وقارآباد ضلع: طلبہ کونقل نویسی کی غرض سے ہی پرچہ سوالات لیک کیا گیا تھا، تانڈور میں دونوں ٹیچرز گرفتار، خدمات سے معطل

طلبہ کو نقل نویسی کی غرض سے ہی پرچہ سوالا ت افشاء کیا گیا تھا
تانڈور میں دونوں ٹیچرز گرفتار، عدالتی تحویل میں روانہ، زیراکس سنٹر مالک فرار
دونوں ٹیچرز خدمات سے معطل، محکمہ تعلیمات تلنگانہ کا اعلان

وقارآباد/تانڈور: 04/اپریل
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ خصوصی)

ریاست تلنگانہ میں کل بروز 3 اپریل سے دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے آغاز کے ساتھ ہی وقارآباد ضلع کے تانڈور کے شاہی پور علاقہ میں موجود گورنمنٹ نمبر ون ہائی اسکول میں قائم امتحانی مرکز سے تلگو کے سوالات کا پرچہ امتحان کے آغاز کےصرف سات منٹ بعدہی واٹس ایپ پر وائرل ہوگیا تھا۔اس واقعہ نے ریاست اور ضلع وقارآباد میں سنسنی پیدا کردی تھی۔

آج شام دیرگئےریاستی محکمہ تعلیمات نےپرچہ سوالات کے افشاء میں ملوث دو ٹیچروں بندایا اور سماپا کومستقل طور پر خدمات سے برطرف کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کل پولیس کی تحقیقات میں انکشاف ہوا تھا کہ اس امتحانی مرکز سے اسی اسکول کے ٹیچر سامبوربندایانے 30-9 بجے صبح امتحان کے آغاز کے فوری بعد 37-9 بجے صبح اپنے موبائل فون سے تلگو کے اس پرچہ سوال کی تصاویر لے کر واٹس ایپ میں پوسٹ کردیا تھا۔جہاں سے یہ پرچہ سوالات وائرل ہوگیا۔اس اطلاع کے فوری بعد تحصیلدار تانڈور چنا اپلا نائیڈو،ایم ای او وینکٹیا گوڑ،سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(اربن) راجندرریڈی اور تحقیقاتی عہدیدار فوری نمبر ون اسکول پہنچ گئے تھے۔

اس معاملہ میں پولیس اورعہدیداروں نے بندایا ٹیچر سے اسکول میں ہی تین گھنٹوں تک تفتیش کی تھی،بعدازاں موبائل فون ضبط کرتےہوئے اپنی تحویل میں لے کر بندایا ٹیچر کو پولیس اسٹیشن منتقل کیا تھا۔

بعدازاں کل شام ہی ضلع کلکٹر وقار آباد نارائن ریڈی نے دفتر کلکٹر یٹ وقارآباد میں ایڈیشنل کلکٹر راہل شرما، اے ایس پی پی وی مرلی دھر اور ڈی ای او رینوکا دیوی کےساتھ پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہاتھا کہ تانڈور کے گورنمنٹ نمبر ون اسکول میں دسویں کے امتحانات کے دوران خدمات انجام دینے والے ٹیچر بندایاکے فون سے تلگو کا امتحانی پرچہ افشاء کیا گیا۔جنہوں نے دو غیرحاضر طلبہ کے پرچہ سوالات لے کر امتحان شروع ہونے کے بعد واٹس ایپ پر پوسٹ کر دیا۔

کل ضلع کلکٹر نے کہا تھاکہ ابتدائی تحقیقات کے بعد اس ٹیچر جیسے مقدس پیشہ کے علاوہ سرکاری محکمہ جات کے عہدیداروں کا سر شرم سے نیچے اور انہیں بدنام کرنے میں ملوث چار اساتذہ بندایا،سماپا، گوپال اورشیواکمار کو خدمات سےمعطل کردیا گیا ہے۔اور ٹیچر سرینواس کو انوجلیشن ڈیوٹی سے ہٹاتے ہوئےتحقیقات کی جا رہی ہیں۔ضلع کلکٹر نےکہا تھا کہ ٹیچر بندایا اور سماپا پر کریمنل کیس درج کیا گیا ہے۔

اس سلسلہ میں آج سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (اربن) راجندر ریڈی نے میڈیا کو بتایاہے کہ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ نقل نویسی کے ذریعہ طلبہ کو کامیاب کروانے کی غرض سے ہی کل تلگو کا پرچہ سوال افشا کیا گیا تھا۔

اس واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے سرکل انسپکٹر پولیس راجندر ریڈی نے بتایاکہ اس امتحانی مرکز میں خدمات انجام دینےوالے ایس۔بندایا ٹیچر نے اپنے موبائل فون کے کیمرے سے پرچہ سوال کے چار صفحات کی تصاویر لے کر موضع چینگول کے زیڈ پی ٹی سی اسکول میں خدمات انجام دینے والے اپنے ایک ساتھی ٹیچر سماپا کو واٹس ایپ کے ذریعہ روانہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے اور یہ دونوں دوست ہیں۔

سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(اربن) راجندر ریڈی نے بتایا کہ چونکہ ٹیچر سماپا کو امتحانی ڈیوٹی نہیں دی گئی تھی تو اس نے اور بندایا ٹیچر دونوں نے اپنی پہچان والے طلبہ کو یہ پرچہ سوالات فراہم کرتے ہوئے نقل نویسی کی غرض سے پرچہ سوال حاصل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ اس طرح امتحانی ڈیوٹی پرموجود بندایا ٹیچرنے امتحانی مرکز کےکلاس نمبر۔5 میں غیر حاضر دو طلبہ کے پرچہ سوالات کی تصاویر لےکر سماپا ٹیچر کو روانہ کردیں ۔اسی جلد بازی میں یہ پرچہ سوالات ایک واٹس ایپ گروپ میں بھی پوسٹ ہوگیا تھا اور یہ پرچہ سوال واٹس ایپ پر وائرل ہوگیا۔

پرچہ سوالات موصول ہوتے ہی سماپا ٹیچر نے وی جی ایس گائیڈ سے سارے سوالات کے جوابات پرمشتمل صفحات پھاڑ لیے اور ودیا بک سنٹر و زیراکس سنٹر پہنچ کر اس کے مالک شیوا کے پاس ان جوابات کی چٹھیوں کےکئی زیراکس بنالیے۔جونہی یہ اطلاع عام ہوئی کہ نمبرون اسکول سے پرچہ سوالات کا افشاء ہوا ہے تو سماپا وہاں سے فرار ہوگیا۔

سرکل انسپکٹر پولیس نے بتایا کہ ایم ای او تانڈور کی جانب سے پرچہ سوالات کے افشاء کی شکایت پر بندایا اور سماپا ٹیچر کے خلاف ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے پولیس نے دونوں کو گرفتار کرتے ہوئے آج تانڈور کی عدالت میں پیش کیاجہاں سے انہیں عدالتی تحویل میں روانہ کر دیا گیا۔وہیں زیراکس سنٹر کا مالک شیوا مفرور ہے جسے جلد ہی گرفتار کیا جائے گا۔

ان دونوں ٹیچرس کو عدالت میں پیش کرنے سے قبل پولیس نے یہاں کے گورنمنٹ ضلع ہسپتال میں دونوں کا طبی معائنہ کروایا۔اس موقع پر بندایا ٹیچر نے میڈیا کے مختلف سوالات کا کوئی جواب نہیں دیا۔

تانڈور پولیس اس زاویہ سے بھی تحقیقات میں مصروف ہےکہ ان دونوں ٹیچرز نے مالی فائدہ حاصل کرنے کے لیے پرچہ سوالات لیک کیا تھا یا صرف اپنے جان پہچان والوں کے بچوں کو فائدہ پہنچانے کی غرض سے کیا تھا۔؟

 

” اس معاملہ کی مکمل اور مستند تفصیلات سحر نیوز ڈاٹ کام کی ان دونوں لنکس کو کلک کرکے پڑھا جاسکتا ہے۔”

وقارآباد ضلع کے تانڈور میں دسویں جماعت کے پرچہ سوال کا افشاء ، ٹیچر بندیا گرفتار، موبائل فون ضبط، عہدیدار مصروف تحقیقات

 

وقارآباد ضلع: تانڈور میں دسویں جماعت کے تلگو پرچہ سوال کا افشاء، چار سرکاری ٹیچرس معطل، دو کے خلاف کریمنل کیس : ضلع کلکٹر