تمل ناڈو میں ای ڈی کا عہدیدار انکت تیواری 20 لاکھ روپے کی رشوت لیتے ہوئے پکڑا گیا

تمل ناڈو میں ای ڈی کا عہدیدار انکت تیواری 20 لاکھ روپے کی رشوت لیتے ہوئے پکڑا گیا
15 ڈسمبر تک عدالتی تحویل میں روانہ، ایک ماہ میں راجستھان کے بعد دوسرا واقعہ

دہلی/چنئی : 02۔ڈسمبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام/ایجنسیز)

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ایک عہدیدار کو تمل ناڈو کے ڈنڈیگل میں ایک سرکاری ملازم سے مبینہ طور پر 20 لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے پکڑے جانے کے بعد گرفتار کرلیا گیا۔انہیں اسٹیٹ ویجیلنس اور اینٹی کرپشن نے گرفتار کیا ہے۔

گرفتار شدہ ای ڈی کے اس عہدیدار کی شناخت انکت تیواری کےطور پر کی گئی ہے،جنہیں 15 دسمبر تک عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔ان کی گرفتاری کےبعد ڈنڈیگل ڈسٹرکٹ ویجیلنس اینڈ اینٹی کرپشن(DVAC) کے ذریعہ ED کے مدورائی دفتر میں تلاشی لی گئی۔انکت تیواری کی رہائش گاہ کی بھی عہدیداروں نے تلاشی لی۔

انڈیا ٹوڈے نے ذرائع کےحوالے سےلکھا ہےکہ اس معاملے کی تحقیقات کےدوران پتہ چلاہے کہ مدورائی اور چنئی کے ای ڈی کے مزید عہدیدار اس معاملہ میں ملوث ہیں۔!!

گرفتار شدہ ای ڈی عہدیدار انکت تیواری مبینہ طور پر کئی افراد کو بلیک میل کررہا تھا اور ان سے کروڑوں روپئے کی رشوت حاصل کر رہا تھا۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ وہ ای ڈی کے دیگر عہدیداروں میں بھی رشوت تقسیم کر رہا تھا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ اس کے قبضہ سے چند دستاویزات بھی ضبط کیے گئے ہیں اور مدورائی اور چنئی کے دفاتر میں ای ڈی کے مزید عہدیداروں کی اس کیس کے سلسلے میں تلاشی لی جا سکتی ہے۔

واقعہ کی تفصیلات کے مطابق 29 اکتوبر کو انکت تیواری نے مبینہ طور پر ڈنڈیگل کے ایک سرکاری ملازم(ایک اطلاع میں ڈاکٹر بتایا گیاہے) سے اپنے خلاف ڈی وی اے سی کیس کے سلسلے میں رابطہ کیا جسے بند کر دیا گیا تھا۔اس نے ملازم کو بتایا کہ وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) نے ای ڈی کو اس معاملہ کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی ہے۔انکت تیواری نے ملازم سے مزید تفتیش کے لیے 30 اکتوبر کو مدورائی میں ای ڈی کے دفتر میں حاضر ہونے کی ہدایت دی۔جس دن ملازم دفتر پہنچا ای ڈی عہدیدارنےمبینہ طور پر تحقیقات کو بند کرنے کے لیے اس سے 3 کروڑ روپے بطور رشوت طلب کیے۔

بعد ازاں اس نے ملازم کو بتایاکہ اس نے سینئر حکام سے بات کی ہے اور رشوت کم کر کے 51 لاکھ روپے کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
یکم نومبر کو سرکاری ملازم نے مبینہ طور پر ای ڈی عہدیدار کو 20 لاکھ روپے کی پہلی قسط دی تھی۔ای ڈی عہدیدار نے بعد میں اس سے پوری رقم ادا کرنے کو کہا یہ کہتے ہوئے کہ اس رقم کو اعلیٰ حکام کے درمیان بانٹنا ہوگا۔ انہوں نے سرکاری ملازم کو ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں سخت کارروائی کی دھمکی بھی دی۔

انکت تیواری کے مطالبات پر شک و شبہ ظاہرکرتے ہوئےاس سرکاری ملازم نے 30 نومبر کو ڈی وی اے سی کے ڈنڈیگل یونٹ میں ان کے خلاف شکایت درج کروائی۔ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہواکہ انکت نے بطور ای ڈی عہدیدار اپنے اختیارات کاغلط استعمال کیاہے اور ڈی وی اے سی نے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

کل یکم ڈسمبر کو انکت تیواری کومبینہ طور پر سرکاری ملازم سےرشوت کی 20 لاکھ روپے کی دوسری قسط قبول کرتےہوئےرنگےہاتھوں پکڑ لیا گیا۔

 

یاد رہے کہ ٹھیک ایک ماہ قبل یعنی 2 نومبر کو راجستھان میں بالکل اسی طرز پر راجستھان اینٹی کرپشن بیورو(اے سی بی)نے ای ڈی کے ایک عہدیدار نوال کشور مینا کو ایک بیوپاری سے ڈرا دھمکا کر 15 لاکھ روپئے کی رشوت حاصل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا تھا۔

اس وقت محکمہ اینٹی کرپشن بیورو راجستھان (اے سی بی)کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیمنت پریہ درشی نے بتایاتھا کہ کےایک شخص نے اے سی بی کے پاس شکایت درج کروائی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ امپھال،منی پور میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کے انفورسمنٹ آفیسر (ای او) نوال کشور مینا بطور رشوت ان سے 17 لاکھ روپئے طلب کرتے ہوئے ہراساں کر رہے ہیں۔

اس شخص کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے راجستھان اے سی بی کے عہدیداروں کی ٹیم نے نوال کشور مینا اور ان کے ساتھ بابو لال مینا کو 15 لاکھ روپئے رشوت کی رقم حاصل کرنے کے دوران رنگے ہاتھوں پکڑ لیا تھا۔اس وقت اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہواتھا۔

” یہ بھی پڑھیں "

راجستھان میں اینٹی کرپشن بیورو نے ای ڈی کے ایک عہدیدار اور ساتھی کو 15 لاکھ روپئے رشوت کی رقم کے ساتھ گرفتارکرلیا

 

تلنگانہ اسمبلی انتخابات : بحیثیت مجموعی 64 فیصد رائے دہی، مختلف ایگزٹ پولز میں کانگریس کو سبقت، بی آر ایس بھی تعاقب میں!

وقارآباد ضلع میں قطعی اور بحیثیت مجموعی 76.99 فیصد رائے دہی ریکارڈ، ضلع کے چاروں اسمبلی حلقہ جات کے ووٹوں کی گنتی 3 ڈسمبر کو پرگی میں ہوگی