تلنگانہ : شنکر پلی میں تبلیغی جماعت کے تین روزہ دینی اجتماع کا رقت انگیز دعا کیساتھ خوشگوار اختتام، لاکھوں فرزندان توحید کی شرکت

ریاستی خبریں سوشل میڈیا وائرل قومی خبریں

تلنگانہ: شنکر پلی میں تبلیغی جماعت کے تین روزہ دینی اجتماع کا رقت انگیز دعا کیساتھ خوشگوار اختتام
شدید کہر اور سردی کے باوجود لاکھوں فرزندان توحید کی شرکت، اجتماع کے دوران روحانی مناظر

حیدرآباد/وقارآباد : 06۔جنوری
(سحر نیوز ڈاٹ کام/خصوصی رپورٹ)

ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد سے 43 کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود شنکر پلی ٹاؤن سے دو کلومیٹر بی ڈی ایل، پٹن چیروروڈ پر تبلیغی جماعت کے تین روزہ دینی اجتماع کا کل اتوار 5 جنوری کی دوپہر مولانا محمد فاروق صاحب(ممبئی) کی رقت انگیز دعا کیساتھ خوشگوار اختتام عمل میں آیا۔

200 ایکڑ اراضی پر تمام سہولتوں سے لیس اجتماع گاہ میں منعقدہ اس دینی اجتماع میں بشمول حیدرآباد،سکندرآباد، پڑوسی اضلاع اضلاع وقارآباد، سنگاریڈی،محبوب نگر،میڑچل ملکاجگیری کےعلاوہ پڑوسی ریاستوں آندھرا پردیش،کرناٹک اور مہاراشٹرا کےمختلف مقامات سےلاکھوں فرزندان توحید نے شرکت کی اور تبلیغی مرکز حضرت نظام الدین ،دہلی سے تشریف لائے پانچ اکابرین و علماکرام کے خصوصی خطابات کی پرسکون ماحول میں سماعت کی۔

3 جنوری تا 5 جنوری منعقدہ تبلیغی جماعت کے اس تین روزہ دینی اجتماع میں اندازہ لگایا جارہاہے کہ زائد از 3 لاکھ فرزندان اسلام نے شرکت کی کل اتوار کو اجتماع کے اختتامی دن اور خصوصی دعاء میں شرکت کی غرض سے دوردراز مقامات سے مزید ہزاروں مسلمان شریک ہوئے۔اس اجتماع گاہ کی تیاریوں کا آغاز 45 دن قبل کیا گیا تھاجس میں حیدرآباد،سکندرآباد کے علاوہ اضلاع وقارآباد، رنگاریڈی، ملکاجگیری میڑچل کے بشمول دیگر مقامات کے ذمہ داران اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نےرضاکارانہ طورپر اپنی خدمات پیش کیں اتنے بڑے اجتماع گاہ کی تیاریوں میں مزدوروں کی خدمات حاصل نہیں کی گئی تھیں۔

اس اجتماع کےدوران شرکاء نے انتہائی خشوع و خضوع کیساتھ باجماعت پنچ وقتہ اور تہجد کی نمازوں کی دائیگی کیساتھ اکابرین و علماء کرام کے خصوصی اصلاحی خطبات کی سماعت کی۔تاحد نظر انسانی سروں کا سمندر نظر آنےوالے اتنے بڑے اجتماع کے دؤران ہمیشہ کی طرح کوئی بدنظمی نہیں دیکھی گئی اور سب نے ہمیشہ کی طرح جوکہ ان اجتماعات کاشیوہ اورمقصد ہوتاہے پر عمل کرتےہوئے انتہائی نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمیشہ کی طرح یہ پیغام دیا کہ ہم دنیا اور ملک میں محبت عام کرنے والے، نفرتوں کو پسند نہ کرنے،ان نفرتوں کو ختم کرتے ہوئے بھائی چارہ کا پیغام عام کرنے والے اور امن و امان کی وکالت کرنے والے ہیں۔

جمعہ 3 جنوری کو نماز فجر کی ادائیگی کیساتھ اس اجتماع کا آغاز ہواتھا۔تبلیغی جماعت کے اس سہء روزہ اجتماع میں مرکز نظام الدین،دہلی سے شریک ہونے والے اکابرین اور ذمہ داران نے قرآن و سنت کی روشنی میں صرف آسمان کے اوپر والے اور زمین کے نیچے کے احوال بیان کرتے ہوئے مسلمانوں کو دین اسلام پر سختی کیساتھ کاربند رہنے کی تلقین کی۔ساتھ ہی ایک ایماندار، متقی اور پنچ وقتہ نمازی و پرہیز گار،حقوق العباد کی ادائیگی کیساتھ دنیا و آخرت کے لیے ایک بہتر مسلمان کی زندگی بسر کرنے کا پیغام دیا۔

کل اتوار کو اس اجتماع کے اختتام کے موقع پر 12 بجے دوپہر مولانا محمد فاروق صاحب(ممبئی) نے ائداز نصف گھنٹہ تک انتہائی رقت انگیز دعاء کی۔اجتماع میں شریک لاکھوں فرزاندان اسلام نے آنسووں کی بہتی قطاروں کے ساتھ آمین کی صدا بلند کی،جس سے اس پورے علاقہ میں آمین کی فلک شگاف آوازیں اور روتے ہوئے اللہ کے حضور گڑ گڑاکر مانگی گئیں دعاوں کی صدائیں اجتماع گاہ اور اطراف کے علاقوں میں گونجنے لگی تھیں۔

