جموں و کشمیر کی سیاحت کے لیے گزشتہ سال 2 کروڑ سیاح پہنچے، ملک کی آزادی کے بعد ایک ریکارڈ
تلنگانہ میں بھی سیاحت کو فروغ کے اقدامات جاری، اننت گیری ہلز کے لیے 100 کروڑ روپئے جاری
مرکزی وزیر سیاحت کشن ریڈی کا دؤرہ، کوٹ پلی پراجکٹ میں کشتی رانی کا لطف لیا
حیدرآباد/وقارآباد : 16۔جنوری
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ خصوصی)
جی۔کشن ریڈی مرکزی وزیر سیاحت و ثقابت نے انکشاف کیاہےکہ ملک کی آزادی کےبعد پہلی مرتبہ گزشتہ سال 2023ء میں 2 کروڑ سیاح جموں و کشمیر کی سیاحت کی غرض سے پہنچے تھے جو کہ ایک تاریخی ریکارڈ ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح بنارس کے علاوہ ملک کے دیگر مقامات پر بھی سیاحت کو فروغ حاصل ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت مقامی سیاحتی مقامات کو ترقی دیتے ہوئے ان علاقوں تک ٹرین، بس اور دیگر آمدورفت کے ذرائع فراہم کرنے میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ مختلف سیاحتی اور مذہبی مقامات کو 15 ہزار کروڑ کے صرفہ سے ترقی دی جا رہی ہے۔
جی۔کشن ریڈی نے کل وقارآبادضلع کے سیاحتی مقامات اننت گیری ہلز اور کوٹ پلی پراجکٹ کا دؤرہ کیا اورحلقہ اسمبلی تانڈور کےپدیمول منڈل میں منعقدہ ایک سرکاری تقریب میں شرکت کی۔وزیرصحت جی۔کشن ریڈی نے اننت گیری ہلز کا دؤرہ کرتے ہوئے وہاں موجود اننتا پدما نابھامندر میں پوجا کی اور اننت گیری ہلز کا نظارہ کیا۔
بعدازاں مرکزی وزیر سیاحت جی۔کشن ریڈی نے کوٹ پلی پراجکٹ کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کشتی رانی کا لطف لیا۔ سابق رکن پارلیمان حلقہ چیوڑلہ و چیئرمین جسٹس کونڈا مادھو ریڈی فاؤنڈیشن کونڈا وشویشور ریڈی کے ساتھ میڈیا نمائندوں سےبات کرتےہوئے مرکزی وزیر سیاحت و صدر تلنگانہ بی جے پی جی۔کشن ریڈی نے کہا کہ دو سال کے دوران 170 ممالک کو ای۔ویزا E-Visa# کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔جس سے ان ممالک کے سیاح ملک کے مختلف مقامات کی سیاحت کی غرض سے بڑی تعداد میں رجوع ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں بھارت گورو اورمختلف ناموں کے سرکٹ کے ذریعہ ٹرینوں کو چلایا جارہا ہے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ سیاحت کو فروغ دینے کی غرض سے خانگی کمپنیوں کی سرمایہ کاری ضروری ہے.انہوں نے کہا کہ آرکیا لوجیکل سروے آف انڈیا کےتحت ہی ملک میں تاج محل، چارمینار، گولکنڈہ،اجنتہ ایلورہ جیسے 3,600 سیاحتی اور تاریخی مقامات ہیں ۔انہوں نے کہا کہ غیر ممالک میں خانگی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کے ذریعہ ہی شعبہ سیاحت کو ترقی دی جاتی ہے۔
مرکزی وزیرجی۔کشن ریڈی نے کہاکہ محبوب نگر میں ایکو ٹورازم کےتحت،متحدہ ضلع ورنگل میں ٹرائبل ٹورازم،رامپا مندر کو ورلڈ ہیریٹیج کی پہچان حاصل کرنے میں، پوچم پلی موضع کو ورلڈ بیسٹ ولیج کی پہچان حاصل کرنے میں،گولکنڈہ قلعہ کو لائٹس اینڈ ساؤنڈمیں اضافہ کرنے کے اقدامات کیے گئے۔
جی۔کشن ریڈی نےکوٹ پلی پراجکٹ پر میڈیا نمائندوں سے بات کرتےہوئے کہاکہ حیدرآبادکے تاریخی آرٹس کالج میں بھی بڑے پیمانےپر لائٹس اینڈ ساؤنڈ کا آئندہ ہفتہ افتتاح کیاجائےگا۔جبکہ ٹینک بینڈ پر 60 کروڑ روپئے کےصرفہ سے لیزر شو میں توسیع کی جا رہی ہے۔بھونگیر پورٹ کو مکمل سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینے کے لیے 100 کروڑ روپئے منظور کیے گئے ہیں جہاں 6 ایکڑ اراضی پر سیاحت کو ترقی دی جارہی ہے،بھونگیر پورٹ پر لفٹ کا نظم کیا جارہا ہے جس سے سیاحوں کو سہولت حاصل ہوگی۔

مرکزی وزیر سیاحت جی۔کشن ریڈی نے کہا کہ خوبصورت جنگلاتی علاقہ اننت گیری ہلز کو ترقی دینے کے لیے 100 کروڑ روپئےمنظور کیے گئے ہیں اور اس کےلیے جلد ٹنڈرس کی تکمیل کرلی جائے گی تاکہ اننت گیری ہلز جیسے پُرفضا سیاحتی مقام کوبشمول حیدرآباد ، تلنگانہ اور دیگر مقامات سے آنے والے سیاحوں کو بہتر سہولتیں حاصل ہوں۔انہوں نے کہاکہ اس سے سیاحت کو مزید فروغ حاصل ہوگا اور اننت گیری ہلز کی سیاحت کو آنے والے آئی ٹی شعبہ کے علاوہ دیگر سیاحؤں کو بھی یہاں ایک دو دن قیام کرتےہوئے تفریح کی سہولت حاصل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ریاستی حکومت نے اراضی بھی حوالے کی ہے۔
سابق رکن پارلیمان چیوڑلہ و بی جے پی قائد کونڈاوشویشور رریڈی کےساتھ کشتی رانی کے بعد مرکزی وزیر سیاحت جی۔کشن ریڈی نے کہاکہ کوٹ پلی پراجکٹ میں جسٹس کونڈا مادھو ریڈی فاؤنڈیشن کی جانب سے بڑے پیمانے پرکشتی رانی کی سہولت فراہم کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ کشتی رانی کا لطف لینے کی غرض بڑی تعداد میں حیدرآباد اور دیگر مختلف مقامات سے سیاح یہاں پہنچ رہے ہیں اور ضرورت ہے کہ ریاستی حکومت اس پراجکٹ کو ترقی دے اس سلسلہ میں وہ ریاستی حکومت سے بات کریں گے۔اس موقع پر سابق رکن اسمبلی چیوڑلہ کے ایس رتنم،صدر بی جے پی وقار آباد ضلع سدانند ریڈی،جنرل سیکریٹری ضلع بی جے پی یو۔رمیش اور دیگر موجود تھے۔
” یہ بھی پڑھیں "
منور رانا کا انتقال اردو دنیا کا عظیم نقصان، ماں پر شاعری اور مہاجر نامہ سے منفرد پہچان

