راجستھان میں اینٹی کرپشن بیورو نے ای ڈی کے ایک عہدیدار اور ساتھی کو 15 لاکھ روپئے رشوت کی رقم کے ساتھ گرفتارکرلیا

راجستھان میں اینٹی کرپشن بیورو نے ای ڈی کےایک عہدیدار اور ساتھی کو
15 لاکھ روپئے رشوت کی رقم کے ساتھ گرفتار کرلیا، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل

جئے پور : 02۔نومبر
(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

راجستھان اینٹی کرپشن بیورو(اے سی بی) نے آج جمعرات کو 15 لاکھ روپئے کی رشوت لینے کے الزام میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کے ایک عہدیدار اور ان کے ایک اور ساتھی کو رقم کے ساتھ گرفتار کرلیا۔جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔

محکمہ اینٹی کرپشن بیورو راجستھان (اے سی بی)کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیمنت پریہ درشی کے مطابق ایک شخص نے اے سی بی کے پاس شکایت درج کروائی تھی،جس میں کہا گیاتھا کہ امپھال، منی پور میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کے انفورسمنٹ آفیسر (ای او) نوال کشور مینا 17 لاکھ روپے کی رشوت طلب کر رہے ہیں۔

ان کےمطابق رشوت امپھال میں شکایت کنندہ کی جائیداد کو ضبط نہ کرنے اور امپھال میں چٹ فنڈ گھوٹالے میں گرفتار نہ کرنے کےعوض میں طلب کی جا رہی تھی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اے سی بی راجستھان ہیمنت پریہ درشی نے کہا کہ شکایت کی تصدیق کے بعد جئے پور میں اے سی بی کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل ڈاکٹر روی کی قیادت میں ایک ٹیم نے ای ڈی کے انفورسمنٹ آفیسر (ای او) نوال کشور مینا اور ان کے ساتھی بابو لال مینا کو اس وقت رنگے ہاتھوں پکڑلیا جب وہ 15 لاکھ روپے کی رشوت لے رہے تھے۔نول کشور مینا اور بابولال مینا دونوں جے پور کے بسی Bassi# کے ساکن ہیں۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اے سی بی راجستھان ہیمنت پریہ درشی نے کہا کہ دونوں ملزمان سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے اور ان کے خلاف اینٹی کرپشن بیورو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔

یاد رہےکہ محکمہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ان دنوں بہت زیادہ مصروف ہے اور ملک کی کئی ریاستوں میں سلسلہ وار دھاوے اور گرفتاریاں جاری ہیں۔ایسےمیں ای ڈی کے دو عہدیداروں کوراجستھان جہاں کانگریس برسر اقتدار ہے میں اس طرح رشوت کی رقم کےساتھ گرفتار کیاجانا سیاسی حلقوں اور سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گیا ہے اور اس وقعہ کا ویڈیو بڑے پیمانے پر وائرل ہوا ہے۔

ای ڈی نے 30 اکتوبر کو راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت کے بیٹے ویبھؤ سے غیرملکی کرنسی کےقوانین کی مبینہ خلاف ورزی کے معاملے میں 9 گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی تھی۔راجستھان میں 25 نومبر کو رائے دہی ہونےوالی ہے اور اسمبلی انتخابات سےٹھیک ایک ماہ قبل راجستھان میں ای ڈی کی کارروائی کو چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوٹ نے سیاسی انتقام قرار دیا تھا۔اشوک گہلوٹ نے الزام عائد کیا تھا کہ بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت کے مبینہ غلط استعمال کی وجہ سے مرکزی ایجنسیاں اپنی ساکھ کھو چکی ہیں۔انہوں نے شدید ریمارک کرتے ہوئے کہا تھا کہ مرکزی ایجنسیوں نے ملک میں دہشت پھیلا رکھی ہے۔!!

دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں اور قائدین بشمول دہلی کے چیف منسٹر اروند کیجریوال جنہیں دہلی شراب پالیسی معاملے میں ای ڈی کی پوچھ تاچھ کا سامنا ہے اور وہ آج 2 نومبر کو ای ڈی کی نوٹس پر پیش نہیں ہوئے نے الزام عائد کیا ہے کہ مودی حکومت 2024 کے پارلیمانی انتخابات سے قبل انہیں نشانہ بنانے کے لیے مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے۔

راجستھان میں محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں کے ہاتھوں ای ڈی کے دو عہدیداروں کی گرفتاری اور 15 لاکھ روپئے رشوت کی رقم کی ضبطی کے بعد ایکس X (سابقہ ٹوئٹر ) پر وزیراعظم نریندر مودی اور ای ڈی کو ہیش ٹیگ کے ذریعہ ٹرول کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں "

کانپور میں ٹیچر کے عاشق کی جانب سے 17 سالہ طالب علم کا اغواء اور قتل، 30 لاکھ کا تاوان طلب، لیٹر پر اللہ اکبر کا نعرہ، رچیتا، پربھات اورانکت گرفتار