مولانا محمد فاروق صاحب نے اپنی خصوصی دعاء میں اسلام کی سلامتی، ملک میں امن و امان اور بھائی چارہ کےلیے دعا کی۔دعاء سےقبل مولانا محمد فاروق صاحب نے اس اجتماع سےخصوصی خطاب کرتےہوئے تلقین کی کہ تمام مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ اللہ کی رسی کومضبوطی سے تھام لیں،اپنی زندگیوں میں صد فیصد دین پر عمل کریں، دینی حلقوں میں بیٹھ کر دین سیکھنے والے بن جائیں، اپنی جان و مال لگا کر اللہ کے راستے میں نکلیں،انہوں نے کہاکہ ہمارا کام ہےکہ ہم ہر فرد تک پہنچ کر دین کی دعوت دینے والے بن جائیں اور داعی وہی ہوتا ہے جو سب کے لیے خیر خواہی کا معاملہ کرے اور حالات جیسے بھی ہوں صبر کا دامن تھام کر رکھے۔

مولانا محمد فاروق صاحب نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمان اپنے گھروں میں دینی حلقے لگا کر اپنے بچوں کو دین سے آراستہ کریں، ہر مسلمان کی خوشامد کرتے ہوئے انہیں مساجدکے ماحول میں لائیں تاکہ اللہ کے گھر ہمیشہ آباد رہیں۔انہوں تلقین کی کہ علماء کرام کی قدر کریں اور علماء کی اہمیت کو سمجھیں یہ ہمارے محسن ہیں اور علماء کرام کی دعائیں لیتے رہیں۔

مولانا نے اجتماع کے شرکاء کو تلقین کی کہ آپ تمام نیت کرلیں کہ سب اپنی اپنی زندگیوں کو بدلیں گے اور ساتھ ہی اپنی بیوی بچے، ماں باپ، بہن بھائی،اپنے رشتہ دار اور اپنے اعلی اخلاق،مسجد کے اعمال،بڑوں کا ادب،چھوٹوں کے ساتھ سفقت جتنی بھی باتیں اس اجتماع میں آپ کے سامنے آئی ہیں اس پر عمل کرنے والے بن جائیں گے۔انہوں نے سودی کاروبار سے ہمیشہ دور رہنے کی سخت تلقین کی کہ اس سے ہمارے اعمال ضائع ہو جاتےہیں اور اگر کسی کو دھوکہ دیا ہو تو فوری طور پر توبہ کر لیں۔مولانا محمد فاروق صاحب نے اپنے خطاب میں تلقین کی کہ اپنی کمائی کو پاک کریں اور اپنے اخلاق اچھے بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مدینہ منورہ جیسا ماحول حیدرآباد میں بنانا ہے اس کے لیے ہم سب کو دین کی محنت کرنا ہوگا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں تاکید کی کہ سنت کے طریقہ سے نکاح کرتے ہوئے نکاح کو آسان بنائیں اور امت مسلمہ کو چاہئے کہ وہ شادیوں میں فضول خرچی اور بیجا اسراف سے بچیں۔

شنکر پلی میں منعقدہ اس سہء روزہ دینی اجتماع کے دوران ایک بھی معمولی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور نہ ہی اس اجتماع میں منتظمین اور شرکاء کو کسی بھی قسم کی بدنظمی کا سامنا کرنا پڑا۔جبکہ سہء روزہ اجتماع کے دوران رات اور صبح کے اوقات اس علاقہ میں شدید سردی اور کہر کی گہری چادر دیکھی گئی۔اجتماع کے اختتام کے بعد کئی گھنٹوں تک اجتماع گاہ سے نظم و ضبط کیساتھ روانہ ہونے والے پیدل اور گاڑیوں کے قافلوں کے پراثر مناظر دیکھے گئے۔

دوسری جانب شنکر پلی میں منعقدہ اس اجتماع گاہ میں 6 وضو خانے تعمیر کئے گئے تھے جن میں ایک ہی وقت میں 3 ہزار افراد وضو کرسکتے ہیں وہیں 25 طعام خانے قائم کیے گئے تھے جہاں ایک طعام خانہ میں ایک وقت میں 3,500 افرادکے تناول طعام کا نظم تھا۔جبکہ 12 عارضی بیت الخلاء نصب کیے گئے تھے۔اجتماع گاہ کے قریب گاڑیوں کی پارکنگ کے لیےخصوصی انتظامات کیےگئے۔اس اجتماع گاہ میں پانی کے ذخیرہ اور اس کے استعمال کے لیے پلاسٹک کی مدد سے دو خصوصی تالاب بنائے گئے تھے۔

” تبلیغی جماعت کے اس تین روزہ اجتماع کی خصوصی رپورٹ ہمارے چینل کے ان ویڈیوز میں سنی اور دیکھی جاسکتی ہیں”

 

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے