ساحر لدھیانوی : ایک انقلابی و ترقی پسند شاعر اور نامور گیت کار، 43 ویں برسی کے موقع پر خصوصی مضمون اور منتخب ویڈیوز

جنگ تو خود ہی ایک مسئلہ ہے
جنگ کیا مسئلوں کا حل دے گی
اس لیے اے شریف انسانو
جنگ ٹلتی رہے تو بہتر ہے

ساحر لدھیانوی،ایک انقلابی و ترقی پسند شاعر اور نامور گیت کار
43 ویں برسی کے موقع پر خصوصی مضمون اور منتخب ویڈیوز


مضمون نگار : سید نوید جعفری

اسرائیل کےشہروں پر 7 اکتوبر کو حماس کی جانب سے راکٹ داغےجانےکے بعد سےفلسطینیوں کےخلاف بالخصوص غزہ میں اسرائیل کی بربریت ،شہروں،مکانوں، ہسپتالوں اور عمارتوں پر شدید بمباری کے ذریعہ ہزاروں بے گناہ اور معصوم فلسطینی بچوں، عورتوں،  مردوں اور ضعیف نہتے فلسطینیوں کی شہادت اور پھر غزہ کے لیے پانی، غذائی اشیاء، برقی سربراہی اور انٹرنیٹ بند کیے جانے کے خلاف بلاء مذہب و ملت ساری دنیا میں احتجاج جاری ہے۔

حماس کےحملہ میں بے قصور اسرائیلیوں کی ہلاکت قابل مذمت اوراس کو انسانیت کے خلاف کیا گیا اقدام کہا جاسکتا ہے۔لیکن اس کے بعد سے اور اس سے قبل خود کو انسانیت کے علمبردار اور مہذب کہنے والے ممالک اور ان کے سربراہوں کی خاموشی اور اسرائیلی بربریت کی تائید انسانیت کے خلاف ایک جرم ہی مانا جائے گا۔!!

وزیراعظم نریندر مودی نے پہلے جہاں اسرائیل پر حماس کے حملے کی شدید مذمت کی وہیں حکومت ہند اور خود وزیراعظم نےفلسطینیوں پر بمباری اور ہلاکتوں کی بھی مذمت کرتےہوئے انسانی بنیادوں پرمختلف ضروری اشیاء پرمشتمل 63 ٹن اشیاءخصوصی طیارہ کے ذریعہ فلسطین روانہ کرتے ہوئے ہندوستان کی برسوں قدیم روایت کو زندہ رکھا۔

نامور انقلابی و ترقی پسند شاعر ساحر لدھیانوی نے ہندوستان اور پاکستان کی جنگ کےپس منظر اور تاشقند معاہدہ کی سالگرہ پر جنگ کے خلاف ایک شاہکار نظم ” اے شریف انسانو” لکھی تھی جو کہ  آج بھی جنگ و جدال کے مواقع پر ذہنوں میں گونجتی ہے۔جنگی جنونیوں، جنگوں اور انسانوں کے قتل ناحق کی طرفداری اور تائید کرنے والوں اور مہذب معاشرہ کے لیے ساحر لدھیانوی کا یہ کلام ایک پیغام ہے؎

خون اپنا ہو یا پرایا ہو
نسل آدم کا خون ہے آخر
جنگ مشرق میں ہو کہ مغرب میں
امن عالم کا خون ہے آخر
٭٭
بم گھروں پر گریں کہ سرحد پر
روح تعمیر زخم کھاتی ہے
کھیت اپنے جلیں کہ اوروں کے
زیست فاقوں سے تلملاتی ہے
ٹینک آگے بڑھیں کہ پچھے ہٹیں
کوکھ دھرتی کی بانجھ ہوتی ہے
فتح کا جشن ہو کہ ہار کا سوگ
زندگی میتوں پہ روتی ہے
٭٭
جنگ تو خود ہی ایک مسئلہ ہے
جنگ کیا مسئلوں کا حل دے گی
آگ اور خون آج بخشے گی
بھوک اور احتیاج کل دے گی
٭٭
اس لیے اے شریف انسانو
جنگ ٹلتی رہے تو بہتر ہے
آپ اور ہم سبھی کے آنگن میں
شمع جلتی رہے تو بہتر ہے
٭٭
برتری کے ثبوت کی خاطر
خوں بہانا ہی کیا ضروری ہے
گھر کی تاریکیاں مٹانے کو
گھر جلانا ہی کیا ضروری ہے
جنگ کے اور بھی تو میداں ہیں
صرف میدان کشت و خوں ہی نہیں
حاصل زندگی خرد بھی ہے
حاصل زندگی جنوں ہی نہیں
٭٭
آؤ اس تیرہ بخت دنیا میں
فکر کی روشنی کو عام کریں
امن کو جن سے تقویت پہنچے
ایسی جنگوں کا اہتمام کریں
٭٭
جنگ وحشت سے بربریت سے
امن تہذیب و ارتقا کے لئے
جنگ مرگ آفریں سیاست سے
امن انسان کی بقا کے لیے
٭٭
جنگ افلاس اور غلامی سے
امن بہتر نظام کی خاطر
جنگ بھٹکی ہوئی قیادت سے
امن بے بس عوام کی خاطر
جنگ سرمائے کے تسلط سے
امن جمہور کی خوشی کے لیے
جنگ جنگوں کے فلسفے کے خلاف
امن پر امن زندگی کے لیے

نامور شاعر و گیت کار،ممتاز ترقی پسند انقلابی شاعر ساحر لدھیانوی کااصل نام عبدالحئی تھا وہ 8 مارچ 1921ء کولدھیانہ میں پیدا ہوئے۔ان کے والد چودھری فضل محمد کا شمار شہر کےمعروف اور معزز لوگوں میں ہوتا تھا۔انہوں نے اولاد نرینہ کی خواہش میں یکے بعد دیگرے گیارہ شادیاں کیں ساحر کی والدہ سرور بیگم سے ان کی شادی خفیہ تھی۔اخفا کی وجہ یہ تھی کہ ساحر کی والدہ کو وہ خاندانی لحاظ سے اپنے ہم پلہ نہیں سمجھتے تھے اور اسے اپنے سماج و رتبے سے کم تر خیال کرتے تھے کہ ان کے علی الاعلان رشتہ ازدواج قائم کرلیں۔

ساحر کی پیدائش کے بعد ساحر کی والدہ نے اپنے اور بیٹے کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنی شروع کردی بالآخر جب ان کی فریاد کی سنوائی کہیں نہ ہوئی تو وہ اپنی فریاد لے کر عدالت کے دروازے پر جا پہنچیں۔بہر حال ساحر کے والدین کی مقدمہ بازی تقسیم ملک تک جاری رہی۔

1939ء میں اسکول پاس کرنے کے بعد انہوں نے گورنمنٹ کالج لدھیانہ میں داخلہ لیا اسی زمانہ میں ان کا سیاسی شعور بیدار ہونے لگا اور وہ کمیونسٹ تحریک کی طرف راغب ہوگئے۔ملک اور قوم کے حالات نے ان کے اندر سرکشی اور بغاوت پیدا کر دی تھی انہوں نے مالوہ خالصہ اسکول سے انٹرنس پاس کیا اور پھر گورنمنٹ کالج لدھیانہ میں دا خلہ لیا۔اس سے پہلے ان کی سیاسی گر میوں کا آغاز ہو چکا تھا۔

ساحر کے والد انگریزی حکومت کے وفادار تھے لیکن انگریزی حکومت ساحر کی آنکھوں میں کھٹکتی تھی۔اسی وجہ سے وہ انٹر کے بعد اپنی تعلیم جاری نہ رکھ سکے اور لدھیانہ سے لاہور منتقل ہوگئے۔فرقہ وارانہ فسادات میں ساحر کی والدہ جنہوں نے انہیں بڑے لاڑ پیار سے پالا تھا کہیں گم ہوگئیں۔ساحر کے لیے یہ حا دثہ بہت الم ناک تھا بہر حال تلاش بسیار کے کافی عرصہ بعد مل گئیں۔

ساحر لدھیانوی نےسماج کے اُن تاریک پہلوؤں کوبھی اپنی شاعری کا موضوع بنایا جو انسانیت کے چہرے پر بدنما داغ ہیں۔ساحر لدھیانوی کی شاعری محض خیالات کی ترسیل،عقائد کی تبلیغ اور سیاسی پروپیگنڈے کے لیے نہیں،بلکہ اُنہوں نے اپنے محسوسات اور جذبات کی صورت گری کا ایک ذریعہ بنایا ہے۔ساحر لدھیانوی نے جتنے تجربات شاعری میں کیے شاید ہی وہ دوسرے کسی بھی شاعر نے کم ہی کیے ہوں گے۔!انہوں نے سیاسی شاعری کی،رومانی شاعری کی، نفسیاتی شاعری کی اور انقلابی شاعری کی ہے۔جس میں کسانوں اور مزدوروں کی بغاوت کا اعلان ہے۔

ساحر لدھیانوی نے تشبیہ،استعارہ اور کنائے کی زبان استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ اظہار کرنے کے بیانیہ اور خطیبانہ پیرایوں سے بھی کام لیا ان کی روح ہمیشہ محبت کی پیاسی رہی۔ساحر لدھیانوی نے اس محرومی کوختم کرنے کے لیے امرتا پریتم سے لےکر سدھا ملہوترا تک متعددعشق کیے مگر مستقل روحانی سکون اُنہیں میسر نہ آ سکا۔

ساحر نے بچپن اور جوانی میں بہت پر خطر اور کٹھن دن گزارے۔ جس کی وجہ سے ان کی شخصیت میں شدید تلخی گھل گئی تھی دنیا سے اپنی محرومیوں کا بدلہ لینے کی ایک لہر ان کی شخصیت میں رچ بس گئی تھی جس کا مظاہرہ وہ وقتا فوقتا کرتے رہتے تھے۔

ساحر نے شاید اسی کے پیش نظر یہ شعر کہا تھا کہ؎

دنیا نے تجربات و حوادث کی شکل میں
جو کچھ مجھے دیا ہے وہ لوٹا رہا ہوں میں

اس دوران اپنے والد کی شفقت سے محروم تنہا والدہ کی سر پرستی میں ساحر کی پرورش ان کے ننیہال ہی میں ہوئی جب اسکول جانے کی عمر ہوئی تو ان کا داخلہ مالوہ خالصہ اسکول میں کروادیا گیا جہاں سے انہوں نے میٹرک کا امتحان پاس کیا۔اس زمانہ میں لدھیانہ اردو کا متحرک اور سرگرم مرکز تھا یہیں سے انہیں شاعری کا شوق پیدا ہوا اور میٹرک میں پہنچتے پہنچتے وہ شعر کہنے لگے۔

ساحرکی شاعری معاشرتی ناانصافیوں کےخلاف وہ پُکار اور توانا آواز تھی جسے ہر دِل نے اپنی کہانی سمجھا،عوامی جذبات کوجب لفظوں کی صورت میں ساحر نے ڈھالا تو” تلخیاں”، ” پر چھائیاں "،” آؤ کہ خواب بُنیں” اور ” گاتا جائے بنجارہ ” کی صورت میں بے مثال شاعری سامنے آئی۔

تاج محل،اے شریف انسانوں،چکلے،شہکار،کبھی کبھی اِن جیسی دیگر کئی نظمیں جو اُردو ادب میں کلاسک کا درجہ رکھتی ہیں، اپنے ماضی کے تصور سے ہراساں ہوں میں،اپنے گزرےہوئے ایام سےنفرت ہے مجھے، اپنی بےکارتمناؤں پہ شرمندہ ہوں،اپنی بے سود اُمیدوں پہ ندامت ہے مجھے، جو کچھ مجھے دیا ہے وہ لوٹا رہا ہوں میں کےمصداق،آزادی،مساوات،انصاف اور انسانیت کےلیے ساحر لدھیانوی زندگی بھرلڑتا رہا آواز بلند کرتا رہا، وہ ہمیشہ مردِ مجاہد رہا، وہ ظلم کے خلاف لکھتا رہا۔

آغاز ہی سےساحرلدھیانوی کےفن میں سماج کی فرسودہ روایات کےخلاف بغاوت کا عنصر موجود تھا۔وہ اپنی شاعری میں سماجی کی تلخ حقیقتوں کو نئےنئے زاویوں سے پیش کرتےتھے۔مثلاً اپنے زمانہٴ طالب علمی ہی میں اُنہوں نےنظم”تاج محل”لکھ کر بزرگوں کی پوری نسل کوچونکادیا تھا۔

اِس نظم میں ساحر نے شاہ جہاں کی عظمت کے گیت گانے کے بجائے اُن سینکڑوں گمنام کاریگروں اور مزدوروں کے حق میں بات کہی تھی جنہوں نے اپنی محنت اور قابلیت سے اپنے شہنشاہ کے خواب کو حقیقت کا روپ دیا تھا۔ساحر کی اس نظم کا آخری حصہ کچھ یوں ہے؎

یہ چمن زار یہ جمنا کا کنارہ، یہ محل
یہ منقش درو دیوار یہ محراب یہ طاق
اک شہنشاہ نے دولت کا سہارا لے کر
ہم غریبوں کی محبت کا اڑایا ہے مذاق
میری محبوب! کہیں اور ملا کر مجھ سے

ساحر لدھیانوی ترقی پسند تحریک سےوابستہ تھے۔اس طرح ان کےذہن میں یہ بات بیٹھ گئی کہ وہ پاکستان کے ماحول میں اپنے آپ کو موزوں نہیں پاتے اسی وجہ سے وہ راتوں رات ہندوستان واپس آگئے اور اپنی عمر کے آخر تک ہندوستان ہی میں رہے۔

بی اے کے آخری سال میں وہ اپنی ایک ہم جماعت ایشر کور پرعاشق ہوئے اور کالج سےنکالےگئے وہ کالج سے بی۔اے نہیں کرسکےلیکن اس کالج کی اسی رومانی فضا نے ان کو ایک خوبصورت رومانی شاعر بنا دیا۔

ان کا پہلا مجموعہ”تلخیاں”1944ء میں شائع ہوا اور ہاتھوں ہاتھ لیا گیا۔کالج چھوڑنے کے بعد وہ لاہورچلےگئے اور دیال سنگھ کالج میں داخلہ لے لیا لیکن اپنی سیاسی سرگرمیوں کی وجہ سے وہ وہاں سے بھی نکالے گئے پھر ان کا دل تعلیم کی طرف سے اچاٹ ہوگیا۔

وہ اس زمانہ کے معیاری ادبی رسالہ "ادب لطیف”کے ایڈیٹر بن گئے بعد میں انہوں نے سویرا اور اپنے ادبی رسالہ شاہکار کی بھی ادارت کی۔ساحر لدھیانوی نے ایسی بھی شاعری کی ہے جو تخلیقی طور پر ساحری کے زمرہ میں آتی ہے۔ان کی ادبی خدمات کےاعتراف میں انہیں 1971 میں حکومت ہند نے پدم شری کے خطاب سے نوازا۔

1972ء میں مہاراشٹرا حکومت نے انہیں”جسٹس آف پیس” ایوارڈ دیا۔1973ء میں”آؤ کہ کوئی خواب بُنیں” کی کامیابی پر انہیں”سویت لینڈ نہرو ایوارڈ ” اور مہاراشٹر اسٹیٹ لٹریری ایوارڈ ملا۔ 1974ء میں مہاراشٹر حکومت نے انہیں” اسپشل ایکزیکٹیو مجسٹریٹ نامزد کیا۔

