تمل ناڈو میں مائچانگ سمندری طوفان کی تباہ کاریاں، فوج نے 300 افراد کو بحفاظت نکال لیا، چنئی ایرپورٹ جھیل میں تبدیل

تمل ناڈو میں مائچانگ سمندری طوفان کی تباہ کاریاں،فوج نے 300 افراد کو بحفاظت نکال لیا
چنئی ایرپورٹ جھیل میں تبدیل، 151 ٹرینوں کی منسوخی، رخ تبدیل، پانچ افراد ہلاک
تلنگانہ میں بھی گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ دو دن تک بارش کی پیش قیاسی

چنئی/حیدرآباد: 04۔ڈسمبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام/ایجنسیز)

تمل ناڈو میں سمندری مائچانگ طوفان Michaung Cyclone# طوفان شدت اختیار کرتاجارہا ہے۔اطلاعات کےمطابق اب تک پانچ امواتیں ہوئی ہیں۔چنئی کے علاوہ اس کے مختلف قریبی مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ شدید ترین بارش کے باعث کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں،درخت جڑ سے اکھڑ گئے ہیں۔

جبکہ چنئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا رن وے جھیل میں کا منظر پیش کرر ہا ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جاسکتاہےکہ طیارےسیلابی پانی میں کھڑے ہوئے ہیں۔ایئر پورٹ میں سیلابی پانی داخل ہوجانے کے باعث کئی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔کئی مقامات پر سڑکوں کے زیر آب آجانے سے گاڑیاں بھی ڈوب گئی ہیں اور سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جاسکتاہےکہ چنئی کےایک علاقہ میں کاریں کاغذ کی کشتیوں کی طرح سیلابی پانی میں بہہ رہی ہیں۔

مرکزی محکمہ موسمیات نےریڈ الرٹ جاری کرتےہوئے پیش قیاسی کی ہےکہ تمل ناڈوکے شمالی ساحلی علاقوں،پدوچیری اورکرائیکل میں شدید ترین بارش ہوگی عوام اور انتظامیہ چوکس رہیں۔

طوفان مائچانگ کی وجہ سے چنئی کےمختلف حصوں میں مسلسل تیز بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ شدید بارش کی وجہ سے کئی اہم علاقوں میں پانی جمع ہوگیاہے۔شدید بارش اور پانی جمع ہونے کی وجہ سے چنئی کےتمام مضافاتی حصوں میں مضافاتی ٹرین خدمات کو عارضی طور پر روک دیا گیا۔

https://twitter.com/AaravSeth_/status/1731652592747356407

تمل ناڈو کے چیف منسٹر ایم کے اسٹالن نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ وہ طوفان کے ختم ہونے تک اپنے گھروں تک محدود رہیں۔ چیف منسٹر نے طوفان سے نمٹنے کے لیے تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے کنٹرول روم کا معائنہ بھی کیا۔

چنئی اور آس پاس کےعلاقوں کو متاثر کرنےوالے مائچانگ طوفان سے شدید ترین بارش کےدوران ہندوستانی فوج نے چنئی کے اندرموگا لیوککم اور مناپکم کے سیلاب زدہ علاقوں سے تقریباً 300 افراد کوسیلابی پانی سے بحفاظت نکال لیا۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے ہندوستانی فوج کے حوالہ سے اطلاع دی ہے کہ 135 اہلکاروں نے جو کشتیوں،سیلاب سے متعلق امدادی سامان اور گاڑیوں سےلیس تھے نے امدادی اور بچاؤ کے کاموں میں حصہ لیا۔

اے این آئی نے چنئی کے محکمہ پولیس کے حوالے سےاطلاع دی ہے کہ چنئی میں مائچانگ طوفان کی وجہ سے ہونے والی شدیدترین بارش کے دؤران الگ الگ واقعات میں پانچ افراد ہلاک ہو گئےہیں اور دیگر زخمی ہوئے ہیں۔شدیدسیلابی پانی جمع ہونے کی وجہ سے چنئی میں سب ویز کو بند کر دیا گیا ہے۔

مائچانگ سمندری طوفان کے آندھرا پردیش اورتلنگانہ پر بھی اثرات پڑنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔آندھرا پردیش کے کئی اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔مائچانگ طوفان کی شدت کو دیکھتے ہوئے منگی پوڑی ساحل پر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔میڈیا اطلاعات کے مطابق عوام کا کہنا ہے کہ یہاں سمندر کا ساحل 100 میٹر آگے آگیا ہے۔جس کے بعد ساحل سمندر پر عوام اور مچھیروں کو آنے سےروک دیا گیا ہے۔جہاں سمندر کی لہریں انتہائی بلند اٹھ رہی ہیں۔

مائچانگ طوفان کی شدت اور اس سےہونےوالی شدید ترین بارش کو دیکھتےہوئے ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے 151 ٹرینوں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔مائچانگ سمندری طوفان کےباعث مشرقی سمت سے تلنگانہ کی جانب تیز ہوائیں بڑھ رہی ہیں۔جس کے باعث محکمہ موسمیات نے تلنگانہ کےلیے ایلو اور آرینج الرٹ جاری کردیا ہے۔اس طرح دونوں ریاستوں پر طوفان کے اثرات کو دیکھنے کےبعدساؤتھ سنٹرل ریلوے نے آندھرا پردیش اور تلنگانہ سے گزرنے والی 151 ٹرینوں کی منسوخی یا ان کا رخ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب مائچانگ سمندی طوفان کی شدت کو دیکھتےہوئے محکمہ موسمیات حیدرآباد نے آج پیر اور کل منگل 5 ڈسمبر کوتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے آج صبح تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد،بھدرادری کوتہ گوڑم،سوریہ پیٹ، نلگنڈہ،ملگ،جئے شنکربھوپال پلی، ورنگل،محبوب آباد،جنگاؤں،ہنمکنڈہ،یادادری بھونگیر،رنگاریڈی،میڑچل ملکاجگیری،وقارآباد اورسنگاریڈی میں شدید بارش کی پیش قیاسی کی تھی۔

جبکہ کل 5 ڈسمبر کے لیے محکمہ موسمیات نے اضلاع ملگ،جئے شنکر بھوپال پلی،کھمم،بھدرادری کوتہ گوڑم،نلگنڈہ،محبوب آباد،ورنگل،ہنمکنڈہ اورسوریہ پیٹ کے لیے آرینج الرٹ جاری کرتے ہوئے طوفانی ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے عوام اور کسانوں کی چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔

” یہ بھی پڑھیں ”

تلنگانہ میں کانگریس کو قطعی اکثریت حاصل، 64 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت، بی آر ایس 39، مجلس 7 اور بی جے پی 8 پر کامیاب

تلنگانہ کے ڈی جی پی انجنی کمار معطل : الیکشن کمیشن کا حکم

Chennaifloods#

Michaungcyclone#

Tamilnadu#
chennai#
Andhrapradesh#
Telanganaa#