وقارآباد ضلع : تانڈور میں ایک سالہ حسین لاپتہ، اغوا کا شبہ!
مندر کے قریب سوئے ہوئے خاندان کا بچہ غائب
وقارآباد/تانڈور: 30؍ڈسمبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام)
وقارآباد ضلع کے تانڈور ٹاؤن سے چار کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود موضع گوتاپور سے ایک سالہ لڑکا غائب ہوگیا ہے جو اپنے والدین اور دیگر افراد خاندان کیساتھ مندر کے قریب سو رہا تھا۔اس غریب خاندان کے بچہ کے اس طرح غائب ہوجانے سے خاندان شدید پریشان ہے۔اس واقعہ کی اطلاع عام ہوتے ہی گوتاپور اور تانڈور میں ہراسانی کی لہر دوڑ گئی،پولیس چوکس اور اس لاپتہ بچہ کی مختلف طریقوں سے تلاش میں مصروف ہے۔
سب انسپکٹر پولیس کرنکوٹ (تانڈور رورل) وٹھل ریڈی کے مطابق چیتاپور، ضلع گلبرگہ (کرناٹک)کے ساکن باشاہ چند دنوں سے گوتاپور کی ملکارجن سوامی مندر کے قریب اپنی بیوی گوری بی، اپنے چار بچوں،ساس اور سالی کیساتھ زندگی بسر کررہے ہیں۔ دن بھر وہ خالی ڈبوں، گیس رپیر اور چھوٹے موٹے کام کرتے ہوئے اور گاوں والوں کی مدد سے گزر بسر میں مصروف ہیں۔
شدید پریشان افراد خاندان کی جانب سے کرنکوٹ پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی شکایت کے مطابق کل 29 ڈسمبر کی رات یہ خاندان کھانا کھانے کے بعد مندر کے قریب ہی سوگیا تھا کہ صبح 6 بجے جب یہ خاندان نیند سے بیدار ہوا تو ان ایک سالہ لڑکا حسین غائب تھا جسے قریبی علاقوں میں تلاش کیاگیا لیکن وہ کہیں بھی دستیاب نہیں ہوا۔جسکے بعد اس لڑکےکے لاپتہ ہونے کی شکایت کرنکوٹ پولیس میں درج کروائی گئی۔
سب انسپکٹر پولیس کرنکوٹ وٹھل ریڈی نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ایک کیس درج رجسٹر کرکے پولیس مصروف تحقیقات ہے اور تمام زاویوں سے اس گمشدہ لڑکے کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو یہ لڑکا کہیں نظرآجائے تو سب انسپکٹر پولیس تانڈور (اربن) وٹھل ریڈی کو 8712670052 پر یا پھر سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (رورل) نگیش کو 8712670051 پر اطلاع دی جاسکتی ہے۔
دوسری جانب اس کمسن بچہ کے اچانک غائب ہو جانے کے باعث یہ غریب خاندان سخت پریشانی کا شکار ہوگیا ہے۔اس گمشدہ بچہ کی ماں گوری نے روتے ہوئےمیڈیا کو بتایا کہ گذشتہ رات 30-11 بجے تک ان کا بچہ ان کے ساتھ کھیل کر ان کے پہلو میں ہی سوگیا تھا اور وہ روز سونے سے قبل اپنے بچہ کو اپنی ساڑی کے پلو سے باندھ لیتی تھیں اور رات کو بھی وہ اپنے بچہ حسین کو اسی طرح باندھ کر سوئی تھیں لیکن صبح جب وہ نیند سے بیدار ہوئیں تو ان کی ساڑی کا پلو کھلا ہوا تھا۔نامعلوم افراد یا کسی فرد نے ساری کے پلو سے باندھے گئے بچہ کی گانٹھ کو کھول کر ان کے بچہ کو اٹھا کر لے گیا ہے۔!!

