تلنگانہ پنچایت الیکشن : دؤلت آباد منڈل میں ڈیوٹی پر غیر حاضر 14 پریسائیڈنگ آفیسرمعطل
وقارآباد ضلع کلکٹر و الیکشن آفیسرکے احکام جاری، رائے دہی کل، ضلع ایس پی نے بھی جائزہ لیا
حیدرآباد/ وقارآباد: 10؍ڈسمبر(سحرنیوز ڈاٹ کام)
وقارآبادضلع میں بھی پنچایت انتخابات کی رائے دہی کے لیے اُلٹی گنتی کا آغاز ہوگیا ہے۔کل 11 ڈسمبر کو ضلع میں پہلے مرحلہ کی رائے دہی کےلیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، کل ضلع وقارآباد کے اسمبلی حلقہ جات کوڑنگل اور تانڈور میں پہلے مرحلہ کے پنچایت انتخابات کی رائے دہی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔
ضلع کلکٹر و ضلع الیکشن آفیسر وقارآباد پرتیک جین نے ضلع کے مختلف مقامات پر پہنچ کر آج انتخابی ڈسٹری بیوشن سنٹرس کا مشاہدہ کیا اور عہدیداروں کو مختلف ہدایات دیں۔ ایسے میں وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کے حلقہ اسمبلی کوڑنگل میں موجود دؤلت آباد منڈل میں ضلع کلکٹر و ضلع الیکشن آفیسر پرتیک جین نے انتخابی ڈیوٹی پر غیر حاضر اور خدمات پر تساہلی سے کام لینے والے 14 سرکاری ملازمین جنہیں انتخابات کے لیے پریسائیڈنگ آفیسر مقرر کیا گیا تھا کو فوری طور پرمعطل کر دیا ہے۔
دفتر کلکٹریٹ سے جاری پریس نوٹ کےمطابق معطل کیےجانے والے ان پریسائیڈنگ آفیسرس میں ونگری عقیل، تنویر فاطمہ، راج شیکھر، ناٹیکرو ویرپا، تلاری پدما، کے۔ مونیکا، وجئے لکشمی، کال کونڈی گوپی سائی، پانو گنٹی شاردا، محمد ایوب پاشاہ، شنڈے سرینواس رمیش، اینکیلی بھیمیا، صبیحہ سلطانہ اور اسریٰ جبین شامل ہیں، جن کی معطلی کے احکام ضلع کلکٹر و ضلع الیکشن آفیسر پرتیک جین نے جاری کر دئیے ہیں۔
یاد رہے کہ انتخابی عمل کے اعلان کے بعد سے آج تک ضلع وقارآباد میں ضلع کلکٹر و ضلع الیکشن آفیسر پرتیک جین نے زائداز 18 انتخابی عہدیداروں کو خدمات میں تساہلی اور غیر ذمہ دارانہ خدمات پر معطل کر دیا ہے۔!!
قبل ازیں ضلع کلکٹر و ضلع الیکشن آفیسر پرتیک جین نے آج پدیمول منڈل میں ضلع پریشد ہائی اسکول اور تانڈور کے دفتر ایم پی ڈی او میں قائم ڈسٹری بیوشن سنٹرس کا دورہ کرتے ہوئے الیکشن میٹریل کی تقسیم کا جائزہ لیا ۔بعدازاں حلقہ اسمبلی کوڑنگل کے بھمرس پیٹ کے ایم پی ڈی او دفتر میں قائم ڈسٹری نیوشن سنٹر کا دورہ کرتے ہوئے ضلع کلکٹر و ضلع الیکشن آفیسر پرتیک جین نے انتخابی اشیاء، بیالیٹ پیپرس اور پولنگ باکسیس کو مشاہدہ کیا۔
ان مواقع پر انہوں نے انتخابی عہدیداروں کو سخت ہدایت دی کہ رائے دہی کے دوران وہ انتہائی ذمہ داری اور چوکسی کیساتھ اپنی خدمات انجام دیں اگر کوئی مسئلہ پیش آجائے تو فوری انہیں اطلاع دیں۔
دوسری جانب ایس پی وقارآباد ضلع محترمہ سنیہا مہرہ آئی پی ایس نے بھی آج پدیمول اور بھمرس پیٹ کے ڈسٹری بیوشن سنٹرس کا اچانک دورہ کرتے ہوئے پولیس انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پرضلع ایس پی نے ڈی ایس پی پرگی سرینواس، ڈی ایس پی تانڈور این۔ یادیا اور سرکل انسپکٹر پولیس کوڑنگل شری دھر کیساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انتخابی اشیاء کی منتقلی،کمیونیکیشن پلان اور رائے دہی کے دوران کیے جا رہے پولیس انتظامات کی تفصیلات حاصل کیں۔

ضلع ایس پی محترمہ سنیہا مہرہ آئی پی ایس نے پولیس عہدیداروں کو مختلف ہدایات کیساتھ ساتھ یہ سخت تاکید بھی کی کہ بیالٹ باکسوں کے ڈسٹری بیوشن سنٹر سے پولنگ سنٹرس تک اور پرامن رائے دہی کے انعقاد کے لیے سخت حفاظتی بندوبست کیاجائے انہوں نے اسکارٹ ،روٹ موبائل اور پٹرولنگ پر سخت توجہ دینے کی ہدایت بھی دی۔ساتھ ہی مشتبہ افراد پر سخت نظر رکھی جائے۔

