تانڈور میں چوری کی واردات کا کوریج کرنے گئے صحافی کے گھر میں بھی چوری، 17 تولے سونا اور 5 لاکھ روپئے نقد رقم کا سرقہ

تانڈور میں چوری کی واردات کا کوریج کرنے گئے صحافی کے گھر میں بھی چوری
17 تولے سونا اور 5 لاکھ روپئے نقد رقم کا سرقہ، ایک ہی دن میں دو وارداتیں

وقارآباد/تانڈور: 08۔فروری
(سحر نیوز ڈاٹ کام)
ایسا لگتا ہے کہ وقارآباد ضلع کے تانڈور ٹاون میں سارقوں کی ٹولی بے قابو ہوگئی ہے!! چوروں کی دیدہ دلیری یا بے خوفی کہا جائے کہ تانڈور کے ہی شاہی پور علاقہ میں ایک بڑی چوری کی واردات کی اطلاع پر اس واقعہ کا کوریج کرنےگئے ایک صحافی کےمکان کو ہی نامعلوم سارقوں نے دن دہاڑے نشانہ بناتےہوئے اس مکان سے 17 تولے سونا کے زیور اور 5 لاکھ روپئے نقد رقم کا سرقہ کرلیا۔ایک ہی دن میں آج تانڈور ٹاون کے دو الگ الگ مقامات پر مکانات میں سرقہ کی وارداتوں سے عوام میں سراسمیگی کی لہر دؤڑگئی ہے۔
بلدی حلقہ شاہی پور کےساکن پٹلولا وینکٹیش کے مقفل مکان میں قفل شکنی کے ذریعہ نامعلوم سارقوں نے 40 تولے سوناکے زیورات کا سرقہ کرلیا۔آج ہفتہ کو 11 بجے دن جب یہ خاندان جو 6 فروری کو شادی کی ایک تقریب میں شرکت کی غرض سے دھارور منڈل گیا ہوا تھا اپنے مکان پہنچا تو یہ دیکھ کر پریشان ہوگیا کہ مکان کے دروازہ کا قفل ٹوٹا ہوا تھا۔ انہوں نے جب اپنے مکان میں داخل ہوکر دیکھا تو اندر سارا سامان بکھرا ہوا تھا مکان کی تلاشی کے بعد مالک مکان وینکٹیش نے بتایا کہ مکان کے اندر موجود زائد از 40 تولے سونا کے زیورات چوری کر لیے گئے ہیں۔!
تانڈورپولیس ابھی اس واردات کی تحقیقات میں مصروف ہی تھی کہ اس چوری کی واردات کا کوریج کرنےکےلیے گئے ہوئے بلدی حلقہ قدیم تانڈور میں مقیم تلگو روزنامہ پرجا تنترا سے وابستہ صحافی بسواراج گوڑ کے مکان میں نامعلوم سارقوں نے سرقہ کی واردات انجام دی۔
تفصیلات کے مطابق صحافی بسواراج گوڑ تلگو روزنامہ پرجا تنترا میں خدمات انجام دیتے ہیں جبکہ ان کی اہلیہ آنگن واڑی ٹیچر ہیں۔ آج دونوں اپنے اپنے کام پر مکان سے روانہ ہوئے تھے۔
صحافی بسواراج گوڑ کے مطابق جب شاہی پور میں کی گئی چوری کا کوریج کرکے وہ اپنے مکان پہنچے تو ان کے مکان میں سامان بکھرا ہوا پڑا تھا۔اور ان کے مطابق نامعلوم سارقوں نے ان کے مکان میں ان کے رشتہ داروں کیجانب سے رکھے گئے 7 تولے سونا کے زیور اور ان کے اپنے 10 تولے سونا کے زیورات غائب تھا۔
صحافی بسواراج گوڑ کے مطابق جملہ 17 تولے سونا کیساتھ ساتھ ان کے مکان میں رشتہ داروں کیجانب سے ان کے پاس بطور امانت رکھے گئے 2 لاکھ روپئے اوران کے پاس محفوظ چٹ کی رقم 3 لاکھ روپئے بھی نامعلوم سارقوں نے سرقہ کرلیا۔اس طرح صحافی بسواراج گوڑ کے مکان سے جملہ 17 تولے سونا کے زیورات اور 5 لاکھ روپئے نقد رقم کا سرقہ کرلیا گیا۔
اس واردات سے پریشان صحافی بسواراج گوڑ نے فوری تانڈور پولیس کو اطلاع دی تو ڈی ایس پی کے۔بالا کرشنا ریڈی، سرکل انسپکٹر پولیس سنتوش کمار، سب انسپکٹر پولیس رمیش پولیس ٹیم کیساتھ متاثرہ مکان پہنچ گئے اور مکان کا جائزہ لیا اور صحافی بسواراج گوڑ سے اس چوری کی واردات کی تفصیلات حاصل کیں۔پولیس کلوز ٹیم طلب کرلی گئی ہے۔اس سلسلہ میں تانڈور پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرکے تحقیقات میں مصروف ہے۔

آج ہفتہ کوایک ہی دن میں تانڈور کے دو علاقوں میں صبح اور دوپہر کے وقت چوری کی دو وارداتوں کی اطلاعات سے شہریوں میں سراسمیگی کی لہر دؤڑ گئی ہے اور موضوع بحث بھی۔!!
شاہی پور میں پٹلولا وینکٹیش کے مکان سے زائد از 40 تولے سونا اور قدیم تانڈور میں صحافی بسواراج گوڑ کے مکان سے 17 تولے سونا کے زیوارات اور 5 لاکھ روپئے نقد رقم کا سرقہ کیا گیا ہے۔اس طرح جملہ زائد از 57 تولے سونا جس کی مالیت 45 لاکھ روپئے اور نقد رقم پانچ لاکھ اس طرح جملہ 50 لاکھ روپئے کی چوری کی وارداتیں تانڈور پولیس کے لیے ایک چیلنج بن گئی ہیں۔ تانڈور پولیس ان دونوں وارداتوں کی شکایت درج کرنے کے بعد تحقیقات میں مصروف ہے۔

" یہ بھی پڑھیں "

تانڈور کے ایک مکان میں قفل شکنی کے ذریعہ چوری کی بڑی واردات، زائداز 40 تولے زیورات کا سرقہ