حلقہ اسمبلی تانڈور سے کانگریسی امیدوار منوہر ریڈی کامیاب
بی آر ایس امیدوار پائلٹ روہت ریڈی کو 6 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست
وقارآباد ضلع کے چاروں اسمبلی حلقہ جات سے بی آر ایس پارٹی کا صفایا
وقارآباد/تانڈور: 03۔ڈسمبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام)
وقارآباد ضلع کے اسمبلی حلقہ تانڈور سے کانگریس پارٹی کے امیدوار بویانی منوہر ریڈی کامیاب ہوگئے۔انہوں نے موجودہ رکن اسمبلی و بی آر ایس امیدوار پائلٹ روہت ریڈی کو شکست دے دی۔
کانگریس پارٹی کے امیدوار بویانی منوہر ریڈی جو ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو سنٹرل بینک DCCB# حیدرآباد،رنگاریڈی کے چیئر مین بھی ہیں نے اپنے حریف موجودہ رکن اسمبلی و بی آر ایس پارٹی امیدوار حلقہ اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کو 6,284 ووٹوں کی اکثریت سے دوچار کر دیا۔
آج پرگی میں جاری ووٹوں کی گنتی کے دؤران نتائج اوپر نیچے ہورہے تھے اور دونوں امیدواروں کےدرمیان معمولی اکثریت کا سلسلہ جاری تھا۔اسی دؤران نتائج کا رحجان محسوس کرتے ہوئے پائلٹ روہت ریڈی ووٹ شماری مرکز سے روانہ ہوگئے۔بالآخر کانگریس کےامیدوار بویانی منوہر ریڈی نے اپنے حریف پائلٹ روہت ریڈی پر سبقت حاصل کرتے ہوئے اپنی کامیابی کا پرچم بلند کر دیا۔اسی کےساتھ تانڈور میں کانگریس کے خیمہ میں خوشی کی لہر دؤڑ گئی اور جم کر آتشبازی کا سلسلہ جاری ہے۔
اپنی شکست کے بعد پائلٹ روہت ریڈی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی فیصلہ کا احترام کرتے ہیں۔یاد رہے کہ 2018ء کے اسمبلی انتخابات میں پائلٹ روہت ریڈی نے کانگریس کے امیدوار کے طور پر مقابلہ کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی تانڈور سے اس وقت کے ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی جنہوں نے پانچ مرتبہ اس حلقہ سے کامیابی کا ریکارڈ رکھتے تھے کو شکست دیتے ہوئے سب کو حیران کر دیا تھا۔بعد ازاں چند ماہ بعد پائلٹ روہت ریڈی نے کانگریس چھوڑ کر برسر اقتدار بی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔
اسی کے ساتھ وقارآباد ضلع کے چار اسمبلی حلقہ کوڑنگل سے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور حلقہ اسمبلی تانڈور سے کانگریسی امیدوار بویانی منوہر ریڈی کی کامیابی کےعلاوہ حلقہ اسمبلی وقارآباد سے کانگریسی امیدوار جی۔پرساد کمارنے اپنے حریف بی آر ایس پارٹی امیدوار ڈاکٹر میتکو آنند کو اور حلقہ اسمبلی پرگی سے کانگریسی امیدوار ٹی۔رام موہن ریڈی نے اپنے بی آر ایس پارٹی کے حریف مہیش ریڈی کو شکست دے دی ہے۔اس طرح ضلع وقارآباد کےچاروں اسمبلی حلقہ جات وقارآباد، کوڑنگل ، تانڈور اور پرگی پر کانگریس نے قبضہ کرتے ہوئے ضلع وقارآباد سے بی آر ایس پارٹی کا صفایا کردیا ہے۔
” یہ بھی پڑھیں "


