رکن اسمبلی و بی آر ایس امیدوار حلقہ اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کی انتخابی مہم زوروں پر
بی سی سنگھم، جئے بھیم، سی آئی ٹی یو،کے وی پی ایس اور نائی برہمن سماج نے تائید کا اعلان کیا
وقارآباد/تانڈور: 11؍نومبر
(سحرنیوزڈاٹ کام/نمائندہ)
3 نومبر سے کل 10 نومبر پرچہ نامزدگیوں کے ادخال کے آخری دن تک وقارآبادضلع کےحلقہ اسمبلی تانڈور سے مقابلہ کے لیے جملہ 28 امیدواروں نے 37 پرچہ نامزدگیاں داخل کی ہیں۔جن میں بی آر ایس امیدوار و موجودہ رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی، کانگریس کی جانب سے بویانی منوہر ریڈی، تلگو فلم اداکار پون کلیان کی جنا سینا پارٹی کےامیدوار کے طور پر شنکر گوڑ (یاد رہے کہ بی جے پی نے انتخابی مفاہمت کے بعد جنا سینا پارٹی کو تلنگانہ میں 8 اسمبلی حلقے دئیے ہیں۔جن میں حلقہ اسمبلی تانڈور بھی شامل ہے)
بی جے پی کےضلعی سیکریٹری یو۔رمیش نے بھی بطور آزاد امیدوار اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ان کے علاوہ بی ایس پی سمیت دیگر نے بھی پرچہ نامزدگی داخل کیے ہیں۔ان پرچہ نامزدگیوں کی 13 نومبر کی اسکروٹنی( جانچ پڑتال) ہوگی اور 15 نومبر پرچہ نامزدگی واپس لینےکی قطعی تاریخ ہوگی۔
تانڈور میں بالخصوص بی آر ایس کی انتخابی مہم زوروں پر ہے۔ بی آر ایس پارٹی امیدوار و رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی 9 اکتوبر کو انتخابی اعلامیہ کی اجرائی سےقبل ہی حلقہ اسمبلی تانڈور میں متحرک ہیں۔مختلف طبقات کی تنظیموں اور ان کےنمائندوں سےملاقاتیں کرتے ہوئے ان انتخابات میں دوسری مرتبہ ان کی تائید حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔مختلف تنظیموں کی جانب سے ان کی باقاعدہ تائید کااعلان بھی کیاجارہا ہے۔پائلٹ روہت ریڈی کی جانب سےسوشل میڈیابالخصوص انسٹاگرام اور فیس بک پرمنظم منصوبہ کےساتھ تشہیر کی جارہی ہے۔

رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کی اہلیہ آرتی ریڈی بھی انتخابی مہم میں شریک ہیں۔وہ نائب صدرنشین بلدیہ تانڈور پٹلولا دیپا نرسملو، ارکان بلدیہ، پارٹی کی خاتون نمائندوں اور کارکنوں کےساتھ گھر گھر اور تجارتی اداروں تک پہنچ کر رائے دہندوں سے اپیل کر رہی ہیں کہ ان کے شوہر نے گزشتہ انتخابات میں جتنے وعدے کیے تھے ان تمام کو عملی جامہ پہنچایا ہےاور تانڈور کی ترقی کے لیے کروڑہا روپئے کے فنڈس حاصل کئے ہیں۔
آرتی ریڈی رائے دہندوں سے راست ملاقات کر تے ہوئے اپیل کررہی ہیں کہ دوسری مرتبہ بھی ان کے شوہر پائلٹ روہت ریڈی کو کامیاب بنایا جائے۔انہوں نے جتنےبھی انتخابی وعدے و اعلانات کیے ہیں ان تمام کوعملی جامہ پہنائیں گے۔وہیں رکن اسمبلی کی والدہ و رکن ضلع پریشد شریمتی پرمودنی دیوی بھی انتخابی مہم میں حصہ لے رہی ہیں۔

آج تانڈور میں منعقدہ الگ الگ اجلاس میں مختلف طبقات کی تنظیموں نے رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کی تائید کا اعلان کیاہے،جبکہ بی سی سنگھم نے اسی ہفتہ پائلٹ روہت ی تائید کا اعلان کیا تھا اور باقاعدہ بی سی سنگھم کے قومی سیکریٹری راج کمار تانڈور اور دیہاتوں میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔جبکہ آج منعقدہ ایک اجلاس میں جئے بھیم نے بھی پائلٹ روہت ریڈی کی تائید کا اعلان کیا ہے۔
اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بی آرایس پارٹی امیدوار و رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر نے جدید سیکریٹریٹ کی عظیم الشان عمارت کو معمار دستور ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے نام سےموسوم کیا اور ساتھ ہی 125 فیٹ بلند امبیڈکر کے مجسمہ کی حیدرآباد میں تنصیب وزیراعلیٰ کا کارنامہ ہے اور یہ پورے ملک کے لیے ایک مثال ہے۔
پائلٹ روہت ریڈی نے کہاکہ انہوں نے تانڈور میں 2 کروڑ روپئے کےصرفہ سے دیڑھ ایکڑ اراضی پر امبیڈکربھون کی تعمیر کو منظوری دلوائی ہے۔اور اپنے ذاتی صرفہ سے حلقہ اسمبلی کے مختلف دیہاتوں میں تنصیب کے لیے 133 امبیڈکر کے مجسمے خصوصی طور پر تیار کرواکے دئیے ہیں۔اسی طرح دلت بندھو اسکیم کے فوائد بھی دلت طبقہ کو دئیے گئے ہیں۔اس اجلاس میں جئے بھیم کے نمائندوں نے اعلان کیاکہ وہ دیہاتوں میں جاکر انتخابی مہم چلائیں گے اور پائلٹ روہت ریڈی کی کامیابی کو یقینی بنائیں گے۔

دوسری جانب بالاجی فنکشن ہال میں آج منعقدہ اجلاس میں سی آئی ٹی یو تانڈور اور کے وی پی ایس کے نمائندوں نے بھی رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کی تائید کا اعلان کیا ہے۔اس اجلاس میں رکن اسمبلی نے کہاکہ مزدوروں کو جو اجرت تلنگانہ میں دی جارہی ہے اتنی اجرت کسی بھی ریاست میں نہیں دی جاتی۔آج شام منعقدہ ایک اور اجلاس میں رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے نائی برہمن سماج سے ان کی تائید کی اپیل کی جس پر ان نمائندوں نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تائید کا اعلان کیا۔بعدازاں رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے کوٹ پلی پہنچ کر رات دیر گئے تک اپنی انتخابی مہم کے تحت عوام سے خطاب کیا اور ان سے راست ملاقات بھی کی۔
” یہ بھی پڑھیں "


