ٹرین میں ایک مسافر کی ٹی ٹی ای کے ہاتھوں بے تحاشہ مار پیٹ
مسافر کے ساتھ اہانت آمیز فحش کلامی اور جانوروں جیسا سلوک
سوشل میڈیا پر ویڈیو کی سونامی، سوشل میڈیا پر شدید تنقید، کارروائی کا مطالبہ
نئی دہلی : 18۔جنوری
(سحر نیوز/سوشل میڈیا ڈیسک)
ان دنوں زیادہ تر مقامات پر دیکھا جارہا ہے کہ ہر دوسرا تیسرا سرکاری عہدیدار عوام اور صارفین کو اپنا غلام سمجھنے لگا ہے! جبکہ یہ خود عوام کے ملازم کہےجاتے ہیں۔کل ہی مدھیہ پردیش کا ایک ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہواتھا جس میں دیکھا گیا کہ مجمع میں ایک خاتون آئی اے ایس آفیسر انتہائی جھلاہٹ کے ساتھ چلاتے ہوئے ایک کسان پر خوب برس رہی ہیں۔جب اس واقعہ کا ویڈیو وائرل ہوا تو چیف منسٹر مدھیہ پردیش موہن یادو نے اس خاتون ضلع کلکٹر کو خدمات سے ہٹاتے ہوئے دفتر میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی۔
اس سے قبل مرکزی حکومت کی جانب سےمتعارف کردہ سخت ٹریفک قوانین پر ملک بھر میں ڈرائیورز اور گاڑیوں کے مالکین نے احتجاج کیاتھا۔ اس وقت اتر پردیش میں احتجاجی ڈرائیوز اور مالکین سے بات چیت کےدوران بھی ایک ضلع کلکٹر نے اجلاس میں ایک ڈرائیور سے پوچھا تھا کہ تمہاری اوقات کیا ہے۔؟
جب اس واقعہ کا ویڈیو بھی وائرل ہوا تھا توضلع کلکٹر نے بیان جاری کرتےہوئے معافی مانگی تھی تاہم ریاستی حکومت نے اس ضلع کلکٹر کے خلاف کارروائی کی تھی۔ان دو واقعات سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ جب چند آئی اے ایس آفیسرز کا یہ برتاؤ ہے تو پھر دیگر محکمہ جات کے سرکاری ملازمین کا عوام کے ساتھ کیسا رویہ اور برتاؤ کیا جاتا ہوگا؟
آج سوشل میڈیا پر ایک چلتی ہوئی ٹرین کے انتہائی قابل مذمت ویڈیو کی سونامی آئی ہوئی ہے۔جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹرین کی سیٹ پر بیٹھے ہوئے ایک نوجوان مسافر کو اس ٹرین کا ٹی ٹی ای TTE# تابڑ توڑ تھپڑ مار رہا ہے اور ساتھ ہی اس کا گلا بھی دبا رہا ہے اور اس مسافر کے گلے میں سردی سے بچنے کے لیے موجود کپڑے کو پکڑ کر جانور کی طرح کھینچ رہا ہے۔
جبکہ مسافر ضبط کےساتھ ٹی ٹی ای سے پوچھ بھی رہا ہے کہ سر میری کوئی غلطی ہے؟ کیوں مار رہے ہیں؟ کیا میرے پاس ٹرین کی ٹکٹ نہیں ہے۔؟ ٹی ٹی ای کے ذہنی دیوالیہ پن اور اس کی قابلیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہےکہ نوجوان مسافر کوتھپڑ مارتےہوئےگالیاں بھی بک رہا ہے اور اس کا گلا پکڑ کر کھینچ بھی رہاہے۔بعدازاں اس واقعہ کی ویڈیو لینے والے پر یہ ٹی ٹی ای ٹوٹ پڑتا ہے۔سوشل میڈیا پر بتایا جا رہا ہے کہ یہ ویڈیو خود اس متاثرہ مسافر نوجوان کی ماں اور بہن نے لیا ہے جن کے ساتھ بعد میں یہ ٹی ٹی ای گالی گلوچ کرتا ہے۔!!
اس وائرل شدہ ویڈیو کی ٹرینڈنگ کےساتھ باقاعدہ وزیر ریلوے اشونی ویشنو کو ایکس ” X "(سابقہ ٹوئٹر ) پر ٹیگ کرتے ہوئے سوال کیےجا رہے ہیں کہ ٹرینوں کا کرایہ بڑھا دیا گیا ہے، ٹرینوں کی قلت کے باعث مسافر جانوروں کی طرح ٹھونسے جارہے ہیں،ٹرینوں میں تل دھرنے جگہ نہیں ہوتی اور مسافر بھیڑ بکریوں کی طرح سفر کرنے پرمجبور ہیں۔ٹرینیں گھنٹوں کی تاخیر سےچلائی جارہی ہیں ایسےمیں اس ٹی ٹی ای کا یہ ظالمانہ اقدام قابل مذمت ہے اور فوری اس ٹی ٹی ای کو خدمات سے برطرف کیا جائے۔
سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کی ٹرینڈنگ اور شدید احتجاج کے بعد وزیر ریلوے اشونی ویشنؤ نے کہا ہے کہ اس ٹی ٹی ای کو خدمات سے معطل کر دیا گیا ہے۔اور اس واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔اطلاعات کے مطابق اس ٹی ٹی ای کا نام نیرج ہے۔!!
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ براؤنی ۔لکھنؤ ایکسپریس ٹرین نمبر 15203 میں سفر کے دؤران پیش آیا ہے۔سوشل میڈیا پر لکھاجارہا ہےکہ اگر اس نوجوان مسافر کے پاس لامحالہ ٹکٹ نہیں تھا تو ٹی ٹی ای کی ذمہ داری تھی کہ جرمانہ کے ساتھ ٹکٹ کی رقم وصول کرتا نہ کہ اس طرح کا غیر انسانی اور ظالمانہ برتاؤ کرتا۔اس واقعہ کی اصل وجہ مسافر کے پاس ٹکٹ نہ ہونا بتائی جارہی ہے لیکن اس ویڈیو میں مسافر ٹی ٹی ای سے پوچھ رہا ہے کہ کیا ہمارے پاس ٹکٹ نہیں ہے۔؟ اس واقعہ کی مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
” یہ بھی پڑھیں "
منور رانا کا انتقال اردو دنیا کا عظیم نقصان، ماں پر شاعری اور مہاجر نامہ سے منفرد پہچان

