وقت کی گردشوں کا غم نہ کرو
حوصلے مشکلوں میں پلتے ہیں
نیپال میں منعقدہ شوٹنگ بال مقابلہ میں تانڈور کے محمد معز نے گولڈ میڈل حاصل کیا
سفر کے لیے قرض حاصل کرنے والے نوجوان کا جذبہ قابل ستائش ،حکومت کی توجہ ضروری
حیدرآباد/تانڈور،9۔اپریل (سحرنیوزڈاٹ کام)
نیپال کے کھٹمنڈو میں 7 تا 9 اپریل منعقدہ "انڈو۔نیپال انٹرنیشنل شوٹنگ سیریز۔2026 ــ” میں ہندوستان کی مختلف ریاستوں سے منتخب 12 کھلاڑیوں کی ٹیم جس میں تلنگانہ کے ضلع وقارآباد کے تانڈور ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے محمد معز بھی شامل تھے، کل 8 اپریل کو انڈیا اور نیپال کے درمیان منعقدہ شوٹنگ بال مقابلہ میں انڈیا کی اس ٹیم نے شاندار کامیابی حاصل کی جنہیں ٹرافی کے علاوہ تمام کھلاڑیوں کو گولڈ میڈل حاصل ہوئے ۔
محمد معز تانڈور کے بلدی حلقہ اندرانگر کے ساکن محمد رفیق کے فرزند ہیں جو کہ پیشہ سے لاری ڈرائیور ہیں۔ محمد معز کے والد محمد رفیق اور والدہ زینب بی نے نمائندہ سحرنیوز ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے ان کے فرزند محمد معز کی نیپال میں اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔محمد معز گھر کی معاشی حالت بہتر نہ ہونے کے باوجود مقامی خانگی کالج سے دو سالہ میڈیکل لیاب ٹیکنیشن( ایم ایل ٹی) کی تکمیل کے بعد تانڈور کے ایک خانگی ہسپتال میں لیب ٹیکنیشن کے طور پر ملازمت کر رہے تھے لیکن ٹورنمنٹس میں شرکت کی وجہ سے انہوں نے یہ ملازمت ترک کر دی۔اور پورا وقت اپنے کھیل کو دینے میں لگ گئے۔
محمد معز نلگنڈہ اور شولا پور کے علاوہ ملک کے دیگر مقامات پر شوٹنگ بال مقابلوں میں شرکت کرتے ہوئے 25 سے زائد سلور میڈل حاصل کرچکے ہیں۔
ان کے مقامی کوچ رامو نے بھی نمائندہ سحر نیوز ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا کہ محمد معز نے نیپال میں منعقدہ اس ٹورنمنٹ میں اپنی صلاحیتوں کا بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے انڈیا کی ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ کوچ رامو نے بتایا کہ محمد معز شوٹنگ بال کے بہترین کھلاڑی ہیں اور ان کے کھیل میں مزید پختگی آتی جا رہی ہے اور وہ مستقبل میں انٹرنیشنل سطح کی ٹیم کے لیے بھی منتخب ہوسکتے ہیں تاہم اس کے لیے ان کی مالی مدد ضروری ہے۔
کوچ رامو نے بتایا کہ محمد معز کے والدین کی معاشی حالت ٹھیک نہیں ہے تاہم وہ کسی طرح اپنے فرزند کی حوصلہ افزائی کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ محمد معز کسی سے قرض حاصل کر کے اس ٹورنمنٹ میں حصہ لینے کی غرض سے نیپال روانہ ہوئے ہیں۔
ضرورت شدید ہے کہ اس سلسلہ میں حکومت تلنگانہ محمد معز کی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے ان کی مدد کویقینی بنائے اور ساتھ ہی دردمندان قوم محمد معز کی حوصلہ افزائی اور ان کے افراد خاندان کی مالی مددکے لیے آگے آئیں۔
ساتھ ہی رکن اسمبلی تانڈور بویانی منوہر ریڈی سے بھی نمائند گی کے ذریعہ اس خاندان کو مدد فراہم کی جائے۔ کیونکہ محمد معز کا خاندان بلدی حلقہ 4 اندرا نگر میں 25 سال سے کرایہ کے دو کمروں پرمشتمل مکان میں مقیم ہے۔اس خاندان کو اندرماں مکان کے علاوہ دیگر سرکاری اسکیمات سے مستفید کیا جائے تو محمد معز شوٹنگ بال کے کھیل میں مزید کامیابیوں کے ذریعہ ملک اور قوم کا نام روشن کرسکتے ہیں۔
” یہ بھی پڑھیں "
تانڈور کے محمد معز نیپال میں منعقدہ شوٹنگ بال مقابلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کرینگے




