تلنگانہ شدید سردی کی لپیٹ میں، سردی کی شدت میں مزید اضافہ کا انتباہ ، 32 اضلاع کے لیے ایلو الرٹ جاری

تلنگانہ شدید سردی کی لپیٹ میں، سردی کی شدت میں مزید اضافہ کا انتباہ
32 اضلاع کے لیے ایلو الرٹ جاری، سردی کی شدت سے عوام پریشان،سڑکیں سنسان
اضلاع سنگاریڈی، وقارآباد، رنگاریڈی، عادل آباد، آصف آباد اور نرمل شدید متاثر

حیدرآباد : 12۔ڈسمبر( سحرنیوزڈاٹ کام )

ریاست تلنگانہ اور آندھراپردیش گذشتہ چند دنوں سے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔رات کا درجہ حرارت دن بہ دن گرتا جا رہا ہے۔ایسے میں محکمہ موسمیات نے ریاست تلنگانہ میں مزید تین دنوں تک سردی کی شدت میں مزید کمی کا انتباہ دیتے ہوئے ریاست کے 32 اضلاع کے لیے ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔حیدرآباد اور اس کے مضافاتی علاقوں میں بھی سردی کی لہر عروج پر ہے محکمہ موسمیات نے ان مقامات پر بھی سردی کی شدت میں اضافہ کا انتباہ دیا ہے۔

ریاست تلنگانہ میں جاریہ شدیدسردی کی لہر کے دوران ڈاکٹرس عوام کو صلاح دے رہے ہیں کہ ضعیف افراد، بچوں اور دل اور سانس  سےمتعلق امراض میں مبتلاء افراد سردی سے بچاؤ کا اہتمام کریں،گرم گھریلومقوی غذاؤں اور گرم کپڑوں کا استعمال کریں، ٹھنڈے، باسی کھانوں اورپینے کے لیے ٹھنڈے پانی کا استعمال نہ کریں اور گرم کپڑوں کا استعمال کریں۔

تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی(TSDPS) کی جانب سے کل 11 ڈسمبرسے آج 12 ڈسمبر کی صبح تک درج کیے گئے درجہ حرارت کی تفصیلات کے مطابق ریاست تلنگانہ کے ضلع سنگاریڈی کے کوہیر منڈل میں سب سے کم 5.8 سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔اسی طرح
⬅️ رنگاریڈی ضلع میں 6 ڈگری۔
⬅️ کومرم بھیم ضلع میں 6.5 ڈگری۔
⬅️ وقارآباد ضلع میں 6.8 ڈگری۔
⬅️ میڑچل۔ملکاجگیری ضلع میں 7.1 ڈگری۔
⬅️ نظام آباد ضلع میں 7.3 ڈگری ۔
⬅️ اضلاع کاماریڈی اور عادل آباد میں 7.5 ڈگری۔
⬅️ سدی پیٹ ضلع میں 7.6 ڈگری۔
⬅️ اضلاع میدک اور نرمل میں 7.8 ڈگری۔
⬅️ اضلاع نارائن پیٹ اور راجنا سرسلہ میں 8.4 ڈگری۔
⬅️ پیدا پلی ضلع میں 8.5 ڈگری۔
⬅️ اضلاع جگتیال اور جئے شنکر بھوپال پلی میں 8.6 ڈگری۔
⬅️ اضلاع ملگ اورجنگاؤں میں 8.9 ڈگری۔
⬅️ اضلاع منچریال اور ہنمکنڈہ میں 9 ڈگری ۔
⬅️ ناگر کرنول ضلع میں 9.3 ڈگری ۔
⬅️ محبوب نگر ضلع میں 9.4 ڈگری۔
⬅️ اضلاع یادادری بھونگیر،کریم نگر اور نلگنڈہ میں 9.5 ڈگری۔
⬅️ورنگل ضلع میں 9.6 ڈگری۔
⬅️ بھدرادری کوتہ گوڑم ضلع میں 9.7 ڈگری۔
⬅️ محبوب آباد ضلع میں 9.8 ڈگری۔

⬅️ حیدرآباد ضلع میں 10.1 ڈگری۔
⬅️ اضلاع جوگولا لامبا ، سوریہ پیٹ اور کھمم میں 10.7 ڈگری۔
⬅️ ونپرتی ضلع میں 11 ڈگری سنٹی گریڈ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ضلع وقارآباد کےمختلف مقامات بھی گذشتہ چند دنوں سے شد ید سردی کی لپیٹ میں ہیں، دن بہ دن درجہ حرارت میں کمی واقع ہونے کے باعث عوام بالخصوص بچوں اور ضعیف افرادکا برا حال ہے۔صبح کی اولین ساعتوں سے پھر دن بھر سرد ہواؤں کے جھکڑ کے باعث عوام اپنے مکانات میں محصور ہونے پر مجبور ہیں۔صبح 8 بجے کے بعد ہی سورج نظرآرہا ہے اور11 بجے دن تک بھی شدید سردی کی لہر اور دن بھر سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔

کل 11 ڈسمبرکی صبح سے آج صبح 30-8 بجے تک ریکارڈ شدہ درجہ حرارت میں ضلع کے مومن پیٹ میں سب سے کم 6.8 سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔

👈🏻 جبکہ مرپلی منڈل میں 7 ڈگری۔

👈🏻 بنٹارم منڈل میں 7.2 ڈگری۔

👈🏻 ناگارام میں 7.3 ڈگری۔

👈🏻 دھارورمنڈل میں 7.9 ڈگری۔

👈🏻 نواب پیٹ منڈل میں 8 ڈگری۔

👈🏻 کوٹ پلی منڈل میں 8.2 ڈگری۔

👈🏻 پدیمول منڈل میں 8.3 ڈگری

👈🏻  تانڈور میں 8.9 ڈگری سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیاہے۔جبکہ کل دھارور منڈل میں 7.1 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا۔

بشمول تانڈورضلع وقارآباد کے تمام مقامات پر شدیدسردی کی لہرکے باعث گرم کپڑوں کا استعمال ہو رہا ہے اور لوگ شام 5 بجے کے بعد گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔دکانات اور کاروباری ادارے بھی جلد بند کردئے جارہے ہیں۔سڑکوں پر چہل پہل بھی کم نظر آرہی ہے،دن اور رات کے اؤقات ہوٹلوں پر گاہکوں کا ہجوم دیکھا جارہا ہے۔

شہروں اور مواضعات میں عوام سردی کی شدت سےمحفوظ رہنے کی غرض سے صبح اور شام کے اؤقات آگ تاپنے پر مجبور ہیں۔کئی مقامات پر آگ کے الاؤ کے اطراف خواتین اور بچوں کے ساتھ نوجوانوں کو بھی آگ تاپتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے۔