تانڈور کے ایک مکان میں قفل شکنی کے ذریعہ چوری کی بڑی واردات، زائداز 40 تولے زیورات کا سرقہ

تانڈور کے ایک مکان میں قفل شکنی کے ذریعہ چوری کی بڑی واردات
زائداز 40 تولے زیورات کا سرقہ، ڈی ایس پی نے متاثرہ مکان کا مشاہدہ کیا

وقارآباد/تانڈور: 08۔فروری
(سحر نیوز ڈاٹ کام)
وقارآباد ضلع کے تانڈور ٹاؤن میں موجود بلدی حلقہ شاہی پور میں نامعلوم سارقوں نے ایک مقفل مکان میں قفل شکنی کےذریعہ چوری کی بڑی واردات انجام دی ہے،متاثرہ مکان کے مالک نے پولیس کو بتایا کہ سارقوں نے مکان میں موجود زائد از 40 تولے سونا کے زیوارت کا سرقہ کرلیا ہے۔
علاقہ اور تانڈور میں تہلکہ مچانے والی اس واردات کی تفصیلات کے مطابق شاہی پور کے ساکن پٹلولا وینکٹیش اور سرلا افراد خاندان کیساتھ 6 فروری کو دھارور منڈل کے ناگاسن پلی میں منعقد بہن کے لڑکے کی شادی کی تقریب میں شرکت کی غرض سے اپنے مکان کو مقفل کر کے روانہ ہوئے تھے۔
آج ہفہ کو 11 بجے دن جب یہ خاندان اپنے مکان پہنچا تو یہ دیکھ کر پریشان ہوگیاکہ مکان کے دروازہ کا قفل ٹوٹا ہوا تھا۔پریشان خاندان نے جب اپنے مکان میں داخل ہوکر دیکھا تو اندر سارا سامان بکھرا ہوا تھامکان کی تلاشی کے بعد مالک مکان وینکٹیش نے بتایا کہ مکان کے اندر موجود زائد از 40 تولے سونا کے زیورات چوری کر لیے گئے ہیں۔
وینکٹیش نے فوری اس سرقہ کی واردات کی اطلاع تانڈور پولیس کو دی جس پر ڈی ایس پی تانڈور کے۔بالا کرشنا ریڈی، سرکل انسپکٹر پولیس سنتوش کمار، سب انسپکٹر پولیس رمیش پولیس ٹیم کیساتھ متاثرہ مکان پہنچ گئے اور متاثرہ مکان کا جائزہ لیا۔ مالک مکان وینکٹیش سے اس چوری کی واردات کی تفصیلات حاصل کیں۔پولیس کلوز ٹیم طلب کرلی گئی۔اس سلسلہ میں تانڈور پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرکے تحقیقات میں مصروف ہے۔

یاد رہے کہ تین دن قبل بھی آدرش نگر (سابق پاتا کنٹہ) کی وشویشور کالونی میں موجود اشوک کے مقفل مکان میں مقفل شکنی کے ذریعہ داخل ہو کر الماری کا قفل توڑ کر اس میں موجود 2 تولے سونا کے زیور، 20 تولے چاندی کے زیور اور 30 ہزار روپئے کی نقد رقم سرقہ کرلی تھی۔یہ واردات اسی دن دوپہر اس وقت انجام دی گئی تھی جب مکان مالک اشوک اپنی بیوی کو ہسپتال لے جاکر اندرون ایک گھنٹہ واپس لوٹے تھے۔
یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ محکمہ پولیس کی جانب سے ہمیشہ شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ مکان مقفل کرکے چند دنوں کے لیے اگر دیگر مقامات کو جانا ہو تو اس کی اطلاع پولیس کو دی جائے یا پھر گھر کے کسی ایک فرد کو گھر میں رکھ کر جائیں، اور لازمی طور پر اپنے مکانات میں سی سی ٹی کیمرے نصب کیے جائیں تو سرقہ کی وارداتوں کو روکا جاسکتا ہے یا پھر وارداتوں کے بعد سارقوں کی نشاندہی میں پولیس کو آسانی ہوتی ہے۔تانڈور میں سرقہ کی ان وارداتوں میں عوام میں خوف کی لہر  دؤڑ گئی ہے۔!!