ان کی نظموں کے ترجمے دنیا کی مختلف زبانوں میں ہوچکے ہیں 8 مارچ کو ان کےیوم پیدائش کےموقع پر محکمہ ڈاک نے 2013 میں ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔25 اکتوبر 1980ء کو 59 سال کی عمر میں وہ اپنے مالک حقیقی سے جاملے۔

ساحرلدھیانوی نے اپنی زندگی میں بہت سے عروج و زوال دیکھے۔ان کی شاعری انہی جذبات کی عکاس ہے اپنے شعری اثاثے میں انہوں نے تلخیاں، پر چھائیاں، آؤ کہ کوئی خواب بنیں اور گیتوں کا مجموعہ گاتا جائے بنجارہ جیسی شاعری چھوڑی ہے۔

تقسیم ہند سے پہلے کےبرسوں میں اپنی انگریز دشمنی کی بناء پر ساحر کو لدھیانہ چھوڑکر لاہور جانا پڑا جہاں اُنہوں نے اسلامیہ کالج میں داخلہ لے لیا۔لاہور میں رہتے ہوئے اُن کے فن کو اور جلا ملی وہ ترقی پسند تحریک سے وابستہ ہو گئے اور اُن کا نام فیض، علی سردار جعفری، کیفی اعظمی اور مجاز جیسے نامور شعراء کے ساتھ لیا جانے لگا۔

نغمہ نگاری کے تحت شمار کی جانے والی ساحر کی غزلوں کے رموز و نکات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے اس لیے تلخیاں کی تعداد سے دیکھا جائے تو ساحر کی غزلیں خال خال ہی نظر آ ئیں گی۔ مگر تینوں مجموعوں کی تعداد پر غور کیا جائے تو اتنی غز لیں تو بہر حال ہو ہی جاتی ہیں کہ ان کی غزلوں کے فن و شعور پر غور کیا جا سکے۔

ساحر لدھیانوی کےیہاں غزل اپنے تمام لوازم کےساتھ غزل ہی رہتی ہےجس میں کلاسیکیت،رومانیت،تجربات ومشاہدات کی آمیزش،سماجی، و سیاسی کشمکش اور ترک الفت کو پیش گیاہے۔ان کی غزلوں کی تازگی،نغمگی،تغزل و تاثر آفرینی نےمجموعی طور پر تازگی اور نیاپن پیدا کیا ہے۔ ساحر کی غزلیں موضوعات کے تنوع کے لحاظ سے محدود ہوکر بھی اشعار کی تازگی،سادگی،سنجیدگی و پر کاری کو برقرار رکھتی ہے۔

ساحر لدھیانوی کی شاعری کی ابتدا تو ان کی ذات سےہوئی لیکن جلد ہی کائنات تک پہنچ گئی ان کی سیاسی و انقلابی نظموں کے ساتھ ان کے تحقیقی شعور میں بھی پختگی آ تی گئی اور اسلوب و آہنگ نکھرتا و سنورتا گیا اس کے علاوہ ساحر کے اسلوب کی ایک صفت نغمگی اورتغزل بھی ہے۔

نغمگی،موسیقیت اور تغزل کے امتزاج نے ان کی نظموں،غزلوں اور نغموں میں وہ تاثر کی شدت پیدا کر دی کہ قاری و سامع اس میں کھوکر رہ جاتا ہے۔بالخصوص غزل تو تغزل کے بغیر حسن بے نمک ہی ہوگی، چنانچہ ساحر نے اگر ایک طرف غزل کو زندگی کی صدائے وقت سے دوچار کروایا تو دوسری طرف ایک نئے انداز کا تغزل بھی پیش کیا ہے۔

