قرآن مجید قیامت تک آنے والے انسانوں کے لیے رہنمائے ہدایت کاعظیم الشان نسخہ کیمیاء
نارائن پیٹ میں جلسہ یوم القرآن کا انعقاد، مولانا مفتی ڈاکٹر صابر پاشاہ قادری
ڈاکٹر محمد قطب الدین امریکہ،مولانا سید احمدحسینی اشرفی جلالی و دیگر کا آن لائن خطاب
نارائن پیٹ : 04 / اپریل
(پریس نوٹ/سحر نیوز ڈاٹ کام)
نارائن پیٹ ضلع مستقر کے محلہ لعل مسجد میں سماعت قرآن برائے خواتین کی تکمیل کے موقع پر آن لائن جلسہ یوم القرآن کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔جس کا آغاز مولانا حافظ محمد سفیان تاج فاضل جامعہ نظامیہ کی قرآت کلام پاک سے ہوا جبکہ نعت شریف حافظ محمد تقی مصطفی قادری، جانشین سجادہ بارگاہ تقی بابا ؒنے پڑھی۔
اس جلسہ میں بحیثیت مہمان خصوصی مولانا ڈاکٹر حافظ صابر پاشاہ قادری خطیب وامام مسجد حج ہاؤز تلنگانہ،ڈاکٹر محمد قطب الدین امریکہ،مولانا سید احمدحسینی اشرفی جلالی، جانشین سجادہ بارگاہ قتالیہ کولم پلی نے آن لائن پروگرام کے ذریعہ شرکت کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمد قطب الدین ماہر نفسیات شکاگو امریکہ نے جلسہ یوم القرآن و تکمیل سماعت قرآن کے ذریعہ دنیا کے مسلمانوں کو یہ پیغام دیاکہ اگر وہ دنیا میں عزت مقام مرتبہ اور سرخرو ہونا چاہتے ہیں تو انہیں قرآن مجید کاپابندی سے روزآنہ ترجمہ و تفسیر سے مطالعہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ قرآن مجید قیامت تک آنے والے انسانوں کے لیے رہنمائے ہدایت اور فلاح و بہبود کا عظیم الشان نسخہ کیمیاء ہے۔
ڈاکٹر محمد قطب الدین ماہر نفسیات شکاگو امریکہ نے کہاکہ جب جب مسلمان قرآن پر عمل پیرا ہوئے تو انہیں غلبہ حاصل رہا اور دنیا میں بڑی آن، بان اور شان کے ساتھ رہے۔اور جب کبھی انہوں نے قرآن کریم کو پس پشت ڈال دیا،اس کی تعلیمات و احکامات سے انحراف کیا تو ذلت و خواری ان کا مقدر بن گئی۔
ڈاکٹر محمد قطب الدین نے کہا کہ اس وقت مسلمانان عالم کے خاص طور مسلم نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے میرا یہی پیغام ہے کہ وہ قرآن کریم کی تعلیمات اور آقائے نامدار،سرورِ کائنات حضرت محمدمصطفیٰ ﷺ کے طریقے پر عمل کریں اور پھر دیکھیں کہ کس طرح دنیا ان کی قدموں میں ہوگی۔انہوں نے خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین دین کی اصل جڑیں ہیں۔اگر ایک خاتون دیندار رہیں گی تو وہ اپنے گھر کو سرسبز و شاداب اور اسلامی نمونہ حیات بنا سکتی ہیں۔ماں کی تعلیم ہی سب سے بڑی یونیورسٹی ہے۔
مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری،خطیب و امام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز نامپلی حیدرآبادنے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہِ رمضان المبارک ایک خاص رحمتوں اور برکتوں کے نزول کا مہینہ ہے جو ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اس ماہ میں کثیر وقت اس کتاب (قرآن کریم) کے ساتھ گزاریں جس میں دِلوں کی شفاء ہے۔قرآن مجید پڑھنا اورسمجھنا کسی دن کامحتاج نہیں ہر روزہی یہ اپنے قاری کیلئے ہدایت کا ذریعہ بنتا ہے۔لیکن رمضان المبارک میں تلاوت قرآن کی ایک منفرد اہمیت ہے۔
مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے کہا کہ رمضان المبارک کے یہ ایام ہمیں اپنے نظام الاوقات کو ترتیب دینے، حقوق اللہ اور حقوق العباد کا باقاعدگی سے اہتمام کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔نیز ہمیں اس امر کی جانب متوجہ کرتےہیں کہ ہم محض لہو و لعب میں زندگی کے ان قیمتی ایام کوضائع نہ کریں بلکہ ان اوقات کی اہمیت کا احساس کرتے ہوئے ان سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کریں۔
مولاناسید احمدحسینی اشرفی جلالی جانشین سجادہ بارگاہ قتالیہ کولم پلی نے بھی جلسہ یوم القرآن سےخطاب کیا اور ماہ صیام میں قرآن کی برکت اور عظمت پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر تکمیل سماعت قرآن کے حوالے سےحافظ محمدتقی کو تہنیت پیش کی گئی۔مولانا سید احمد حسینی اشرفی جلالی جانشین سجادہ بارگاہ قتالیہ کولم پلی کی دعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