مجلس اتحاد المسلمین کی طرح تعلیم کے میدان میں کسی اور سیاسی جماعت نے کام نہیں کیا : تانڈور میں صدر مجلس و رکن پارلیمان بیرسٹر اسد الدین اویسی کا خطاب

مجلس اتحاد المسلمین کی طرح تعلیم کے میدان میں کسی اور سیاسی جماعت نے کام نہیں کیا
قوم کے بچے دسویں جماعت کے بعد تعلیم کا سلسلہ ترک نہ کریں، اعلیٰ تعلیم کو ترجیح دیں
تانڈور میں دسویں جماعت کے طلبہ میں سالار ملت آل ان ون گائیڈ کی تقسیم
تقریب سے صدر مجلس و رکن پارلیمان بیرسٹر اسد الدین اویسی کا خطاب

وقارآباد/تانڈور: 21۔جنوری
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

بیرسٹر اسد الدین اویسی، صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمان حیدرآباد نے قوم کے طلباء و طالبات کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دسویں جماعت کے بعدتعلیم کو ترک نہ کریں بلکہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہوئے حاکم بنیں محکوم نہیں،انہوں نے طالبات کے والدین کو بھی مشورہ دیا کہ وہ دسویں جماعت کے بعد بچیوں کی شادیوں کے نام پر ان کی تعلیم ترک نہ کر وائیں بلکہ ان کی اعلیٰ تعلیم کی جانب بھی دھیان دیں۔

صدر مجلس بیرسٹر اویسی نے کہا کہ کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے تعلیم کے میدان میں جو کام کیے ہیں وہ ملک کی کسی بھی سیاسی جماعت نے نہیں کیے۔وہ کل ہفتہ 20 جنوری کو وقارآباد ضلع کے تانڈور کے صمد فنکشن پیالیس میں صدر مجلس اتحادالمسلمین تانڈور عبدالہادی شہری کی صدارت میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس تقریب میں صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹر اویسی نے تانڈور میں موجودگورنمنٹ گرلز ہائی اسکول، گورنمنٹ نمبر۔1 ہائی اسکول، گورنمنٹ نمبر۔2 ہائی اسکول، گورنمنٹ جونیئر کالج (ہائی اسکول سیکشن) اور گورنمنٹ ہائی اسکول اندرا نگر کے دسویں جماعت (اردو میڈیم)میں زیر تعلیم 240 سے زائد طلباء و طالبات میں کل ہندمجلس اتحاد المسلمین کی جانب سے ہر سال شائع اور مفت تقسیم کی جانے والی سالار ملت آل ان ون گائیڈ تقسیم کیں۔اس تقریب میں رکن اسمبلی کاروان جناب کوثر محی الدین بھی شریک تھے۔

بیرسٹر اسد الدین اویسی نے اس تقریب سے اپنے خطاب میں کہاکہ حضرت علی ؓ نے فرمایاکہ مال تقسیم کرنےسے گھٹتا ہے اور تعلیم بانٹنے سے اس میں اضافہ ہوتا ہے،جبکہ مال کی حفاظت خود کرنی پڑتی ہے اور علم خود ہماری حفاظت کرتا ہے۔انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دولت آپ کو محکوم اور تعلیم حاکم بناتی ہے۔انہوں نے اپنے خطاب میں طلبہ سے کہاکہ آپ کو حاکم بننا ہے، لیڈر بننا ہے اور قوم کے بہتر مستقبل کے فیصلے آپ کریں گے۔

رکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹر اویسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ذریعہ تعلیم کسی بھی زبان سے ہو تعلیم لازمی طور پر حاصل کریں اور اردو میڈیم کے طلبہ ہرگز احساس کمتری کا شکار نہ ہوں اپنی محنت اورجستجو کےساتھ تعلیم حاصل کریں کیونکہ اردو میڈیم کے طلبہ ڈاکٹر اور انجینئر بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دسویں جماعت تعلیم کی تکمیل کسی بھی طالب علم کے لیے اصل بنیاد ہے اور ہر طالب علم کی زندگی کا اہم موڑ یہیں سے شروع ہوتا ہے،اس کے بعد اعلیٰ تعلیم کے دروازے خود بخود کھلتے جاتے ہیں۔انہوں نےطلبہ سے استفسار کیاکہ جب صرف 3 فیصد مسلم طلبہ ہی گرائجویٹ بن رہے ہیں تو قوم کس طرح ترقی کرے گی۔؟ساتھ ہی بیرسٹر اویسی نے طلبہ سے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا کی پہلی یونیورسٹی مراقش کی ایک مسلم خاتون نے ان کے والد کی جانب سے دئیے جانے والے پیسوں سے قائم کی تھی۔ انہوں نے استفسار کیا کہ دنیا کو ہم نے یونیورسٹی دی اور ہم خود یونیورسٹیز  سے دور رہیں گے تو ترقی کیسے کریں گے۔؟

انہوں نے کہا کہ یقینا حکومتیں ہمارے ساتھ نانصافیاں کررہی ہیں ،ہمارے تعلیم حاصل کرنے کی راہوں میں رکاوٹیں پیدا کی کوشش کی جارہی ہے۔اس کے باؤجود ہمیں محنت اور جستجو کرتے ہوئے تعلیم حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ جب تک آپ تعلیمیافتہ نہیں ہونگے اپنے حقوق کیسے جانیں گے۔؟ اور کیسے ناانصافیوں کا مقابلہ کریں گے۔؟

بیرسٹر اویسی نے کہاکہ سالار ملت نے میڈیکل کالج قائم کیا تھا اور ان کا خواب قوم کو تعلیمیافتہ بنانا تھا بعد ازاں مجلس کی جانب سے میڈیکل کالج،انجینئر نگ کالج،ایم بی اے،ایم سی اے، بی۔فارمیسی، اسکول آف آرٹیکلچر، ہاسپٹل مینجمنٹ اور دیگر کالجس قائم کیےگئے۔

اس تقریب سے صدرمجلس اتحادالمسلمین تانڈور عبدالہادی شہری نےبھی خطاب کیا۔اس تقریب میں مجلس کےمقامی ارکان بلدیہ پی اے بومبینا، آفرین جویریہ کے علاوہ قاضی مفتی حسین صاحب،قاضی و خطیب رحمت علی صاحب،صدر مجلس کوڑنگل ایس بی گلشن کے بشمول مقامی مجلسی قائدین و کارکنان بی آر محمد یونس،نبی صابر،عبدالملک،محمد اظہر الدین،انور خان،وسیم اکرم،محمد فاروق،محمد شوکت شریف،محمد معین،محمد ایاز،معز خان،محمد معز، نوید خان،شیخ نوید،محمد مجو،چاند پاشاہ،محمد محمود، بابا خان کےعلاوہ مسلم قائدین و ذمہ داران سید صابر لالہ،غلام مصطفی پٹیل، نعیم خان،عمران خان اور دیگر شریک تھے۔

” یہ بھی پڑھیں ”

شمالی ورجینیاکے ہائی وے پر چھوٹے طیارہ کی ہنگامی لینڈنگ، طیارہ میں سوار پانچ مسافر اور عملہ کے دو ارکان محفوظ

 

حیدرآباد ایئر پورٹ پر سنگا پور سے آنے والے مسافر کے قبضہ سے 41 کروڑ 44 لاکھ روپئے مالیتی زائد از 6 کلو ہیروئن ضبط