تانڈور میں سود کی رقم 1,500 روپئے ادا نہ کرنے پر آٹو ڈرائیور کی پٹائی
فینانسر گرفتار، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل
وقارآباد/تانڈور: 24۔مارچ
(سحر نیوز ڈاٹ کام)
وقارآبادضلع کے تانڈور ٹاؤن کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا/واٹس ایپ پر تیزی کے ساتھ وائرل ہے۔جس میں دیکھا جاسکتاہےکہ ایک شخص مختلف انداز میں ایک نوجوان کو مکے ماررہا ہے،لات ماررہا ہے،لکڑی سے مار رہا ہے۔اس نوجوان کو اپنے ہاتھوں سے الٹا کرکے اس کی پیٹھ پر لات مار رہا ہے اور اس کے پیٹ پر لات مار رہا ہے۔
یہ قابل مذمت ویڈیو دیکھنےسے ایسامحسوس ہوتاہےکہ کوئی گلی کا باکسر یا کراٹے کا کھلاڑی بار بار اپنے آستین چڑھا کر مشق کرنے میں مصروف ہے۔! جب یہ ویڈیو وائرل ہوا تو تانڈورپولیس فوری حرکت میں آگئی اور اس شخص کے خلاف ایک کیس درج رجسٹر کرلیا۔بعدازاں آج اس کو گرفتار کرلیا گیا۔
اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد احساس ہوتا ہے کہ زمانہ جوں جوں ترقی کرتا جارہا ہے اسی تیزی کے ساتھ انسان اور انسانیت پستی کی گہری کھائی میں گرتی جا رہی ہے۔! جدید ٹیکنالوجی کی ایجاد انسانی فوائد کےلیے کی گئی تھی لیکن اس کےغلط استعمال اور اس ٹیکنالوجی کااستعمال اپنی ہی بیوقوفی کو سماج کے سامنے پیش کرنے میں چند لوگ قانون کے شکنجے میں کستے جا رہے ہیں۔
وقارآباد ضلع کے تانڈور ٹاؤن میں میں پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات کےمطابق تانڈور کی حیدرآباد روڈ پر موجود راجیو گروہا کالونی کےساکن آٹو ڈرائیور بالیا نے تانڈور کے ہی گاندھی نگر علاقہ کے ساکن میادری روی کے پاس سے تین ماہ قبل 5,000 روپئے سود پر حاصل کیےتھے اور ماہانہ اس رقم کا سود 500 روپئے ادا کرنا تھا تاہم کسی وجہ سے بالیا تین ماہ سے سود کی رقم ادا نہیں کر پایا۔
اس طرح یہ رقم جملہ 6,500 روپئے ہوگئی۔سود کی رقم ادا کرنے پر فینانسر روی آٹو ڈرائیور بالیا کو جمعہ کے دن بالیا کو پکڑ کر اپنے مکان لے گیا اور ہاتھوں اور لاتوں کےعلاوہ لکڑی سے اس کی جم کر پٹائی کی اور پٹائی کےدوران اس ویڈیو میں آٹو ڈرائیور بالیا کو روتا ہوابھی دیکھا گیا۔
بات یہاں تک تو قابل مذمت تھی ہی لیکن فینانسر روی نے باقاعدہ وہاں موجودکسی نامعلوم شخص کو اپنا موبائل فون دے کر اس مارپیٹ پر مشتمل اپنی اس حیوانی حرکت کا ایک 4 منٹ 40 سیکنڈ کا ویڈیو بھی بنالیا۔جس کے بعد یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔بعدازاں متاثرہ نوجوان بالیا نے تانڈور پولیس اسٹیشن میں فینانسر روی کےخلاف اس حملہ کی شکایت درج کروائی۔سرکل انسپکٹر پولیس سنتوش کمار کےبموجب اس سلسلہ میں پولیس نے ایک کیس درج رجسٹر کر لیا ہے۔
ڈی ایس پی تانڈور کے۔بالا کرشنا ریڈی نے آج شام دیر گئے ایک ویڈیو پیغام کےذریعہ بتایا ہےکہ سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو کو دیکھنے اور متاثرہ آٹو ڈرائیور بالیا کی شکایت کے بعد فینانسر روی کو تانڈور پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
” یہ بھی پڑھیں "

