تلنگانہ کے ڈی جی پی انجنی کمار معطل : الیکشن کمیشن کا حکم
حیدرآباد : 03۔ڈسمبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام)
تلنگانہ میں ووٹوں کی گنتی اور انتخابی نتائج کے اعلان کے دؤران الیکشن کمیشن نے آج شام ایک حیرت انگیز حکم جاری کرتےہوئے تلنگانہ کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ڈی جی پی انجنی کمار کو خدمات سےمعطل کرنے کا حکم جاری کیاہے۔اور ان کےمقام پر روی گپتا آئی پی ایس کو ڈی جی پی تلنگانہ کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔
خبر رساں اداروں پی ٹی آئی اور اے این آئی کےمطابق الیکشن کمیشن نے تلنگانہ میں ضابطہ اخلاق کےنفاذکے دؤران آج صدر تلنگانہ کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی سے ان کی رہائش گاہ پہنچ کر ڈی جی پی انجنی کمار کی جانب سے ملاقات کیے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کیاہے۔بتایا جارہا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے یہ حکم جاری کیا ہے۔
یاد رہےکہ آج انتخابی نتائج کے رحجان کےدؤران ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ انجنی کمار نےتلنگانہ کےریاستی پولیس نوڈل آفیسر سنجے جین اور نوڈل پولیس آفیسر(اخراجات)مہیش بھاگوت کےساتھ حیدرآباد میں صدر تلنگانہ کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی کی رہائش گاہ پہنچ کر انہیں گلدستہ پیش کیاتھا۔
اس ملاقات کا ویڈیو واٹس ایپ سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوا تھا۔چونکہ ریونت ریڈی بھی حلقہ اسمبلی کاماریڈی سےمقابلہ کر رہے ہیں تو اس معاملہ میں الیکشن کمیشن نے سخت موقف اپناتے ہوئے اسے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی گردانتے ہوئے ڈی جی پی تلنگانہ انجنی کمار کی معطلی کا حکم جاری کیا۔
میڈیا اطلاعات کے مطابق الیکشن کمیشن نے اس سلسلہ میں ڈی جی پی کے ساتھ ریونت ریڈی سے ملاقات کرنے والے ایڈیشنل ڈی جی پی مہیش بھگوت اورسنجے جین کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔
” یہ بھی پڑھیں "