مختصر طور پر یہی کہا جاسکتاہےکہ ساحر ان چند شعرا میں سے ہی ایک ایسے منفرد اور ترقی پسند شاعر ہیں جن کا نام ان کی خوبصورت نغمگی کے لیے دنیائے فانی میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ساحر لدھیانوی نے شاعر اور اس کے مداحوں کے لیے ایک حقیقت سے بھرپورمشہورنظم لکھی تھی۔جسے فلم کبھی کبھی میں شامل کیا گیا تھا۔

میں پل دو پل کا شاعر ہوں پل دو پل مری کہانی ہے
پل دو پل میری ہستی ہے پل دو پل مری جوانی ہے
٭٭
مجھ سے پہلے کتنے شاعر آئے اور آ کر چلے گئے
کچھ آہیں بھر کر لوٹ گئے کچھ نغمے گا کر چلے گئے
٭٭
وہ بھی اک پل کا قصہ تھے میں بھی اک پل کا قصہ ہوں
کل تم سے جدا ہو جاؤں گا گو آج تمہارا حصہ ہوں
٭٭
کل اور آئیں گے نغموں کی کھلتی کلیاں چننے والے
مجھ سے بہتر کہنے والے تم سے بہتر سننے والے
٭٭
کل کوئی مجھ کو یاد کرے کیوں کوئی مجھ کو یاد کرے
مصروف زمانہ میرے لیے کیوں وقت اپنا برباد کرے

ساحرلدھیانوی کو فلمی دنیا سےبھی بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی ان کے کئی مقبول گیت آج بھی اپنا جادو قائم رکھے ہوئے ہیں۔

ساحر لدھیانوی کو 1963 میں فلم تاج محل کے نغمہ”جو وعدہ کیا وہ نبھانا پڑے گا” کے لیے اور 1976 میں فلم کبھی کبھی کے نغمہ” کبھی کبھی میرے دل میں خیال آتا ہے” کو” بہترین گیت کار کا فلم فیئر ایوارڈ ” حاصل ہوا تھا۔جبکہ

فلم سادھنا (1959)کے گیت”عورت نےجنم دیا مَردوں کو،مَردوں نے اسے بازار دیا۔”
فلم دھول کا پھول (1960)کے شہرہ آفاق نغمہ”تو ہندو بنے گا نہ مسلمان بنے گا،انسان کی اولاد ہے انسان بنے گا۔”
فلم گمراہ (1964) کے گیت” چلو ایک بار پھر سے اجنبی بن جائیں ہم دونوں۔” 
فلم ہمراز (1968) کے گیت” نیلے گگن کےتلے،دھرتی کاپیارپلے۔”
فلم آنکھیں (1969)کے گیت” ملتی ہے زندگی میں محبت کبھی کبھی۔”
فلم کبھی کبھی (1977) کے گیت ”میں پل دو پل کا شاعر ہوں۔”
فلم دادا (1979) کے گیت” دل کے ٹکڑے، ٹکڑے کرکے مسکراکے چل دئیے۔”
فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزد کیے گئے تھے۔

ساحر لدھیانوی کے لکھے ہوئے چند مشہور گیتوں کے ویڈیوز یہاں پیش ہیں۔

** چلو ایک بار پھر سے اجنبی بن جائیں ہم دونوں۔( فلم گمراہ)

" وقت سے دن اور رات، وقت سے کل اور آج ، وقت کی ہر شئے غلام ” ( فلم : وقت )

ملتی ہے زندگی میں محبت کبھی کبھی ( فلم : آنکھیں )

٭٭ کیا ملیے ایسے لوگوں سے جن کی فطرت چھپی رہے (فلم: عزت)

** کبھی کبھی میرے دل میں خیال آتا ہے۔ (فلم کبھی کبھی)

** یہ دنیا اگر مل بھی جائے تو کیا ہے ۔ (فلم پیاسا)

 

** میں زندگی کا ساتھ نبھاتا چلا گیا (فلم ہم دونوں)

 

