگست کو ریاستی سیکریٹریٹ سے تمام اضلاع کے ضلع کلکٹران سے ویڈیو کانفرنس منعقد کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ موجودہ بارش اور سیلابی حالات سے نمٹنے کے لیے تمامتر اقدامات کیے جائیں۔اور اضلاع کے متعلقہ عہدیدار ہمہ وقت چوکس رہیں۔

چیف سیکریٹری نے ضلع کلکٹران کو ہدایت دی کہ تمام دفاتر کلکٹر میں کنٹرول روم قائم کیے جائیں۔ساتھ ہی ریاستی چیف سیکریٹری محترمہ شانتی کماری نے ضلع کلکٹران کو یہ ہدایت بھی دی کہ اضلاع میں بارش کی شدت اور حالات کو دیکھتے ہوئے تعلیمی اداروں کے لیے تعطیلات کا فیصلہ کریں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے کل اتوار 1 ستمبر اور 2 ستمبر بروز پیر کوبھی بشمول حیدرآباد ریاست کےکئی اضلاع میں شدید سے شدید ترین بارش اور سیلابی صورتحال کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔

میڈیا ذرائع سے دستیاب اطلاعات کےمطابق ان بارشوں کے پیش نظر ریاستی محکمہ تعلیمات نےکل اتوار کی ہفتہ وار تعطیل کے بعد پیر 2 ستمبر کوبھی حیدرآباد ضلع کے تمام سرکاری اور خانگی اسکولوں کو تعطیل کا اعلان کیاہے۔بارش کی شدت برقرار رہنے اور ریاست کے کئی اضلاع میں شدید بارش اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر حکومت تلنگانہ اس تعطیل میں توسیع کرسکتی ہے۔!!

بعض اطلاعات میں یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ 2 ستمبر کو ریاست کےبھی تمام تعلیمی اداروں کو تعطیل کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔!تاہم اس سلسلہ میں محکمہ تعلیمات کی جانب سے باقاعدہ کوئی حکم جاری نہیں کیا گیاہے۔امکان ہے کہ اس سلسلہ میں جلد ہی سرکاری طور پر اس کا اعلان کیا جائے گا۔!!

یہ بھی پڑھیں "

تلنگانہ میں 30 اگست سے 2 ستمبر تک شدید ترین بارش کی پیش قیاسی، حیدرآباد اور اضلاع کے لیے مرکزی محکمہ موسمیات کا ایلو اور آرینج الرٹ جاری