** جائیں تو جائیں کہاں،سمجھے گا کون یہاں۔ (فلم نوجوان)
** ساتھی ہاتھ بڑھانا۔ (فلم نیادور)

** کبھی خود پہ کبھی حالات پہ رونا آیا۔ (فلم ہم دونوں)

** نہ منہ چھپاکے جیو اور نہ سرجھاکے جیو۔ ( فلم ہمراز)
** برباد محبت کی دعا ساتھ لیے جا۔ (فلم لیلیٰ مجنوں)
** ابھی نہ جاؤ چھوڑ کر کہ دل ابھی بھرا نہیں۔ (ہم دونوں)
** ائے میری زہرہ جبیں،تجھے معلوم نہیں۔ (فلم وقت)
** تم اگر ساتھ دینے کا وعدہ کرو۔ ( فلم ہمراز)

 

** یہ دل تم بن کہیں لگتا نہیں ہم کیا کریں۔ (فلم عزت)

 

** بابل کی دعائیں لیتی جا۔ (فلم نیل کمل)
** ایشور اللہ تیرو نام۔ (فلم نیا راستہ)
** نہ تو زمیں کے لیے ہے نہ آسماں کے لیے۔ ( فلم داستاں)
** میرے دل میں آج کیا ہے تو کہے تو میں بتادوں۔ (فلم داغ)

 

** عورت نے جنم دیا مردوں کو ، مردوں نے اسے بازار دیا۔ ( فلم سادھنا)
** جو وعدہ کیا وہ نبھانا پڑے گا۔ (فلم تاج محل)
** جانے وہ کیسے لوگ تھے جن کو پیار سے پیار ملا

** ملتی ہے زندگی میں محبت کبھی کبھی (فلم آنکھیں)

** دل کے ٹکڑے ٹکڑے کرکے مسکراکے چل دئیے (فلم دادا)

ساحر لدھیانوی کے چند مشہور اشعار یہاں پیش ہیں :-

ہم امن چاہتے ہیں مگر ظلم کے خلاف
گر جنگ لازمی ہے تو پھر جنگ ہی سہی
٭٭
جنگ تو خود ہی ایک مسئلہ ہے
جنگ کیا مسئلوں کا حل دے گی
٭٭
ظلم پھر ظلم ہے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے
خون پھر خون ہے ٹپکے گا تو جم جائے گا
٭٭
ہم تو سمجھے تھے کہ ہم بھول گئے ہیں ان کو
کیا ہوا آج یہ کس بات پہ رونا آیا
٭٭
مانا کہ اس زمیں کو نہ گلزار کر سکے
کچھ خار کم تو کر گئے گزرے جدھر سے ہم
٭٭
ہزار برق گرے لاکھ آندھیاں اٹھیں
وہ پھول کھل کے رہیں گے جو کھلنے والے ہیں
٭٭
غم اور خوشی میں فرق نہ محسوس ہو جہاں
میں دل کو اس مقام پہ لاتا چلا گیا
٭٭
تنگ آ چکے ہیں کشمکش زندگی سے ہم
ٹھکرا نہ دیں جہاں کو کہیں بے دلی سے ہم

٭٭
اپنی تباہیوں کا مجھے کوئی غم نہیں
تم نے کسی کے ساتھ محبت نبھا تو دی
٭٭
اس طرح زندگی نے دیا ہے ہمارا ساتھ
جیسے کوئی نباہ رہا ہو رقیب سے
٭٭
گر زندگی میں مل گئے پھر اتفاق سے
پوچھیں گے اپنا حال تری بے بسی سے ہم
٭٭
تو مجھے چھوڑ کے ٹھکرا کے بھی جا سکتی ہے
تیرے ہاتھوں میں مرے ہاتھ ہیں زنجیر نہیں

مضمون نگار : سید نوید جعفری

 

ترتیب و پیشکش، کلام اور تمام ویڈیوز کا انتخاب
یحییٰ خان

Mail: khanreport@gmail.com

 Facebook : @khanyahiya276

Instagram: @khan_yahiya276
Youtube: @Yahiya_Khan276
Twitter: @khanyahiya